ذبح عظیم

اللہ اللہ باء بسم اللہ پدر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔معنی ذبح عظیم آمد پسر
وحدت نیوز(آرٹیکل) یوں تو محرم ہر سال آتا ہے مگر پچھلے سال کی نسبت نئے درس اور عبرت لے کر آتا ہے کہ اللہ سے محبت کرنے والے اللہ کی محبت میں سب کچھ نچھاور کر دیتے ہیں اگرچہ وطن ہی کیوں نہ چھوڑنا پڑے ،عزیزوں کو ترک کرنا ہی کیوں نہ پڑے اور اولاد کو قربان کرنا ہی کیوں نہ پڑے۔ محرم ہمیں یہ سبق سکھاتا ہے کہ ایمان و عشق کا مرحلہ امتحان پیش آئے تو مرد مومن اپنی مستورات اور اولادکو راہ خدا میں دینے سے دریغ نہیں کرتے۔وہ مادی مفاد کو نہیں دیکھتے بلکہ اس چیز کی فکر میں رہتے ہیں کہ کن کاموں سے رضائے خداوندی حاصل ہوتی ہے،چونکہ عشق کا جذبہ اور اس کا اظہار مادی میزان سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔

محرم زندہ دل انسانوں کو یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ واقعہ کربلا صرف حسین بن علی علیہ السلام اور یزید کے درمیان چھڑ جانے والی جنگ نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان لڑی جانے والی جنگ ہے اور حق نے اپنا سر کٹوا کر باطل کو ہمیشہ کیلئے سر نگوں کر دیا ہے ۔ امام حسین علیہ السلام اپنے مختصر سے قافلہ کےساتھ کربلا پہنچے اوروہاں امام عالی مقام نے  کربلا کے تپتےہوئے  صحرا میں  انسانوں کو جینےاور مرنے کا سلیقہ سکھا دیا۔
جی کے مرنا تو سب کو آتا ہے
مر کے جینا سکھا دیا تو نے

بنی امیہ کے مردہ دل سیاستدان اس بات کے خیال میں تھے کہ حسین بن علی علیہ السلام کے بعد کام تمام ہو جائے گا ،لیکن زمانے کی گردش نے ان افراد کویہ بتا دیا کہ جس حسین علیہ السلام کو تم شہید کر چکے ہو وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے زندہ ہیں۔

قتل حسین اصل میں مرگ یزید ہے
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

