ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام شہید قائد عارف حسینیؒ کی 34 ویں برسی ،شیعہ سنی علماء و اکابرین سمیت ہزاروں عاشقان حسینی کی شرکت

25 جولائی 2022

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنونشن سینٹراسلام آباد میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ مہدی ع برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا یہ تاریخی حقیقت ہے کہ استعماری طاقتیں قوموں کوٹکروں میں تقسیم کر کے انہیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتا ہے۔اس شیطانی حکمت عملی کے خلاف ایسا گروہ بھی موجود رہتا ہے جو استعماری مقاصد کے خلاف ڈٹا رہتا ہے۔ہم ان شا اللہ ہمیشہ ان ظالموں کے خلاف تاحیات  ڈٹے رہیں گے۔

 پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہاشہدا کا ہم پر قرض ہے اور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اسلامی و جمہوری نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے ظلم کے خلاف ہم کل بھی کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ظلم و ستم کاکوئی راستہ ہمیں حق سے نہیں ہٹا سکتا۔ ہم حسینی ہیں۔کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔پاکستان معاشی طور پر ڈوب رہا ہے۔ تاریخ میں پاکستان کے ایسے حالات کبھی نہیں ہوئے۔ماڈل ٹاون کا قاتل آج ملک کا وزیر داخلہ بنا ہوا ہے۔ ظلم کا یہ نظام چلنے نہیں دیں گے۔  

امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ  مہدی ؑ برحق کانفرنس ہمیں شہداء اور اس قافلے کے سالار شہید قائد عارف حسینی کی یاد دلاتی ہے۔شہید قائد نے پوری قوم کو اس وقت بیدار کیا جب سب غفلت میں پڑے ہوئے تھے۔شہید قائد نے ڈنکے کی چوٹ پر امریکہ کو پاکستان کی مشکلات کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اس وقت پاکستان سنگین ترین دور سے گزر رہا ہے جس میں علماء پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شہید قائد سے عقیدت کا اظہار ہمارے لیے سعادت ہے۔ایک ایسا الہی انسان جو اخلاص و تقوی کا پیکر تھا۔قائد شہید نے ملت جعفریہ کو ایک انقلابی پلیٹ فارم دیا۔انہوں نے اس فکر کا پرچار کیا جس کا مقصد تشیع کے حقوق اور وطن عزیزکا دفاع تھا۔شہید قائد نے ضیائی آمریت کے مقابلے میں تمام جمہوری قوتوں کو یکجا کیا۔

 مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر شیرازی نے کہا کہ ارض پاک میں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی۔ یہاں تک کہا گیا کہ ہم تم  ایسے تنہا کریں گے کوئی تم سے ہاتھ نہیں ملائے گا۔آج  وہ تکفیری آ کر دیکھ لیں تمام مکاتب فکر ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ خود تنہا ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ مردو باد کا نعرہ یزید مردہ باد کا تسلسل ہے۔ یہ کسی ملک یا مکتب کا نعرہ نہیں بلکہ ظلم اور ظالموں کے خلاف حق پرستوں کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے ۔عزاداری ہمارا آئینی حق ہے کس کو اس پر پابندی لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شہید قائد نے جہاں عالم استکبار کے خلاف آواز اٹھائی وہاں وہ اپنے ملت کے ساتھ بھی جڑے رہے۔مجلس وحدت مسلمین اپنے عظیم قائد شہید عارف حسین کے ہر عمل کی تائید کرتے ہوئے میدان عمل میں کھڑی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جبر کے ذریعے پاکستان کے سات کروڑ شیعہ پر کوئی نصاب تعلیم نافذ نہیں کیا جا سکتا۔

 مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ آج کے حکمران ضیائی آمریت کے ساتھی تھے۔انہوں نے ہر دور میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کی۔انہوں نے کہا کہ امام خمینی  نے جس امریکہ کو شیطان بزرگ کہا تھا آج پوری دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کر لیا ہے کہ عالم اسلام کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر نے کہا کہ مہدی ؑ برحق کا نعرہ پوری دنیا مٰں عدل کا نعرہ ہے۔ ہم اس ملک میں اہل حق کے اتحاد کے خواہاں ہیں۔ ہم ظالمین کا اتحاد نہیں چاہتے۔علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ  دین اسلام کی  تبلیغٖ اور دفاع کے لیے سب کو ہر وقت تیار رہنا چاہئیے۔ دین کے لیے کب کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ بابصیرت قیادت کرتی ہے۔قائد شہید ایک بابصیرت رہنما تھے ۔انہوں نے واضح کر دیا تھا کہ امریکی کی دوستی اور دشمنی دونوں خطرناک ہیں۔

مجلس علمائے شیعہ کے صدر علامہ سید حسنین گردیزی نے کہا کہ روز مباہلہ مسیحیت کے مقابلے میں اسلام کی فتح کا دن ہے۔سچوں کے ساتھ ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا کردار آپ کی گفتار کی تصدیق کرے۔ انہوں نے کہا امریکی مداخلت کے مکمل خاتمے کے بغیر پاکستان کی ترقی و استحکام ممکن نہیں ۔

ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ شہید قائد کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔شہید قائد کے مطابق  باپردہ خواتین سے عالمی استکباری قوتیں سخت خائف ہیں۔باپردہ خواتین امام برحق ؑ کے ظہور کے لیے زمینہ سازی میں مصروف رہیں۔

 پاراچنار کے تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین نے کہا نوجوان ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کے جوش و ولولے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں.گلگت بلتستان کے وزیر میثم کاظم نے کہاقائد عارف حسین الحسینی کو ان استعماری قوتوں نے شہید کرایا جو قائد و اقبال کے  پاکستان کے مخالف تھیں۔ہم شہدائے پاکستان اور شہید قائد سے یہ عہد کرتے ہیں کہ خط شہید سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ گلگت بلتستان کے وزیر اعلی کے معاون خصوصی  الیاس صدیقی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا مقصد انہیں قتل عام کادوبارہ موقع  فراہم کرنا ہے۔کانفرنس سے چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، سابق صوبائی وزیر قانون آغا محمد رضا ،ملک اقرار حسین، علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ جہانزیب جعفری، علامہ آغا اعجاز بہشتی،عارف الجانی نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں سابق وفاقی وزیر ذلفی بخاری سمیت معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree