The Latest
وحدت نیوز(راولپنڈی)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے اڈیالہ روڈ پر واقع گلشن شمال کے علاقے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کا یونٹ تشکیل دیا محترمہ حر اناب صدر اور محترمہ منتظرہ بی بی نائب صدر منتخب ہوئیں امامبارگاہ میں خطاب کرتے ہوئے محترمہ معصومہ نقوی نے شرکاء کو 12 نومبر کو ہونے والے آزادی فلسطین مارچ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی تمام مومنات نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
علاوہ ازیں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر محترمہ صدیقہ کائنات نے ٹیکسلا ، واہ کینٹ اور روات کی مومنات سے رابطہ کر کے مارچ کی بھر پور دعوت دی ، مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے بھی چکوال اور جھامرہ کی مومنات کو اس ریلی میں ذیادہ سے ذیادہ شرکت کی دعوت دی۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے علامہ اقبال کے146ویں یوم پیدائش کے موقع پر کہا کہ آج ہم اس پاک سرزمین پر آزادی کا سانس لے رہے ہیں یہ درحقیقت فکر اقبال کا ہی نتیجہ ہے علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا ، انہیں شعور و آگہی دے کر غلامی کی دلدل سے نکالا حکیم امت نے جو بھی پیشنگوئی مسلمانوں کے مستقبل کے حوالے سے کی ہیں اس سے دنیا بخوبی واقف ہے شاعر مشرق کی با بصیرت نگاہوں نے اس وقت کی تازہ ترین صورتحال اسرائیل اور فلسطین جنگ اور عرب ممالک کے کردار کے حوالے سے عرصہ قبل ہی کہ دیا تھا کہ عشق قاتل سے بھی مقتول سے ہمدردی بھییہ بتا کس سے محبت کی جزا مانگے گا؟سجدہ خالق کو بھی , ابلیس سے یارانہ بھی حشر میں کس سے عقیدت کا صلہ مانگے گا ؟
مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کی شاعری کا یہ خاصہ ہے کہ وہ ہر دور کے لیے جاذب اور رہنما ہےحکیم امت کی وہ انقلابی شاعری جس میں مسلمانوں کی غیرت و حمیت ان کے مقام و مرتبہ اور یہود و نصارٰی کی سازشوں کو بے نقاب کیا گیا ہے کو ہمارے قومی نصاب کا حصہ ہونا چاہیے آج بھی ہم فکر علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ اور فلسفہ خودی کو سمجھ لیں تو مسلمانانِ عالم آج کی طاغوتی حکومتوں کو شکست فاش دے سکتے ہیں امت مسلمہ کے اتحاد کے بارے میں علامہ اقبال نے ہی اپنے اشعار میں پیغام دیا کہ ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئےنیل کے ساحل سے لے کر تا بہ خاک تاشقنداس پیام کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان تمام پاکستانی بہن بھائیوں ،بچوں ، بزرگوں اور ہر درد مند اور باضمیر فرد کو 12نومبر بروز اتوار آزادی فلسطین مارچ میں شرکت کی بھرپور دعوت دیتی ہے کہ آئیں شاعر مشرق کے پیام کی عملی تصویر بنتے ہوئے قدس کی آواز بنیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان وومن ونگ کی جانب سے قومی مرکز شاہ جمال لاہور میں سالانہ مرکزی تنظیمی کنونشن بعنوان حماسہ فلسطین کردار زینبی و بانوان عصر حاضر کا انعقاد ہوا ،مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی کی زیر صدارت منعقدہ حماسہ فلسطین کنونشن میں ملک بھر کے اضلاع جن میں کوئٹہ ، اٹک ، لاہور ، جہلم ، اسلام آباد، راولپنڈی، سکھر ، حیدر آباد ، نارووال ، چینوٹ، فیصل آباد ، رحیم یار خان ،گلگت اور بہاولپور سے نمائندگان نے شرکت کی ۔
کنونشن کے پہلے روز بیاد شہدائے فلسطین شب شہداء کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ معصومہ نقوی نے دعائے کمیل کی تلاوت کی اور مظلومین فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے مصائب سید الشہدا ءؑ بیان کیے شب شہداء کے اختتام پر غیور فلسطینیوں کی فتح ، بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل و امریکہ کی نابودی کے لیے دعا کی گئی۔
کنونشن سے مرکزی خطاب چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ نے کیا علاوہ ازیں مرکزی جنرل سیکرٹری برادر ناصر شیرازی ، پرنسپل جامعہ بعثت علامہ مہدی کاظمی ، رہنما ایم ڈبلیو ایم مولانا ظہیر الحسن کربلائی ، مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ معصومہ نقوی ، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ زہرا نقوی ، سینیئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ تحسین شیرازی ، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ نرگس سجاد، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ طیبہ ناصر نے کنونشن سے خطاب کیا۔
تمام مقررین نے تربیتی موضوعات کے ساتھ ساتھ حماسہ فلسطین اور پاراچنار کے حالات حاضرہ پر بھی روشنی ڈالی۔ کنونشن کی اختتامی نشست میں تمام اضلاع کی مسئولین میں مرکز کی جانب سے انعامات تقسیم کیے گئے۔ مرکزی کنونشن کے انتظامی امور میں ضلع لاہور نے بہترین انداز میں فرائض انجام دیے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع اسلام آباد راولپنڈی کے تحت بچوں اور خواتین پر مشتمل پرشکوہ حمایت مظلومین فلسطین و غزہ احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر خواتین نے چھوٹے چھوٹے کفن ہاتھ میں اٹھا کر اور بچوں کو کفن پہنا کر فلسطین پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی ۔
ریلی میں شامل خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے مظلومین فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی جارحیت و درندگی کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے شرکائے ریلی نے جوش و جزبے کے ساتھ فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
ریلی کی قیادت چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کی جبکہ سینیئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ نرگس سجاد نے بھی شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل بے گناہ فلسطینیوں اور معصوم بچوں پر ظلم و استبداد کی بھیانک تاریخ رقم کر رہا ہے وہ دن دور نہیں جب خون ناحق کا یہ سیلاب اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا اسلامی ممالک کے حکمران اپنے مفادات کی غرض سے اس انسانی المیے پر بے بسی کی تصویر بنے ہیں اور مظلومین کی داد رسی کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات کرتے دکھائی نہیں دے رہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مرکزی صدر وحدت یوتھ ونگ پاکستان علامہ تصور علی مہدی سے خصوصی ملاقات میں باہمی امور پہ تبادلہ خیا ل کیا ۔
اس موقع پروحدت یوتھ ونگ کے عہدیداران سید سجاد نقوی، نثار نقوی، یاورعلی،،سید وسیم الحسن اور عارف علیجانی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے گزشتہ شب اسرائیل کے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انا للہ و انا الیہ راجعون ، نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اسرائیل کی جلاد صفت فوج نے ظلم اور بربریت کی انتہا کرتے ہوے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر اس وقت میزائل برسائے جب کہ زخمیوں اور بیماروں کے علاؤہ بہت سارے بےگھر لوگوں نے پناہ بھی لے رکھی تھی ۔ جن میں ننھے بچے اور عورتیں بھی شامل تھیں ہزار کے قریب بے گناہ لوگوں کا چند لمحوں میں قربان ہوجانا واقعا ساری دنیا کے آزادی خواہوں ،حریت پسندوں اور حقوق انسانی کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے اے مسلمانان عالم ، اپنے پیاروں کی نصرت کے لئے اٹھ کھڑے ہوں جو زبان کے ساتھ قیام کر سکتا ہے وہ اس ظلم و بربریت کے خلاف زبان کے ساتھ قیام کرے ، جو لکھنے کا فن جانتا ہے وہ قلم کے ذریعے جہاد کریں آئیے مل کر اپنے مال کے ذریعے فلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کے لیے اٹھ کھڑے ھوں ۔ اگر ظالم حکمرانوں کی پابندیوں کی وجہ سے ہمارے مرد فلسطین نہیں پہنچ سکتے تو کم از کم ہم خواتین بھرپور انداز میں مالی معاونت میں حصہ ڈالیں ۔
آج غزہ میں شدید غذائی قلت اور دوائیوں کی کمی پائی جاتی ھے ۔ ہم سب مالی امداد کے ذریعے اس عظیم خدمت کا حصہ بن سکتے ھیں ۔ ان شاءاللہ خوبان عالم اپنی بہترین ذمہ داریاں نبھاتے ہوے اسرائیل کو جلد از جلد صفحہ ہستی سے مٹا دیں گیں ، آئیے سب مل کر اپنے حصے کی ذمہ داری کو نبھائیں اور حسب توفیق اس عبادت کا جزو بن جائیں ۔ پورے ملک میں میری تمام تنظیمی و غیر تنظیمی مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں اس مشن کا حصہ بن جائیں اور اپنے انفاق کے ذریعے فلسطینیوں تک اپنی بہترین امداد پہنچائیں ۔ تاکہ مجاہدین حماس کے حوصلے مزید بلند ہوں اور وہ نابودی اسرائیل کے اور نزدیک ہوجائیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے فلسطینی عوام اور مجاہدین کی اسرائیل کے خلاف عظیم کامیابی پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ بے شک خداوند عالم کی نصرت قریب ہے ۔ الحمدللہ ھمارے فلسطینی بہن بھائیوں نے فخر سے تمام مسلمانان عالم کا سر بلند کر دیا ، حماس کی تنظیم نے پچھلی صدی سے لے کر اب تک بھترین خبر مسلمانوں کو دی ، اور یہ خبر اسرائیل پر حملہ اور اسرائیلی افواج کو بڑے پیمانے پر تارومار کرنا ہے ، تمام مسلمانان عالم کے دل فلسطینی بہن بھائیوں کے ھمراہ ہیں ۔
رھبر معظم انقلاب آیۃ اللہ العظمیٰ خامنہ ای اس خوشخبری کی پیشنگوئی بھت سال پھلے کرچکے ھیں ، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے بھت برس پہلے اسرائیل کو سرطانی جرثومہ قرار دیا تھا اور آپ کی تاکید یہی تھی کہ جلد سے جلد اس جرثومے کو ملت مسلمہ نکال باہر کرے ، تاکے مسلمانان عالم سکھ کا سانس لے سکیں ۔ آج الحمدللہ خداوند متعال نے یہ توفیق حماس تنظیم کے بھائیوں کو عنایت فرمائی کہ وہ دھلڑے سے بے خوف و خطر ضرب حیدری بن کر آل یہود کے سر پر وار کرتےہوھے نظر آرہے ہیں ، ھم سب دعا گو ھیں پروردگار عالم بحق پنجتن علیہم السلام ھمارے فلسطینی بہن بھائیوں کو کامیابی و کامرانی عنایت فرمائے ۔ انشاء اللہ فتح اسلام کی ھوگی اور انشاء اللہ دشمن خوار و ذلیل ھونے والا ہے ۔ نصر من اللہ و فتح قریب ۔
وحدت نیوز(جہلم) جشن صادقین مرکزی امام بارگاہ سروبہ ضلع جہلم میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے خطاب کیا ۔انہوں نے اس پر مسرت موقع پر کہا کہ " بے شک خدائے متعال نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انکے اہلبیت علیہم السلام کی خاطر اس کائنات کو تخلیق کیا اور دین اسلام تبلیغ کی خاطر ان ہستیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور زندگی گزارنے کے اصولوں و قواعد بتائے۔جن میں خواتین کو کردار سب سے اہم ہے ۔
