وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے رکن مرکزی شوریٰ عالی علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا رویہ بھارتی حکومت کے سامنے محکومانہ ظاہر ہوتا ہے۔ملک بھر میں جاری دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے واضع ثبوتوں کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف کا نریندر مودی سے شکوہ شکایت نہ کرنا اور ان کو آموں کا تحفہ بھیجنا ان کی غلامانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔ پاکستان کے اصلی کشمیری کاذ سے روگردانی ، شہدائے کشمیر کے خون سے بے وفائی ظاہر کرتی ہے۔ روس میں ہونے والی پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات ہماری خارجہ پالیسی کی کھلی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔ ہمارے چاروں طرف اور دنیا میں ایسی بڑی بڑی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں جن کے بارے میں ہم توقع بھی نہیں کرسکتے تھے۔ اس تناظر میں ہم اپنی قومی سیاسی قیادت پر نظر ڈالتے ہیں تو بہت مایوسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ آج ملک میں ایسی قدآور شخصیات نہیں ہے جن سے امید کی جا سکے اور جو اس بدلتی دنیا میں ملک کو بحرانوں سے نکال سکیں۔ قوموں کی تاریخ میں بحران آتے رہتے ہیں لیکن اگر صاحب بصیرت سیاسی قیادت ہوتو ان بحرانوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ پرانی دنیا بدل رہی ہے اور نئی دنیا جنم لے رہی ہے۔ نئے امکانات سے فائدہ اُٹھانے اور نئی صف بندیوں میں اپنی بہتر جگہ بنانے کے لیے معاہدہ کرنے والوں نے پرانی دشمنیوں کو ایک طرف رکھ دیا ہے جو ملک یا حکمران پرانی محاذ آرائیوں پر ڈٹے رہیں گے وہ نقصان میں رہیں گے۔ نئی بدلتی ہوئی دنیا میں نئے امکانات کے پیش نظر ہماری قومی سیاسی قیادت کو بھی حالات کا ادراک کرنا چاہیے ۔ ہمیں اپنی خارجہ پالیسی پر فوراً نظر ثانی کرنا ہوگی ۔ دنیا کی کوئی جامع پالیسی نہیں ہوتی ، پالیسیاں بدلتی رہتی ہے ۔ ہم اپنی خارجہ اور داخلی پالیسیوں کی وجہ سے عدم استحکام کا شکارہوئے اور تنہائی کی طرف جارہے ہیں۔ لہذا ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہوگا ہمیں اپنے پرانے دوستوں سے بگاڑے بغیر ان ملکوں اور قوموں کے ساتھ تعلقات بگاڑے بغیر ان ملکوں اور قوموں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے چاہیے ۔ جن سے ہم دور رہے یا جن سے ہمارے تعلقات کشیدہ رہے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کا شعبہ فلاح وبہبود خیرالعمل فاؤنڈیشن بلا تفریق فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے ،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی اور سیکرٹری خیرالعمل فاؤنڈیشن گلگت ڈویژن بختاور خان نے نائیکوئی کے عمائدین سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں اور خیرالعمل فاؤنڈیشن کی ٹیم نے تمام متاثرہ علاقوں بارگو ،فیض آباد، سکوار،ہنزہ نگر،بگروٹ اور نلتر کا دورہ کرکے مالی نقصانات کا جائزہ لیا ہے اور قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ عوام پریشانی کا شکار ہے جبکہ حکومتی اقدامات انتہائی مایوس کن ہیں۔ مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے نے واٹر چینلز کو ملیا میٹ کردیا ہے اور عوام اپنی مدد آپ کے تحت ان واٹر چینلز کو بحال کرکے پانی کی ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔حکومت نے بروقت اقدامات نہیں اٹھائے تو دیہی علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائیکوئی واٹر چینل کا کام فوری طور پر شروع ہونا چاہئے جس سے برمس اور متصلہ آبادی کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ نائیکوئی گلگت شہر سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے کے باوجود یہاں کی آبادی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اورپینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔اس موقع پر عمائدین علاقہ نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کی جانب سے آبادی کو ٹینکر کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (لاہور) حکومت کی جانب سے بینک ٹرانزیکشن اورود ہولڈنگ ٹیکس تاجردشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے مسلم لیگ ن کی ،حکومت کا بس نہیں چلتا کہ آج ہی غریب عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ چھین لے، اپنی شاہ خرچیاں بند کرے اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے تاکہ آئے دن عوام پر نئے ٹیکس عائد کرنے کے نوبت پیش نہ آئے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے پولیٹکل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں کہیں پر بھی بینک ٹرانزیکشن پراتنے زیادہ ٹیکس کی مثال نہیں ملتی، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کا اقتصادی قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام فیصلے اسحاق ڈالر آئی ایم ایف کے اشارے پر کر رہے ہیں ، حکومت واضح کرے کہ بینک ٹرانزایکشن پر اتنے زیادہ ٹیکس کس مد میں لگایا جارہا ہے ضروری نہیں کہ بینک سے پیسے نکلوانے سے کسی شخص کی آمدنی کا اندازہ لگایا جاسکے، حکومت نے اپنی پالیساں تبدیل نہ کیں تو وہ اپنے انجام کی ذمہ دار خود ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ اس نئے ٹیکس کی وجہ سے لوگ بینکوں پر انحصار کم کریں گے جس کے باعث سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں بلکہ ایم ڈبلیو ایم کے کا رکن کواس میں شرکت کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں حکومت کی عوام دشمن پالیسوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف باہر نکلیں ورنہ صرف پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہے گی مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے دور میں ملکی نظام میں اتنا بگاڑ پیدا کردے گی جس کو درست کرنا آئندہ آنے والی حکومتوں کے بس سے بھی باہر ہوگا۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے اور گلگت بلتستان میں مسلکی تعصبات کو ہوا دینا چاہتی ہے ۔ انکے کابینے میں وزرا کی تناسب، مخصوص نشستوں پر موجود افراد اور مجلس وحدت مسلمین و آئی ایس او کے رہنماوں کی گرفتاریاں اس بات کی دلیل ہے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں مسلکی تعصب کو ہوا دینا چاہتی ہے جسے ہم ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ سابقہ حکومتوں کی ناقص کارکردگی کے باعث گلگت بلتستان کا امن تباہ ہو گیا تھا اور اسے اس خطے کے غیور عوام نے گندم سبسڈی تحریک کے دوران بحال کیا اور تمام مسلکی تعصبات کو خاک میں ملادیا اور اتحاد و وحدت کی فضا ء قائم کی ، لیکن انتخابات کے دوران بھی مسلکیت کی بنیادوں پر لوگ سامنے آئے یہ افراد پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہ صوبائی حکومت ایک خاص عینک سے دیکھتے ہیں انہیں تعصب کی عینک اتار کر دیکھنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ظلم و زیادتی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجات کا سلسلہ شروع کریں گے، یمن کی حمایت کرنا دہشتگردی ہے تو یہ حمایت ہم پہلے بھی کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ سعودی عرب کے بادشاہوں اور امریکہ کے پٹووں نے یمن کے مظلوموں پر حملہ کر کے ظلم کیا ہے اس پر خاموش رہنا اس ظلم میں برابر کے ذمہ دار ہے ۔ یہ ظلم عرب کے بادشاہ کر ے یا کوئی اور ہمیں اس سے غرض نہیں لیکن عرب بادشاہوں کے فکری غلاموں کی جانب سے گلگت بلتستان میں اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والون پر انسداد دہشتگردی کا مقدمہ کرنا شرمناک ہے ۔ ان افراد کی گرفتاری یہاں کے امن کو خراب کرنے کی ساز ش ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور بلاجوز ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں پر عائد مقدمات ختم کیا جائے ورنہ زیادہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرکربلائی رجب علی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ہمیں رواداری، برداشت اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔پاکستانی معاشرے کی موجودہ صورتحال نا گفتہ بہ ہے۔ ہماری خوشیوں اور غموں کے پیمانے اور معیارات بدل گئے ہیں۔حادثات ، سانحات ، مصائب اور آفات کی کثرت اور اس کی اذیت سے بچنے اور خود کو بچانے کا سب سے آسان راستہ ہم نے ڈھونڈ لیا ہے کہ بڑے سے بڑے حادثے اور سانحے کے اثرات کو اپنے اندر اُترنے نہ دوں۔ اپنی اصلاح ، اپنے اعمال اور معاملات کا جائزہ لے کر خود کو درست کرنا ایک دشوار کام ہے۔ لہذا ہم اپنے معاشرے کی بربادی کے صرف نوحہ خواں بن کر رہ گئے ہیں۔ ہر محفل ، دفتر ہر گھر اور ہر ادارے میں اپنی اخلاقی ، معاشرتی ، معاشی و سیاسی صورتحال کی ابتری پر ہم نہایت دل سوزی سے ماتم کناں ہوتے ہیں۔لیکن اس کے اسباب پر غور نہیں کرتے ۔جو اخلاقی اوصاف ہمارے عمل میں دکھائی دینے چاہیں وہ ہماری گفتگو کا حصہ بن کر رہ گئے ہیں۔ ان حالات میں ہمیں اپنے نقطہ نظر کو تعمیری اور مثبت بنانا ہوگا۔ حالات اور واقعات کی بابت مایوسی ، افسردگی ، حزن و ملال کا رویہ اپنانے کی بجائے مثبت اور تعمیری رویہ اپنانا چاہیے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے قائدشہید عارف حسین الحسینی کی ستائیسویں برسی کے سلسلے میں اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔اس سلسلے میں مرکزی اجتماع ۹ اگست کو اسلام آباد میں سہ پہر ۴ بجے فضل حق روڈ نزد مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو میں منعقد ہو گا جس میں ایک لاکھ افرادکی شرکت متوقع ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے ایک ہزار سے زائد سکاوٹس نگرانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔برسی کی تقریب کو باوقار اور بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ایم ڈبلیو ایم نے ملک گیر رابطوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ ملک کی ترقی و استحکام اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے قائد شہید کی مذہبی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔علامہ عارف حسینی کو وطن عزیز میں وحدت و اخوت کے حقیقی علمبردارکی حیثیت حاصل رہی۔ انہیں صیہونی و یہودی طاقتوں کے اسلام دشمن عزائم کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دی گئی۔قائد شہید کی اعلی مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے برسی کی تقریب میں ملک کی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ تقریب کے کُلی انتظامات کی نگرانی کے لیے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکریٹری فلاح و بہبود نثار علی فیضی کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی تشیکیل دے دی گئی ہے۔ جو سارے انتظامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مختلف شخصیات سے رابطے اور ذمہ داریوں کا تعین بھی کرے گی۔