وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جس میں عہدیداران اور کارکنان سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف عمل ہیں اس ضمن میں مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا گیا اورسیلاب زدگان سے ان کی مشکلات کے بارے میں استفسار کیا گیا اور سب سے اہم عمل میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جس میں ڈاکٹرز سیلاب زدگان کا معائنہ اور طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے ۔
وحدت نیوز (گلگت) گلگت شہر کے پرامن ماحول کو ایک بار پھر خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،بیگناہ لوگوں پر فائرنگ کرکے زخمی کرنا بد ترین دہشت گردی ہے حکومت کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے حکومتی اقدامات شرمناک ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کو کسی سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے کی چنداں ضرورت نہیں وقت بتائے گا کہ پاکستان کا وفادار کون ہے اور غدار کون۔ کل تک ایمپاورمنٹ آرڈر کی نفی کرنے والے آج اسی سیاسی پیکیج سے استفادہ کررہے ہیں۔ یمن کے مظلوموں کی حمایت میں نکالی جانیوالی ریلی سے حکمران جماعت کے درپردہ سازشیں بے نقاب ہوگئیں اور نواز لیگ کی سعودی عرب فوج بھیجنے کی خواہش پوری نہ ہوئی جس پر مجلس کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے اخباری بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کی ریلی مظلوم کی حمایت اور جارح کی مذمت کیلئے تھی جس میں ریاست کے خلاف نہ تو کوئی تقریر ہوئی ہے اور نہ ہی پاکستان کے خلاف کوئی نعرے بازی ،جبکہ اس ریلی میں افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار اور آپریشن ضرب عضب کی حمایت اور بھرپور تعاون کا اظہار کیا گیا جس سے متنازعہ گورنر برجیس طاہر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بے بنیاد مقدمات قائم کروانے پر اتر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کے مسئلے کو چھیڑنے اور گلگت بلتستان کو اکنامک کوریڈور میں مناسب حصہ دینے کے مطالبے پر مسلم لیگی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور اس آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور میں گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دیئے بغیر یہ منصوبہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا اور اگر گلگت بلتستان کے عوام کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی گئی تو ایم ڈبلیو ایم راستے کا دیوار بن جائیگی اور اس سلسلے میں اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قرارداد بھی جمع کروائی جائیگی۔
وحدت نیوز (سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین پنجاب صوبائی آفس کے مسؤل برادر زاہد حسین مہدوی نے بتایا ہے کہضلع سرگودھا کا ضلعی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہو گیا جس کی صدا رت ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظفر عباس بخاری ایڈووکیٹ نے کی ،اجلاس امام بارگاہ 7بلاک میں منعقد ہوا۔جس میں مرکزی سیکرٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی ، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ظفر چشتی ،صوبائی سربراہ امام سجاد فاؤنڈیشن ذوالفقار علی اسدی نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس میں ضلع بھر سے 170یونٹس کے نمائندگان نے بھر پورشرکت کی اجلاس میں سابق ضلعی سیکرٹری جنرل راجہ امجد حسین ، مولانا ثاقب حسین ،مطیع الحسنین ، مولاناامتیاز حسین ، مولاناملک نصیر حسین ،مولانااظہر حسین ،مولاناناصر عباس ،مولانااحسان ،مولانامظہر رضوی ،برادرعلمدارحسین ،سیدابرارحسین ،زوارحسین ،مطاہر شیرازی سید کاظم حسین شاہ ،سید حسین شاہ ،مولانا ریاض حسین اور علاقہ کی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ اخلاق رزیلہ سے بچنے کیلئے کوشش کریں ۔تنظیمی حلقوں میں اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا اور غیبت سے بہتان سے بچناضروری ہے ۔سب کے لئے ضروری ہے کہ تقوی اجتماعی حاصل کریں ،تنظیمی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی طرف توجہ دیں اور دین کے فریضہ کی ادائیگی کی طرح اس کو انجام دیں ۔مجلس وحدت مسلمین مالی طور پر مضبوط ہونے کے لئے تعمیر ملت فنڈ کا اجراء کرچکی ہے جس کے لئے تمام ذمہ داران کو آگے بڑھ کر کام کرنا چاہیے۔شہید عارف حسین الحسینی کی برسی 9اگست کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں تمام عاشقان شہید جوک در جوک شرکت کریں ۔
