
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور) پشاور سانحہ میں مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئےپریس کلب لاہور سے اسمبلی ھال تک احتجاجی ریلی نکالے گئی ، ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی نے کی جبکہ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ تحسین شیرازی بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں ۔ریلی میں ضلعی رابطہ سیکرٹری محترمہ عندلیب اور ان کے ساتھ ساتھ مختلف یونٹس سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
سیکرٹری جنرل لاہور محترمہ تقوی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کل بھی لہو لہو تھا پشاور آج بھی لہو لہو کبھی سکول کے معصوم بچوں کو گولیوں سے چھلنی کر دیا جاتا ہے تو کبھی مسجد میں عبادت الہی میں مصروف نمازیوں کو لہو لہان کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا یہ بات تو طے ہے کہ دہشتگردوں کا کوئ مذہب نہیں وہ انسانیت کے سفاک ترین دشمن ہیں لیکن اس بات پر بھی کوئی دو راے نہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض سے غافل ہیں اور ان کی نااہلی ایسے اندوہناک سانحات کا موجب بنتی ہے ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں حکومت کو پیغام دیا کہ ہم ہمیشہ سے پر امن رہ کر اپنی مظلومیت کا احتجاج کرتے رہے ہیں کہ ہم وطن عزیز کے وفادار شہری ہیں اس وطن کی بنیادوں میں ہمارے اجداد کا لہو شامل ہے اگر ہمیں تحفظ فراہم کرنے سے عاجز ہیں تو بتائیں ہمیں یقین ہے کہ ہماری قوم کی مائیں بیٹیاں بھی کھڑی ہو جاۓ تو تمام مسئلے حل ہو جائے گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا ہر دور میں شیعیان حیدر کرارؑ کا ہی کیوں خون بہایا جاتا ہے ہر دور میں ایک ہی فرقہ کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا دشمن باہر نہیں بلکہ ہم سے بہت قریب ہے اور اب تک ہر دور کی حکومت جانتے بوجھتے ان دہشتگردوں سے چشم پوشی کرتی ہے ۔ اور جوظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرتا ہے وہ ظالموں میں شمار ہوتا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ولادت باسعادت امام حسین علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر تمام محبان ابا عبداللہ الحسین ع کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوے کہا کہ امام حسین علیہ سلام کو ماننے کے لئے مسلمان ہونا ضروری نہیں بلکہ انسان ہونا ضروری ہے آپ محسن انسانیت ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ لٹا کر صرف اسلام نہیں بلکہ انسانیت کو بچایا۔
انہوں نے کہا امام حسینؑ کی ذات اور ان کے افکار اور تعلیمات، محبت، امن و سلامتی، وحدت، اتحاد و اتفاق، فکر حریت، جد و جہد، عدل و انصاف، حقوق العباد کی ادائیگی کا درس دیتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ کے افکار و کردار صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ ساری انسانیت کے لئے راہ نجات ہیں، تمام دنیا کیے مظلوم اور آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والوں کے لئے آپ کی ذات ظلم و جبر کے خلاف لڑنے والوں کو قوت و حوصلہ عطا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا امام حسین علیہ سلام کے قیام نے کل انسانیت کو حق شناسی عطا کی اور عزت و عظمت کا راستہ دکھایا آج بھی آپ کے حقیقی پیروکار حق کے راستے پر چلتے ہوے عزت کے ساتھ موت یعنی شہادت کو گلے لگاتے ہیں لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکاتے انہوں نے مزید کہا سالار شہداء کی ولادت کے دن ہم پشاور کے شہداء کے لیے دعا گو ہیں کہ خداوند عالم انہیں جوار امام حسین ع میں جگہ عطا فرماے اور انکے لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آلہی آمین
وحدت نیوز(اسلام آباد) ولادت باسعادت جناب زینب کبریٰ بنت علی سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے امام بارگاہ ابوتراب و شبیہ ضریح امام حسین (ع) فراش ٹاؤن میں جشن معصومین (ع) کا انعقاد کیا گیا۔ ،جس میں سماجی و سیاسی شخصیات اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ جناب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت خواتین کے لیے عملی نمونہ ہے۔ پشاور میں ہمارے شہداء نے سنت شہداء کربلا پر عمل کرتے ہوئے ، اپنے مولا و آقا مظلوم کربلا امام حسین علیہ السلام سے کیا ہوا عہد نبھاتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اب ہماری زمہ داری ہے کہ اب کردار زینبی ادا کرتے ہوئے ان کی قربانی رائیگاں نہ جانے دیں۔
