وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری امور جوانان سید سجاد نقوی نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے اور قوم ان کی گرفتاری سے خوش ہوگی۔وہ کوئی عوام کے لئے جیل نہیں جارہے بلکہ انہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے اور اس پر وہ جیل جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اربوں کی جائیدادیں ہیں اور ان کا نواز شریف جواز پیش نہیں کر سکے اور یہی کرپشن ہے ۔سجاد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو انتہائی منصفانہ سزا دے کر آخر کار پاکستانی قوم کی تکلیفوں کا مداوا کیا گیا کیونکہ پاکستان کو ترقی کے سفر میں پیچھے دھکیلنے کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔ پاکستانی قوم کی تکلیفوں اور مصیبتوں کے ذمہ داروں کو سزا دی گئی جس پر وہ نیب کورٹ اور سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