وحدت نیوز(لاہور)سلطان عرب و عجم ، شہنشاہ طوس ، غریب الغرباء ، معین الضعفاء امام رووف امام علی ابن موسی الرضا علیہ سلام کے میلاد مسعود کے موقع پر مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام رضا علیہ السلام نے اسلام کے سب سے زیادہ باعزت وبلند گھرانہ میں پرورش پائی ،کیونکہ یہ گھر وحی کا مرکز ہے یہ امام موسیٰ بن جعفر ؑ کا بیت الشرف ہے جو تقویٰ اور ورع و پرہیزگاری میں بے مثال ہے اسی بلند وبالا بیت الشرف میں امام رضا ؑ نے پرورش پائی اور اپنے پدر بزرگوار اور خاندان کے آداب سے آراستہ ہوئےامام رضا ؑ بلند و بالا اخلاق اور آداب رفیعہ سے آراستہ تھے اور آپ کی سب سے بہترین عادت یہ تھی کہ جب آپ دسترخوان پر بیٹھتے تھے تو اپنے غلاموں یہاں تک کہ اصطبل کے رکھوالوں اور نگہبانوں تک کو بھی اسی دستر خوان پر بٹھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ امام ہشتم اپنے جد بزرگوار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تمام تر اوصاف و کمالات کا مجموعہ تھے آپ کے بلند و بالا مقام کے ایک پہلو کو جاننے کے لیے یہی کافی ہے کہ خاتم النبین ص سے لے کر آئمہ معصومین علیھم سلام نے آپ کی زیارت کی تاکید اور اسکے اجر و ثواب کا ذکر کیا ہے ان کا کہنا تھا بارگاہ ملکوتی آقا و مولا امام رضا علیہ سلام میں آج بھی دنیا سے نا امید ، غموں سے نڈھال ، شکستہ دل افراد اپنے قلب و روح کی تسکین اور شفا پاتے ہیں آپ کے لطف و عنایات اور مہربان وجود کو ہر زائر محسوس کرتا ہے کیونکہ آپ اپنے ہر زائر پر نظر رکھتے ہیں اور انہیں فیضیاب کرتے ہیں خدا سے دعا ہے کہ تمام محبان اہلبیت کو حرم امام رضا ع کا زائر بننے کی سعادت عطا فرمائے۔ آمین