وحدت نیوز(لاہور) معاشرے میں فلاحی و سماجی کام کے لیے اور لوگوں کی خدمت کے جزبے سے میدان عمل میں اترنے کے لیے خواتین کا تربیت یافتہ ھونا ایک لازمی امر ہے اسی سوچ کے پیش نظر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور اور حکومتی گرلز گائیڈ ٹریننگ سینٹر پروگرام کے تعاون سے بیدیاں روڈ یونٹ میں ٹریننگ کے پہلے سیشن کا آغاز کیا گیا جس میں ماسٹر ٹرینر گرلز گائیڈ مسز نگہت اور مسز شہناز نے نوجوان خواتین کو لیکچرز کے ذریعے بنیادی معلومات فراھم کیں اس موقع پر ضلع لاھور کی سیکریٹری جنرل محترمہ حنا تقوی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی اور کوآرڈینیٹر محترمہ ثروت شجاعت بھی موجود تھیں۔
وحدت نیوز(گلگت) رکن اسمبلی مرحوم محمد شفیق ایک ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ان کی ناگہانی موت نے ہم سب کو دکھی کردیا ہے۔دکھ کی اس گھڑی میں پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما ورکن گلگت بلتستان اسمبلی بی بی سلیمہ نے رکن اسمبلی محمد شفیق کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ ورنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے خانوادگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک سیاسی شخصیت کے ساتھ ساتھ ایک ہمدرد انسان بھی تھے۔ان کی ناگہانی موت سے جہاں سیاسی خلا پیدا ہوچکا ہے وہاں علاقے کے عوام ایک ہمدرد اور متحرک انسان سے محروم ہوچکے ہیں۔خداوند تعالیٰ مرحوم کی لغزشوں کو معاف فرماکر انہیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عنایت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(گلگت) حکومت پاکستان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیر آزاد نہیں ہوا۔کشمیر کے دونوں دعویدار کشمیری عوام کو متحد دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔حکومت پاکستان شروع سے درست سمت میں کشمیر کی آزادی کیلئے اقدامات اٹھاتی تو پچاس سال قبل کشمیر آزاد ہوجاتا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما و جنرل سیکرٹری عوامی ایکشن کمیٹی سید یعسوب الدین نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری مجاہدین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری عوام نے لازوال قربانیاںپیش کی ہیں ،شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر ی عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہوکر رہیں گے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام دنیور چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید یعسوب الدین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے دلوں میںایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیری عوام سے نفرت پیدا کی گئی ہے تاکہ منقسم خطوں کے عوام ا یک دوسرے کے قریب نہ آسکیں اور متحدہ جدوجہد نہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کیلئے افواج پاکستان کا کردار واضح ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے پاک فوج نے قربانیاں دی ہیںاور اب یہ حکومت کا کام ہے کہ وہ اپنی فوج پر اعتماد کرے اور کشمیر کی آزادی محض جلسے اور ریلیوں سے حاصل ہونا ممکن نہیں۔کشمیر آزاد ہوگا تو افواج پاکستان ہی کے ذریعے آزادہ ہوگالہٰذا حکومت پاکستان زبانی دعووں کی بجائے کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کو برسوںسے غصب کرنے پر حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آرڈر2020 کو ہرگز تسلیم نہیں کرینگے ۔حکومت اب گلگت بلتستان کو کسی آرڈر کے تحت چلانے کی غلطی نہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی گلگت بلتستان کیلئے گورننس بل منظور کرکے وفاق کو بھجوائے اور حق حکمرانی کو حاصل کرے ۔گلگت بلتستان میںا ب وفاق کا آرڈر نہیں چلے گا اور گلگت بلتستان کے عوام جو آرڈر دینگے گے وہی گلگت بلتستان کا آرڈر ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزی کے ڈویژنل صدر برادر منتظر عباس، جماعت اسلامی کے رہنما جہانزیب انقلابی، انجمن تاجران گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری مسعودالرحمن اور ایم ڈبلیوایم کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(ہالا) امام بارگاہ شیعہ اثنا عشری میں منعقدہ مجلس عزا بسلسلہ ایام فاطمیہ میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری روابط محترمہ سیمی نقوی اور مرکزی معاون تنظیم سازی محترمہ غزالہ جعفری نے شرکت کی ،مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوے محترمہ سیمی نقوی نے کہا ایام فاطمیہ س منانے کا مقصد خواتین میں اپنے زمانے کے ھادی و رھبر کا دفاع اور ان کی حاکمیت و ولایت کے لیے جہاد کا جذبہ اجاگر کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ جناب سیدہ کا گریہ والد سے دوری ، شکستہ پہلو یا محسنؑ کے شھید ہوجانے کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ آپ کا گریہ مدینے والوں کی بے رخی اور پیغام رسول اللہ ع کو بھلا دینے کی وجہ سے تھا انھوں نے مزید کہا آج امام زمانہ عج بھی مظلوم ھیں جن کی نصرت کے لیے ھمیں خود کو اور معاشرے کو آمادہ کرنے کی ضرورت ہے بعد ازاں محترمہ سیمی نقوی اور محترمہ غزالہ جعفری نے مدرسہ ابو تراب زیر سرپرستی علامہ دوست علی سعیدی کا دورہ کیا اور طالبات سے ملاقات کی۔
وحدت نیوز(بولان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے بولان ڈھاڈر سے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ملاقات کی اور انہیں وزیر تعلیم بننے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے تعلیم پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی بہتر نظام تعلیم سے مشروط ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار یار محمد رند اپنے دور میں بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے موثر کردار ادا کریں گے۔
وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلین پاکستان مشہد مقدس کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں حوزہ علمیہ مشہد مقدس کے علماء اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے بیانات میں ہندوستان کے ظلم اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ کشمیر کے پس پردہ عوامل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ہندو تعصب کو پروان چڑھایا گیا کہ جس کے نتیجے میں نرندر مودی جیسا سفاک اور شیطان صفت شخص مسند اقتدار پر براجمان ہو جاتا ہے اور اپنے متعصبانہ پالیسیوں سے مسلمانان ہند کے خلاف بالعموم اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف بالخصوص ظلم کا بازار گرم کرتاہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں شہریت قانون کے نام پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جا رہا ہے اور نرند مودی اپنے ہی ملک کے دستور کے برخلاف کروڑوں مسلمانوں کی شہریت کو منسوخ کرنے کے درپے ہے۔
آج ساڑھے پانچ ماہ ہونے کو ہیں، کشمیری مسلمان اپنے بنیادی ترین حقوق سے محروم ہیں۔ ریاستی دہشتگردی کی وجہ سے ہزاروں جوان شہید ہو چکے ہیں، سیکڑوں مسلمان خواتین کی عصمت دری کی گی ہے اور ظلم کا نہ رکنے والا ایک سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں اور ظلم کی چکی سے نکلنے میں ان کی مدد کریں۔ نرندر مودی جیسا شخص نہ فقط ہندوستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
پروگرام کے آخر میں ملک پاکستان کی سالمیت، دشمنوں کی نابودی اور کشمیری مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لیے دعا کی گئی۔