وحدت نیوز(اسلام آباد)الحمد اللہ ہمارے ہر دل عزیز تحصیل چیئرمین پاراچنار مزمل حسین فصیح جیل سے رہا ہوگئے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی،مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،علامہ ضیغم عباس،مولانا شفیق مطہری اور برادر یاور عباس کاظمی سمیت دیگر برادران نے کوہاٹ جیل سے رہا ہونے پر مزمل بھائی کا استقبال کیا۔
بعدازاں مزمل حسین فصیح کو کوہاٹ سے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد لایا گیا جہاں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی قائدین سمیت آفس اسٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ان پر گلپاشی کی گئی اور پھولوں کے ہار ڈالے گئے۔
واضح رہے کہ مزمل حسین فصیح کو 3 ماہ قبل پاراچنار کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے اور پاراچنار کے ظالمانہ محاصرے کے خاتمے کیلئے پر امن احتجاجی دھرنے کی قیادت کے جرم میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مزمل حسین فصیح پاراچنار کے مظلوموں کی سب سے توانا آواز اور بھاری اکثریت سے منتخب ہونے والے تحصیل میئر ہیں جنہوں نے ہمیشہ شہداء کے یتیم بچوں کی کفالت کا فریضہ انجام دیاہے ، ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کیلئے شب وروز کوشاں رہے ہیں اور اسی حب الوطنی کی سزا کاٹ کر آج رہا ہوئے ہیں۔