جشن سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ندا بخاری نے کہا زینب بنت علی سلام اللہ علیہا شریکۃ الحسین ہیں کربلا سے اگر جناب زینب کبریٰ کا کردار نکال دیا جائے تو بقائے اسلام کا یہ باب مکمل نہیں ہوتا۔ اپنے خطاب میں معروف عالمہ و خطیبہ آل محمد ع نجمہ جعفری نے کہاکہ یکم شعبان اس سیدہ ہمشیرہِ حسین ع مادرِ عون و محمد آقا زادی غازی عباس ع ملکائے حیاء فاتح شام بی بی کے ظہور پر نور کا مبارک دن ہے کہ جس کے خوف سے یزیدیت قیامت تک لرزتی رہے گی ۔ تقریب سے خطیبہ آل محمد (ع) , محترمہ کائنات زینب، معروف سماجی راہنماء ساجدہ کاظمی نے بھی خطاب کیا اور مومنات کی جانب شریکۃ الحسین علیہ السلام کے حضور قصائد و منقبت کی شکل میں گل ہائے عقیدت بھی بکھیرے گئے۔ آخرمیں مسؤل مرکزی دفتر ایم ڈبلیو ایم محترمہ بینا شاہ اور ضلعی سیکرٹری جنرل اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات کی جانب سے شرکاء جشن کا شکریہ ادا کیا گیا اور شرکاء کو سانحہ پشاور کے سلسلے میں کل ہونے والے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت) مرکزی سیکٹر ٹری یوتھ شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین محترمہ سائرہ ابراہیم نے اپنے جاری بیان میں کہا کے سانحہ پشاور گزشتہ سانحات میں مجروموں کو کھلی چھوٹ دینے کا نتیجہ ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا کب ادراک ہو گا۔گزشتہ چالیس سال میں دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ملت تشیع ہوئی ہے۔دہشت گردوں کے ساتھ لچک آمیز رویہ ملک و قوم کیلئے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ریاستی ادارے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور معصوم لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دفتر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے مسئول حجت الاسلام سید شیدا حسین اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان حجت الاسلام ڈاکٹر مشتاق حکیمی بھی تھے۔
جامعہ روحاینت کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام احسان رضی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جامعہ روحانیت کی علمی تحقیقی و تبلیغی اور فرہنگی فعالیتوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے جامعہ روحانیت کو شجرہ طیبہ سے تعبیر کیا اور ساری تنظیموں کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر علاقے کے علماء کا اتفاق ہونا انتہائی قابل تعریف و لائق تحسین اور دوسروں کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔
ملاقات میں کابینہ کے اراکین اور جامعہ روحانیت کی مجلس کے اسپیکر حجت الاسلام مبشر مقدسی اور نظارت کے دبیر حجت الاسلام عسکری ممتاز بھی موجود تھے۔ آخر جامعہ روحانیت بلتستان کے نائب صدر حجت الاسلام سید حامد علی شاہ رضوی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر تمام محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے الہی حکم کی تعمیل کی جو عملی انداز امام حسین علیہ السلام نے پیش کیا اس کی تاریخ عالم میں مثال نہیں ملتی۔امام عالی مقام نے اپنے گنے چنے ساتھیوں کے ساتھ وقت کے جابر حکمران کو للکار کر یہ ثابت کیا کہ جب اللہ کے حقیقی دین کو خطرہ درپیش ہو تو تب افرادی قوت کی کمی کو جواز بنا کر خاموش نہیں بیٹھا جاتا۔ کربلا وہ طاقت ہے جو دنیا بھر کے حریت پسندوں کو جرات و استقامت عطا کرتی ہے۔حسین علیہ السلام اس ہستی کا نام ہے جس نے اپنی پرنور شخصیت اور عالی فکر سے ایک صحرا کو معلیٰ بنا دیا۔
انہوں نے کہاکہ دور عصر میں عالمی استکباری طاقتوں کے غلبے کی واحد وجہ حسینی فکر سے دوری ہے۔اگر امت مسلمہ امام حسین علیہ السلام کے افکار اور طرز زندگی پر عمل کرے تو باطل قوتوں کا سارا دبدبہ صابن کے جھاگ کی طرح بیٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم امہ ذلت و رسوائی سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی تو اسے آل رسول ﷺ کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے ان کی سیرت پر عمل کرنا ہو گا۔