محرم الحرام کا آغاز، ایم کیوایم پاکستان کے وفدکی ڈاکٹر خالد مقبول کی سربراہی میں وحدت ہاؤس آمد، ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات

10 اگست 2021

وحدت نیوز(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے محرم الحرام کے آغاز میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے ڈویژنل سیکریٹریٹ میں صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی، صوبائی ترجمان علامہ مشبر حسن اور سیکریٹری جنرل کراچی ڈویژن علامہ صادق جعفری سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ علی انور جعفری، علامہ سید رضا جعفری، عسکری رضوی، زین رضوی اور میر تقی ظفر، میثم عابدی سمیت دیگر ایم ڈبلیو ایم رہنما بھی موجود تھے جبکہ ایم کیو ایم وفد میں رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری، سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب، عادل خان، عارف شاہ، جاوید حسین سمیت دیگر متحدہ رہنما شامل تھے۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں حضرت امام حسین ؑ اور ان کے تمام خاندانوں کی قربانی سے جذبہ ایثار کا سبق سکھاتا ہے، حضرت امام حسین ؑ اور جتنے بھی شہداء ہیں انہوں نے جس مقصد کیلئے قربانی دی وہ یہ ثابت کرتا ہے کہ باطل قوتوں کے سامنے کبھی بھی سر نہیں جھکانا بلکہ سر کٹا لینا ہی سربلدی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج سے صدیوں سال قبل حضرت امام حسینؑ نے اپنے خون سے جس چراغ کو روشن کیا تھا وہ آج بھی پوری دنیا میں روشنی پھیلا رہا ہے، اس لئے ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک اور قوم کیلئے ہم تمام لوگ بھی حضرت امام حسین ؑ کی پیروی کریں۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین کیلئے مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، خطے کے بدلتے حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم امام حسین ؑ کی ذات کو اتحاد کا محور قرار دے کر پاکستان سے فرقہ واریت کے عفریت کو نکال باہر کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ دین اسلام کی آبیاری کیلئے امام حسین ؑ کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، محرم الحرام ظلم اور طاغوت کے خلاف قیام کا مہینہ ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے 72 افراد کی قلیل تعداد کے ساتھ یزیدی سلطنت سے ٹکر لی اور یزیدیت کو عبرت ناک شکست دی، کربلا والوں نے یہ درس دیا کہ حق کے لئے لڑنا اور جان دینا عاشقان خدا کی پہچان ہے، مجالس عزا اور ماتمی جلوس مقصد کربلا کو سمجھنے اور کربلا والوں سے تجدید عہد اور تجدید بیعت کا باعث ہیں، عزاداری کسی مکتب فکر یا مسلک کے خلاف نہیں بلکہ امام حسین عالی مقام علیہ السلام کا پیغام محبت اور اخوت کا پیغام ہے جو ہر دور کے یزید کے خلاف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا آغاز ہوچکا ہے، گلی گلی مجالس و جلوس کا انعقاد ہوگا لیکن حکومت کے جانب سے صفائی ستھرائی کے انتظامات بالکل ناقص ہیں، گلی گلی کوچہ کوچہ سیوریج کا گندا پانی کھڑا ہے، پورے شہر کراچی میں حکومتی نااہلی کے باعث اب تک جلوسوں کے روٹس اور مجالس عزا کے مقامات پر مسائل کو حل نہیں کیا گیا ہے، مسائل کو حل نہ کیا گیا تو کراچی سمیت سندھ بھر کے عزادار بھرپور احتجاج پر مجبور ہونگے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree