وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے جشن آمد سیدالانبیا خاتم النبیین رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اتحاد بین المسلمین اور باہمی اخوت و محبت کی ترویج کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی وحدت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ملک کی تمام مکاتبِ فکر کی مذہبی شخصیات اور مشائخ عظام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی دعوت پر تمام مسالک اور مذاہب کا ایک چھت تلے جمع ہونا قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے، تمام شخصیات نے ایم ڈبلیو ایم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ دشمنوں کے مقابلے کیلئے ہم متحد ہیں کوئی بھی مسلمانوں میں نفاق پیدا نہیں کر سکتا۔
دورہ لاہور مکمل کرکے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ دین اور وطن کیلئے وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ وحدت کیلئے کوشش کی ہے، حالیہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار تقاریب کا انعقاد جاری ہے۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب بالخصوص وفاقی حکومت کی طرف سے پذیرائی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) کارنیلین کے زیراہتمام پرامن پاکستان اور ٹالرینس کرکٹ لیگ پروگرام مسکان ہال جیکب آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خاص سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان تھے۔ اس موقعہ پر تقریب میں (رواداری میں کھیلوں کا کردار) کے موضوع پر گروپ ڈسکشن ہوئی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی شہری اتحاد جیکب آباد کے صدر محمد اکرم ابڑو ایس ایس پی جیکب آباد بشیر احمد بروہی مسیحی پادری شیرون یوسف ھندو کونسلر شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لئے کھیل اور ورزش ضروری ہے۔انہوں نےکہا کہ سندہ کی سرزمین صدیوں سے رواداری اور مذہبی بھائی چارے کا مرکز رہی ہے یہاں حضرت لعل شہباز قلندر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی اور سچل سرمست جیسے بزرگوں نے امن محبت اور رواداری کا درس دیا۔ یہی سبب ہے کہ آج بھی محرم کی عزاداری پو یا ربیع الاول کا میلاد تمام مکاتب فکر کے درمیان اخوت اور رواداری نظر آتی ہے۔انہوں نےکہا کہ ایمان امن سے جبکہ اسلام سلامتی سے نکلا ہے۔ دین مقدس اسلام نے ہمیں امن و سلامتی اور رحمت کا درس دیا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے کہاکہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے ،مارکیٹوں میں حکومتی رٹ نظر نہیں آرہی ۔کمشنر کراچی سرکاری نرخ پر اشیاء ضروریہ اور خوردونوش کی دستیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے اجلاس میں بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے علامہ مبشر حسن نے کہاکہ حالیہ مہنگائی کی ایک بڑی وجہ ناجائز منافع خوری ہے۔ محکمہ پرائس کنٹرول کو زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب آدمی کی کمر توڑرہا ہے۔عوام اپنے بچوں کو فاقے کروانے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ مہنگائی اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ کا بھی سبب بن رہی ہے۔ حکومت گراں فروشوں کے خلاف فوری موثر کاروائی کو یقینی بناتےہوئے مہنگائی کی چکی تلے پسےبد حال عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے کڑا احتساب بنیادی شرط ہے۔ قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو جب تک انصاف کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزائیں نہیں دی جاتیں تب تک عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ذمہ دار ماضی کے وہ حکمران ہیں جنہوں نے عوام کے ٹیکسز کو اپنی ذاتی دولت سمجھتے ہوئے بے دریغ خرچ کیا۔قومی اداروں کو نفع بخش بنانے کی بجائے غیر ملکی قرضوں پر انحصار کی سزا غریب عوام آج مہنگائی کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ان لٹیروں سے لوٹی ہوئی رقم واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی جانی چاہئے تاکہ ہر کسی کو ریلیف مل سکے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔انہوں نے کہا جو لوگ احتساب کے عمل کو انتقامی کاروائیوں کا نام دے کر رکاوٹیں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ملک و قوم کے دشمن ہیں۔حکومت اور ریاستی اداروں کو عوام بغیر کسی دباو¿ کے مثبت سمت کی طرف بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئےسربراہ جمعیت علمائے پاکستان نیازی پیر سید محمد معصوم نقوی نے کہا کہ آپ ﷺکی ذات مبارک تخلیق فرماتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے آپ کا میلاد منایا پھر فرشتوں، آدم، صحابہ کرام اور آج ساری امت سرکارﷺ کا میلاد منا رہی ہے۔ آج سے پہلے اہل تشیع اور اہلسنت میں اتنے گہرے روابط امت کو اکٹھا کرنے میں دیکھنے میں نظر نہیں آئے۔ راجہ ناصر عباس نے پاکستان میں امت مسلمہ کو جمع اور اکٹھا کرنے کی ہمیشہ کوشش کی، آج شیعہ اور سنی کی کوئی بات نظر نہیں آ رہی سب ایک ہی ہیں، ہم متحد ہو گئے تو یہی ہماری بخشش کا ذریعہ ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئےایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروردگار نے ہمیں رحمت العالمین کا امتی بنایا، آج سب کا یہاں جمع ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ہم جسد واحد ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے مشترک دشمن کو پہچانتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، اگر آج ہم ایوانوں میں ہیں تو ہم اپنے ملک کو اس سطح پر لانا چاہتے ہیں جہاں پروردگار چاہتا ہے، وہ ملک جس کی بنیاد اسلام کے نام پر رکھی گئی تھی، صرف نعرہ ہی نہیں واقعی ریاست مدینہ کی طرح ہو۔
امت مسلمہ کےدرمیان اتحاد اور بھائی چارہ قائم کرکے ہی ہم دشمن دین و دشمن ملک و قوم سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں ۔ خدا ہمیں توفیق عنایت کرے کہ رسالتمآب صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم امت واحدہ کی صورت میں مضبوط طاقت بن کر ابھریں اور اپنا حقیقی مقامِ عزت و سربلندی حاصل کریں آخر میں انھوں نے وحدت کانفرنس کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی کاوشوں کو سراہا ۔