اجلاس سے علامہ اعجاز حسین بہشتی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عالم اسلام میں مذہب اہل بیت کا قائدانہ کردار ہے اور ہر محاذ پر اور ہر ملک میں تشیع سرخروح ہورہی ہے۔آج داعش کے خلاف ترکی ،کویت اور خلیجی ریاستوں میں اوقدامات قابل تحسین ہیں ۔انہوں نے کہا ہے داعش قیل و غارت اور خون ریزی سے اسلام کا خوبصورت چہرہ بگاڑ کر پیش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل سمیت تمام وہ ممالک جو داعش کے بانی ہیں سب پریشان ہیں ۔ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے ڈویژنل سیکرٹری جنرل راجہ امجد حسین ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظفر عباس اور تمام تحصیلوں کے سیکرٹری جنرلز نے اپنی اپنی کارگردگی رپورٹس پیش کیں ۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی الیکشن میں بھر پور اندازمیں حصہ لے گی، ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ اتحاد یا سیٹ تو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے بات چیت جاری ہے، ایم ڈبلیوایم ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ ،قابلیت، دینداری کو ترجیح دے گی، ایم ڈبلیوایم اسٹیٹس کو کی جماعتوں کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ٹف ٹائم دے گی، پورا ملک سیلاب کی ذدپر ہے اور حکمران محض سب کنٹرول میں ہے کا راگ الاپ رہے ہیں، ہزارو ں کی تعداد میں شہری بے یارومددگار امداد کے منتظر ہیں ، 9اگست کو شہید مظلوم قائد سید عارف حسین الحسینی کی 27ویں برسی کے اجتماع میں شرکت کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر سے سینکڑوں کارکنان اسلام آباد روانہ ہو ں گے ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امو رسیاسیات عبد اللہ مطہری نے صوبائی وحدت سیکریٹریٹ کراچی میں منعقدہ الیکشن کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل رضا نقوی، مبشر حسن ، پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی، مدثرحسین سمیت کراچی کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے الیکشن کور کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ مطہری نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب کا بہانا بناکربلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ تلاش کررہی ہے، ایم ڈبلیوایم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر منعقد کرواکر اقتدار اور اختیار نچلی سطح پر منتقل کرے، کراچی شہر بلدیاتی اداروں کی نااہلی اور لوکل حکومت کے ناہونے کے باعث پورا شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ڈبلیوایم کراچی سمیت سندھ بھر سے لوکل باڈی الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، کراچی کے ٹارگٹڈ یونین کمیٹیز سے سینکڑوں کونسلرز انتخابی میدان میں اتارے جائیں گے، ایم ڈبلیوایم کے مختلف ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ اتحاد یا سیٹ تو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ملاقاتوں اور بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بعض وارڈ ز میں علاقائی سیاسی صورتحال حال کو مدنظر رکھ کرانتخابی حکمت عملی مرتب کی جائے گی جس میں اضلاع بااختیار ہوں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلٰی سطحی وفد نے وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی شامل تھے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہل تشیع کی سکیورٹی سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفد کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد اور قومی وقار کے تحفظ میں مجلس وحدتِ مسلمین ہر مقام پر اگلی صف میں کھڑی ہوگی، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اہلِ تشیع کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اور ان کے تحفظات دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے نون لیگ کی جانب سے گلگت بلتستان اور پنجاب میں سیاسی گرفتاریوں پر بھی کھل کر بات کی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہاکہ سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور قیمتی جانوں کے ضیاء کا اندیشہ بھی موجود ہے، مسلم لیگ ن فتح کا جشن منانے کی بجائے بے گھر افراد کی طرف توجہ دے۔علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت چترال، پنجاب اور سندھ میں زیر آب آنے والے علاقوں میں امدادی کاروئیوں کی رفتار کو تیز کرے۔اس ناگہانی آفت کے نتیجے میں متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کو ضروریات زندگی کی بلاتعطل فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ریاست کے تمام اداروں سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور درد دل رکھنے والی مخیر شخصیات کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں بے گھر افراد کی مدد اور بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں تا کہ نقصانات کی شرح کم سے کم درجہ پر رہے ۔لیکن ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ہر سال ہزاروں ایکڑ رقبہ سیلاب کی نذر ہو جاتا ہے۔ لاکھوں افراد سیلاب کی تباہ کاریوں سے غربت کے گراف سے بھی نچلی سطح پر زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔متاثر ہ علاقوں میں وبائی امراض اورغذائی قلت جیسی آفات نے ہر دوسرے گھر میں ڈیرہ ڈال رکھا ہوتا ہے۔ سینکڑوں قیمتی جانیں حکومتی عدم توجہی کے سبب موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان آفات سے نمٹنے کے لیے جامع لائحہ عمل طے کرے۔ جن علاقوں میں سیلاب کا اندیشہ ہو وہاں قبل از وقت حفاظتی تدابیر اور پانی کے بہاو کی رفتار کو معمول پر لانے کے لیے ضرورتی تعمیرات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے ساتھ جا کر محض فوٹو سیشن سے ان کے دکھوں کا مداوہ نہیں کیا جا سکتا بلکہ ان ناگہانی آفات کی روک تھام کے لیے مستقل منصوبہ بندی ازحد ضروری ہے۔