سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائےاورملت جعفریہ کو تحفظ دیا جائے، ایم ڈبلیوایم /آئی ایس او

07 مارچ 2022

وحدت نیوز(لاہور) سانحہ پشاور کیخلاف لاہور کی فضا بھی سوگوار رہی، مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین خانم حنا رضا تقوی سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین ملت نے کی۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے پرچم، کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں کی نااہلی اور حکومت کی بے حسی سے یہ سانحہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ عالمی سازش ہے، لیکن ہر بار ملت جعفریہ کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے تو آج 65 قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء نے تین دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے پیشرفت کا بیان تو دے دیا ہے تاہم ابھی تک اِن دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کے سیاسی ونگز کو بے نقاب نہیں کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان میں غیر محفوظ ہو چکی ہے، حکومت سوائے مذمتی بیان کے عملی طور پر کچھ نہیں کر رہی۔ رہنماوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے بیان دیا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کا پتہ چل گیا ہے، جلد گرفتار کرلیں گے، حکومت کو پتہ ہونے کے باوجود کوئی ذمہ دار یا سہولت کار ابھی تک گرفتار نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اہلسنت بھائیوں کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس موقع پر دہشتگردی کی مذمت کی اور ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اہل تشیع کی مسجد پر نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ ہے، آج دہشتگردی کا نشانہ ہم شیعہ ہیں خدانخواستہ کل کسی دوسرے پر اس دہشتگردی کا ناسور سوار ہو، اس لئے دہشتگردی کے اس عفریت کیخلاف ہمیں متحد ہوکر کھڑے ہونا ہوگا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree