وحدت نیوز (کراچی) شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر وقار مہدی سے ملاقات کی ۔ وفد میں وارثان شہداء کمیٹی کے اراکین مولانا سکندر علی الحسینی ، انفارمیشن سیکریٹری ، قمر دین شیخ ، سید بشارت علی شاہ اور مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری سیاست برادر علی حسین نقوی موجود تھے۔
اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ۱۹ فروری کو سندہ حکومت سے ۲۲ نکاتی معاہدہ طے پایا مگر چار ماہ کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود آج بھی شہداء کے وارث اور زخمی اپنے مسائل کے سلسلے میں پریشان ہیں ،جبکہ اس طویل عرصے میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے معاہدے پر عمل در آمد کے سلسلے میں قائم کمیٹی کا فقط ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ ملک ریاض صاحب نے شہداء کے لئے دس لاکھ جبکہ سانحے کے زخمیوں کے لئے پانچ لاکھ روپے معاوضے کا وعدہ کیا تھا، مگر یہ رقم ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کو شکارپور میں برگیڈ قائم کرنی چاہئیے۔اور متاثرہ امام بارگاہ کی تعمیر اور مرمت کا کام بھی جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندہ حکومت معاہدے پر فوری عمل در آمد کرے کیونکہ معاہدے پر عمل در آمد میں تاخیر پر عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس لئے امید ہے کہ سندہ حکومت جلد اپنا وعدہ وفا کرے گی۔
اس موقعہ پر سید وقار مہدی نے یقین دلایا کہ سندہ حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی، اور اس سلسلے میں موجود کوتاہیوں کاازالہ کیا جائے گا انہوں نے اہم مسائل نوٹ کئے اور جلد عمل در آمد کا وعدہ کیا۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عالم کربلائی نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ بھر کے بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے میں پوری طرح نا کام ہوچکی ہے۔ بلدیاتی نظام ہی نہیں بلکہ حکومت سندھ دہشت گردی ختم کرنے میں بھی ناکام ہوچکی ہے ۔ کسی بھی ادارے سے اب تک ناکرپشن ختم ہوئی ہے ۔ اور جگہ جگہ گندے پانی کے سیلاب کے سیلاب دیکھنے کو ملتے ہیں۔اور جگہ جگہ بڑے بڑے کچرے کے ڈھیرے بھی نظر آتے ہیں ۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ ان خراب حالات کو دیکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات2015 میں بھر پور حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے ۔اور اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
عالم کربلائی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن 2015کے حوالے سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجلس وحدت مسلمین انشا اللہء صوبہ سندھ میں بڑی کامیابی کے ساتھ سامنے آئے گی۔ اور بلد یاتی انتخابات کے لئے ابھی سے ہوم ورک شروع کیا ہواہے۔ اور امید واروں سے درخواست وصول کی جائے گی،انشاء اللہ بھر پور طور پر الیکشن مہم چلائی جائیگی اور اس میں بھر پور حصہ بھی لینگے تاکہ پریشان حال عوام کے مسائل حل کئیے جاسکیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی و اسلام آباد کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد کے مسول علامہ اصغرعسکری کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عسکری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا اجتماعی سیاسی پلیٹ فارم مکتب تشیع کے لیے نعمت خداوندی ہے۔یہ تنظیم قومی وقار کے تحفظ اور عقیدے کی بقا کے لیے میدان عمل میں کھڑی ہے ۔ تنظیمی معاملات میں ذمہ دارانہ کردار ہم پر عائد ہوتا ہے جسے ادا کرنے میں ہم نے ذرا بھی کوتاہی نہیں برتنی۔اجلاس میں دونوں علاقوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع راولپنڈی کے سرپرست علی اکبر کاظمی نے کہا ہم تنظیمی فعالیت کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کا ر لا رہے ہیں اور تنظیم سازی کے عمل میں وسعت لانے کے لیے تحصیلوں کے دورے جاری ہیں۔اسلام آباد کے سیکریٹری جنرل ظہیرنقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم بلدیاتی الیکشن کے لیے مرکز کے حکم کے منتظر ہیں۔عوامی رابطہ مہم ہم نے شروع کر رکھی ہے ۔علامہ عسکری نے شرکا سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کم از کم سو ایسے افراد کا اتنخاب کریں جو کسی بھی ہنگامی احتجاج کی صورت میں رابطہ کرنے پر فوری پہنچ سکیں۔ تعمیر ملت فنڈ کے حوالے سے علامہ عسکری نے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔ایجنڈے کے آخری اور اہم نکتہ پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی مسؤل نے کہا کہ دو اگست کو شہید حسینی کی برسی کا پروگرام اسلام آباد میں کرنا ہے ۔اس پروگرام کو بھرپور بنانے کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد کی کابینہ نے کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔اس بار ہماری یہ کوشش ہے کہ برسی کے شرکاء کی زیادہ تعداد راولپنڈی اور اسلام آباد سے نکلے۔ اس حوالے سے مولانا علی اکبر کاظمی نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر راولپنڈی میں مربوط اور مثبت انداز میں کام کیا جائے تو برسی کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں افراد یہاں سے نکالے جا سکتے ہیں۔بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے پنجاب کے صوبائی سیکریٹری سیاسیات باقر حسین نے کہا کہ الیکشن کی تیاری کا مرحلہ عین انتخابات کے اعلان پر شروع نہیں ہوتا اس کے لیے سالہا سال محنت کرنی پڑتی ہے۔ ہمیں بلدیاتی الیکشن کی تیاری بہت پہلے سے شروع کر دینی چاہیے تھی تا کہ بہترین نتائج کا حصول ممکن ہوتا۔انہوں نے کہا ضلعی کابینہ میں شامل ہر فرد متعین ذمہ داریوں کو جب تک احسن طریقے سے ادا نہیں کرتا تب تک فعالیت کی کوششوں کو اطمنان بخش نہیں کہا جا سکتا۔ آخر میں علامہ عسکری کی طرف سے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کی جانب سے دو شیعہ نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کے واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلٰی بلوچستان اگر عوام کو تحفط فراہم نہیں کرسکتے تو اقتدار کسی ایسے شخص کے حوالے کر دیں جو کوئٹہ جیسے حساس شہر میں امن و امان کو یقینی بناسکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی تازہ لہر حکومت اور سکیورٹی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دہشت گردی اب حکومت کے لئے کھلے عام چیلنج کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ دہشتگرد خودکش حملوں کی کھلے عام دھمکیاں دینے میں مصروف ہیں جبکہ بلوچستان حکومت ان سے ملاقاتیں کرکے نہ صرف اپنے آپ کو کمزور ثابت کر رہی ہے بلکہ ان مذموم عناصر کے حوصلوں کو بھی تقویت دے رہی ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تین دن میں پانچ شیعہ افراد کی جانیں لے لی گئیں، لیکن اب تک کسی ایک بھی ذمہ دار پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا جبکہ اس کے برعکس صدر مملکت کے بیٹے کے قافلے پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو اگلے ہی روز گرفتار کر لیا گیا۔ ہم یہ امتیازی سلوک قطعاََ برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت مکتب تشیع کے خون کو ارزاں نہ سمجھے۔ ہم محب وطن شہری ہونے کا حق ادا کر رہے ہیں، اس لئے خاموش ہیں۔ ہماری اس خاموشی کو بزدلی کے معنوں میں نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پس پردہ محرکات میں پاک چائنا اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ناکام بنانا بھی شامل ہیں۔ ملک دشمن قوتیں ہمیں مضبوط نہیں دیکھنا چاہتیں۔ مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے دہشت گردی کو جڑوں سے ختم کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں حکومت کو باہمت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(چنیوٹ)مجلس وحدت مسلمین مظلوموں اور شہیدوں کی وارث جماعت ہے جس کا مقصد ظہور امام زمانہ (عج)کے لئے زمینہ فراہم کرنا ہے اور ہماری ملت کے مظلوم شہداء کا خون ظہورامام (عج)کا پیش خیمہ ہے ۔ضلع چنیوٹ میں شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین کے تحت ہونےوالے امام عصر(عج) وعظمت شہدا ءکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کوآرڈینیٹر مجلس وحدت مسلمین خانم زہرا نقوی نے تاکید کرتے ہوئے کہا :" کہ اب ملت کو متحد ہو کرظالموں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ ایک طرف ملت کے حقوق کا دفاع کیا جا سکے تو دوسری طرف ملک کو تباہ کرنے والے حکمرانوں سے بھی جان چھڑوائی جا سکے ۔
,خانم زہرا نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ملک میں مثبت طرز سیاست کو متعارف کروایا اور بھائی چارے امن اور وحدت کی فضاء کو ہموار کیا اور نا امنی ،شدت پسندی اور فرقہ واریت کی سیاست کی حوصلہ شکنی کی ،ضلع چنیوٹ شعبہ خواتین کے اس سیمینار میں خانم سمیرا نقوی اور دیگر معلمات نے خطاب کیا، امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علمدارؑ کی شان میں قصیدہ خوانی بھی کی گئی اور خانوادہ شہدا ءنے بھی اظہار خیال کیا آخر میں ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا گیا ،سیمینار میں سینکڑو ں خواتین سمیت ضلع چنیوٹ کے مختلف یونٹس جس میں ،لالیاں ،واڑہ،بھوانہ اور سمندری یونٹ نے بھرپور شرکت کی ۔
ایم ڈبلیوایم اور جے یو پی سندھ کے درمیان بلدیاتی انتخاب کے حوالے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق
وحدت نیوز(کراچی)جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری مولاناسید عقیل انجم کی دعوت پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور سید علی حسین نقوی نے ایک وفد کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقعہ پر جے یوپی کراچی کے رہنماء مولانا قاضی احمد نورانی ، شکی قاسمی،اور مفتی رفیع الرحمن نورانی و دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات، سیاسی صورتحال، اتحاد بین المسلمین اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندہ میں بلدیاتی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین بھرپور حصہ لے گی، اس سلسلے میں ہم خیال جماعتوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔اہل تشیع اور اہل سنت فطری اتحادی ہیں، جنہیں مل کر دین اسلام کی سر بلندی، اور سامراجی سازش و دہشت گردی کے خلاف کوشش کرنا ہوگی۔
سید عقیل انجم نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور لادینیت و مغربی ثقافتی یلغار کے خلاف مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے بلدیاتی الیکشن سمیت مختلف مسائل پر اشتراک عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے سندھ کے مختلف اضلاع کے مشترکہ دورے کی تجویز دی۔ اور اشتراک عمل کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