"انہوں نے مزید کہا کہ"خواتین کو جو عزت و احترام نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا اس سے قبل موجود نہیں تھا اور خواتین ہی ہیں جو معاشرہ سازی میں بہترین کردار ادا کرتی ہیں اس کی سب سے بڑی مثال دور حاضر میں کچھ سال قبل ایران میں آنے والا انقلاب اسلامی ہے جس کے پیچھے خواتین ہی تھیں."اس خوبصورت موقع پر آ غا مہدی کاظمی جامعہ بعثت شعبہ برادران کے پرنسپل نے بھی خواتین سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ" امام جعفر صادق کے مرہون منت ہی سے ہمیں فقہ جعفریہ کہا جاتاہے امام جان نے تعلیم وترتبیت ،فقہ اور سائنس غرض ہر شعبے پر کام کیا ہر بہترین سائنسدان دیے دنیا میں کیمسٹری ،ریاضی اور فزکس میں ترقی ہے اسکے بانی امام جعفر صادق علیہ السلام ہیں ۔دور حاضر میں ہمیں معصومین علیھم السلام کی تعلیمات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اسکے بغیر ہم زمینہ سازی امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ کی راہ ہموار نہیں کرسکتے۔"اس موقع پر میزبانی کے فرائض مرکزی مسئول محترمہ فہیمہ زینب نے انجام دیے اور کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلسِ وحدت مسلمین پا کستان کے زیر اہتمام عظیم الشان کانفرنس بنام عشقِ پیامبر اعظم کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا ۔جس میں مختلف مسالک فکر کے علمائے کرام کے علاؤہ مرد، خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی ۔کانفرنس میں خواتین کی نمائندگی مجلس وحدت المسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے بہترین مستقبل کے لیے یکجا ہونا پڑے گا۔کیونکہ خدائے متعال نے اپنی کتاب میں بہترین زندگی گزارنے کے اصولوں میں ایک اصول تزکیہ نفس بیان کیا ہے اور دوسرا اصول تفرقے بازی سے پرہیز کرنے کو کہا ہے ۔یہی وعدے خداوندی ہے کہ جب امام آخر زمان کا ظہور ہوگا تمام ادیان،تمام فرق،تمام مذاہب اس طرح صلح اور آتشی کے سائے میں آقا امام زمان کی سرپرستی میں زندگی بسر کریں گے کہ انکو یہ تمام اختلافات ھیچ نظر آئیں گے۔ لہذا ہمیں تفرقہ بازی کی سازش کو ناکام بنا کر خدا کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے ۔
اس موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مدارس کی طالبات اور معلمات نے بھرپور شرکت کی اور محترمہ معصومہ نقوی صدر وومن ونگ سے خصوصی ملاقات کی ۔جن میں جامعہ فاطمیہ ،جامعہ الزھراء ،جامعہ معصومہ اورجامعہ بعثت شعبہ خواہران شامل ہیں ۔محترمہ معصومہ نقوی صدر وومن ونگ نے سب کی شرکت پر اظہار تشکر کیا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر مبارکباد کےپیغام میں کہا کہ امام خمینی رح نے درست فرمایا تھا کہ مسلمان آپس میں دوران نماز ہاتھ کھولنے اور باندھنے کے اختلافات میں مصروف ہیں جبکہ ہمارا دشمن ہمارے ہاتھوں کو کاٹنے کی سازش کر رہا ہےاس کا ثبوت گزشتہ روز مستونگ میں عید المیلاد النبوی ص کے جلوس میں دھماکہ اورھنگو میں نمازیوں پر حملہ منہ بولتا ثبوت ہے ۔ہم اس بدترین فعل کی مذمت کرتے ہیں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔
بےشک یہ عناصر ملک وقوم کے دشمن نہیں بلکہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں یہ وہی یزیدی کردار ہےجو 1400سو سال پہلے یزید نے انجام دیا تھا اور اب رسول پاک کی محبت میں نکلنے والوں کے ساتھ یہ فعل انجام دے رہے ہیں جبکہ اس بات سے ناواقف ہیں کہ جس دین خدا میں تفرقہ ڈالنےاور ختم کرنےکے لیے سرگرداں ہیں وہ دشت و بیاباں میں دفن نہیں ہوا بلکہ پوری دنیا میں پھیل گیا کیونکہ یہ وعدہ خداوند ہے۔ہم اس موقع پر اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہیں اور ان کے اس دکھ ودرد میں انکے ساتھ ہیں۔