وحدت نیوز(اسکردو)2012 ء میں بابوسر کے مقام پر دہشتگردوں نے گلگت بلتستان کے درجن سے زائد مسافروں کو خون میں نہلایا دیا، تو اس افسوسناک واقعے کے خلاف جی بی بھر میں احتجاج کئے گئے۔ اس سلسلے میں خپلو میں بھی دہشتگردی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت دفعات عائد کرکے پرچے کاٹے گئے۔ دو سال کا عرصہ مکمل ہونے کے باوجود صوبائی حکومت دہشت گردوں کو تو گرفتار نہ کرسکی، لیکن دہشت گردی کے خلاف احتجاج کرنے والے چار بے گناہ جوانوں کو گرفتار کرکے اسکردو جیل بھیج دیا۔ تین روز کے بعد ان جوانوں کو ضمانت پر رہائی ملی۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی نے رہائی کے موقع پر جوانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انکو پھولوں کے ہار پہنائے۔