محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی کی باتیں کرنے والے دماغی توازن کھو چکے ہیں،علامہ عبدالخالق اسدی

22 نومبر 2013

وحدت نیوز(لاہور) ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی شیعہ تنظیموں نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ راولپنڈی کی مناسبت سے ’’یوم عظمت نواسہ رسول (ع)‘‘ منایا۔ صوبہ پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز، لاہور، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، جھنگ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، لیہ، لودھراں، ڈیرہ غازی خاں، مظفر گڑھ، چینوٹ، جہلم، سمیت دیگر شہروں میں پر امن مظاہرے ہوئے۔ لاہور میں شہر بھر کی مساجد کے آئمہ جمعہ، عزادارن امام حسین (ع)اور بانیان مجالس کا پرامن مظاہرہ بھاٹی چوک بیرون کربلا گامے شاہ پر ہوا جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ عید میلاد النبی(ص) اور عزاداری کے جلوسوں سے کبھی دہشت گردی نہیں ہوئی بلکہ ان جلوسوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تاہم پابندی اور محدودیت کی باتیں کرنیوالے عناصر دماغی توازن کھو چکے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گرد عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرے ،سانحہ راولپنڈی کو پاکستان کے خلاف تکفیری جماعت کی سازش قرار دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاق براہ راست اس سازش کا حصہ بنا ہوا ہیں، اس سانحہ کا اصل مقصد پاکستان میں دہشت گردوں کو موقعہ فراہم کرنا ہے کہ وہ ملکی سالمیت کے ساتھ وہ کھیل کھیلیں جس کا ٹاسک انہیں ملک دشمنوں نے دیا ہے ،ہم ان ملک دشمنوں کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وزیر رانا ثناء اللہ پہلے ہی کالعدم دہشت گرد گروہوں کے سرغنہ دہشت گردوں کو اپنے ساتھ لے کر گھومتے رہے ہیں، انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ یوم عاشورا کے دن نواسہ ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی(ص) کی شان میں گستاخی کرنیوالے عناصر کے خلاف 295/Cکے تحت مقدمہ قائم کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عید میلاد النبی (ص) اور عزاداری کے جلوسوں پر پابندی اور محدود کرنے کی باتیں کرنیوالے اصل میں دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مملکت پاکستان میں ملک دشمن دہشت گردوں سے نہ تو سکولوں کے معصوم بچے محفوظ ہیں، نہ ہی ملک کے ہونہار انجیئنرز، ڈاکٹرز، تاجر، پولیس افسر، افواج پاکستان ، غرض یہ ہے کہ کوئی بھی محفوظ نہیں تاہم جلوسوں کی پابندی اور محدودیت کے بجائے ان ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن واحد ایسا عمل ہے جس کے ذریعے پاکستان میں امن وامان قائم کیا جا سکتا ہے۔ علامہ ابوذر مہدوی مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہماری حکومت مٹھی بھر شر پسند عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے،ہم ہزاروں شہداء کے جنازے اپنے کندھوں پر اٹھائے لیکن حکومتی رٹ کو چیلنج نہیں کیا، ماضی قریب کے واقعات گواہ ہے کہ احتجاجی مظاہروں میں قانون کی پاسداری کیسے کی گئی۔اُن کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے پس پردہ حقائق کو آشکار کیا جائے۔ شرپسندوں کی منت سماجت کی بجائے قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے کسی بھی گروہ کے خلاف یک طرفہ کارروائی سے امن کی کوششوں کو دھچکا لگے گا لہذا جوڈیشل انکوائری کے بعد بلا تفریق کارروائی کاجائے ،ہم میڈیا کی وساطت سے یہ واضع کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں اپنی عبادات اور مذہبی رسومات پر کوئی پابندی قبول نہیں کسی واقعہ کو بہانہ بنا کر اگر ہماری مذہبی آزادی چھننے کی کوشش کی گئی تو امن کی کوشش کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔

 

انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع سے شر پسندوں کے فعال ہونے کی خبریں آرہی ہیں، حکومت فوراََ کالعدم جماعتوں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکے بصورت دیگر قانون کی عمل داری خطرے میں رہے گی۔مظاہرے میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئیں کہ عزاداری کے خلاف ہونے والی سازشوں کو روکا نہ گیا تو اربعین چہلم امام حسین (ع) کا جلوس اور مجالس پارلیمنٹ ہاوس سمیت چاروں صوبوں کے وزیر اعلیٰ ہاوسزکے سامنے ہونگے،اسلام آباد، ملتان، چشتیاں میں شہید کیے گئے مساجد و امام بارگاہوں، شعائراللہ کی توہین کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔ پنجاب کے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ اس واقعے میں دہشت گردوں کی وکالت کر رہا ہے، اس متعصب وزیر کی نگرانی میں کوئی کمیٹی ملت جعفریہ کو قبول نہیں اس عدالتی کمیشن پر سے ہمارا اعتماد نہیں رہا، سپریم کورٹ کے اعلیٰ جج کی نگرانی میں واقعے کی تحقیقات کئے جائیں تاکہ اصل چہروں سے پردہ اُٹھ سکے،بیگناہوں کی گرفتاریاں کر کے یکطرفہ طور پر شیعہ دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں، اسلام آباد اور چشتیاں امام بارگاہوں کو نذر آتش کرنیوا لے د ہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں اگر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو ہم ہر قسم کے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree