وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ فارم 47 کے نام نہاد نمائندوں نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف غیر منتخب ہیں، بلکہ تہذیب اور اخلاقی اعتبار سے گرے ہوئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں نام نہاد نمائندوں کے غیر اخلاقی ریمارکس قابل مذمت ہیں۔ عوامی حلقوں میں شکست خوردہ اور مسترد شدہ عناصر مداری بن کر عوام کا دل نہیں جیت سکتے ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں ہزارہ ٹاؤن پر مسلط شدہ فارم 47 کے نام نہاد نمائندے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 40 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے خود پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ حلقے پر مسلط کردہ نام نہاد نمائندہ حلقے سے غائب اور عوامی مسائل سے بے سروکار ہے۔ ایسے میں اسمبلی فلور پر سیاسی مخالفین کے لئے توہین آمیز الفاظ کا استعمال نہ صرف فارم 47 کے مسلط کردہ نمائندے کی اخلاقی اقدار اور اصلیت کو عیاں کرتا ہے، بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ عوامی نمائندگی کے دعویدار غیر مہذب افراد کو بات کرنے کا سلیقہ تک نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے روز اول سے ہی موصوف کو فارم 47 کا جعلی نمائندہ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا، آج بھی عوام کا یہی موقف ہے کہ اسمبلی میں بیٹھنے والے جعلی نمائندے اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے لوگ ہیں۔ انہیں اپنے ذاتی مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