کربلا آج بھی یہی پیغام دے رہی ہے کہ حق پر ڈٹ کر باطل کا مقابلہ کرنا چاہیے اگرچہ اپنی جان اور اولاد کو قربان ہی کیوں نہ کرنا پڑے ۔ اور حسین بن علی علیہ السلام نے 61ھ میں ذبیح اللہ کی یاد تازہ کرائی ،لیکن اسماعیل علیہ السلام کے ذبح ہونے اور کربلا میں ذبح ہونے والوں میں آسمان و زمین کا فرق نظرآتا ہے ،وہاں صرف ابراہیم خلیل اللہ نے خواب دیکھا لیکن  یہاں حسین بن علی علیہ السلام نے اپنی آنکھوں سے بیٹوں کے سر کٹتے ہوئے دیکھے ،ابرہیم خلیل کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی لیکن کربلا میں حسین بن علی علیہ السلام کی آنکھوں کے سامنے بیٹوں کو شھید کیا گیا،وہاں ایک اسماعیل تھا لیکن یہاں کئی اسماعیل تھے جنہوں نے حسین علیہ السلام کے سامنے  اپنی جانیں فدا کر دیں ۔ امام علیہ السلام نے اسلام پر اپنے آپ کو قربان کر کے اور اپنی جان کو اسلام پر نچھاور کر کے اس آیت ( و فدیناہ بذبح عظیم) کا
مصداق بنا دیا ۔
انسان کو بیدار تو ہو لینے  دو
ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسینؑ
کربلا پاکیزہ رشتوں کی امین ہے، یہاں اسلام نے رشتوں کو جو عظمت عطا کی ہے، وہ اپنے عروج پر نظر آتی ہے۔کربلا ہمیشہ زندہ رہنے کے لئے شہید ہونے کا نام ہے، کربلا انسانیت کی عظیم درسگاہ کا نام ہے، کربلا دائمی بقا کے لئے حکم مولا پر فنا ہونے کا نام ہے، کربلا خاندان پیغمبر (ص) کی عظمتوں کی امین ہے، کربلا عاشقوں کی منزل ہے، کربلا اسلام حقیقی کی ابدی بقا کی مسلسل تحریک ہے، کربلا عقیدتوں کا مرکز ہے، کربلا اہل محبت کا مرکز ہے، کربلا وہ چشمۂ فیض ہے جس سے ہر انسان فیضیاب ہوتا ہے۔ کربلا ایک ایسی آزمائش گاہ تھی جہاں پر مسلمانوں کے ایمان، دینی پابندی و حق پرستی کے دعووں کو پرکھا جا رہا تھا۔ امام حسین علیہ السلام نے خود فرمایا : {الناس عبید الدنیا و الدین لعق علی السنتہم یحوطونہ مادرت معایشہم فاذا محصوا بالبلاء قل الدیانون}لوگ دنیا پرست ہیں جب آزمائش کی جاتی ہے تو دیندار کم نکلتے ہیں۔ حقیقی مسلمان وہ ہے جو آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہے اور دنیوی مفادات کے لیے اپنی آخرت کو خراب نہ کر ے۔

 آج واقعہ کربلا کو وقوع پذیر ہوئے چودہ سو سال سے  بھی زیادہ  کا عرصہ ہوا ہے لیکن عاشورا کادن ابھی ڈحلا نہیں۔شام غریباں کی بے مہر تاریکیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔سر امام حسین علیہ السلام ابھی نوک سناں سے اترانہیں۔ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مظلوم اور ستائی ہوئی بیٹیاں ،بےمقنع و چادر، رسن بستہ ابھی تک سکھ کا چین نہیں لے سکیں۔امام حسین علیہ السلام آج بھی دشت کربلا میں تنہا ھل من ناصرینصرنا کی صدادے رہے ہیں۔آج بھی اموی شیاطین اوریزیدی افکار  رکھنے والے  چراغ مصطفوی کی لو کو گل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔آج بھی شرور بو لہبی سے امام مظلوم کے اعداء پہلے سے زیادہ فعال ہو کر ،مکر و فریب کے جدید اسلحوں اور نئی روشنی اور روشن فکری کے چکا چوند قمقموں سے دنیا کو ظلمت کدہ بنانے کی تگ و دو کر رہے ہیں ۔آج بھی یزیدی فکر دنیا میں پروان چڑھ رہی ہے اور یہ حسینیت کا تقاضا ہے کہ حسینی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور اچھائیوں کو رائج اور برائیوں کو ختم کر کے معاشرے کو ایک حقیقی اصلاحی معاشرہ بنا دیں کہ جہاں کوئی طاقتور کسی کمزور پر ظلم نہ کر سکے جہاں برائی کو اچھائی پر ترجیح نہ دی جائے۔ آج شیطان بزرگ امریکہ اور اس کے چیلے داعش ،القاعدہ اور طالبان اسلام ناب کے حقیقی چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شیطان  بزرگ امریکہ، اسرائیل ،سعودی عرب ا ور  ان کے دستر خوان پر  پلنے والے  یزیدی افکار رکھنے والےعناصر کو علم ہونا چائیے کہ  شیعیان حید کرار اہل بیت عصمت و طہارت سے محبت کرتےرہیں گے اور ان  کا غم مناتے رہیں  گے اور قیامت تک یہ سلسلہ  بڑی آب و تاب  کے ساتھ جاری و ساری رہے گا۔
  باطل کے سامنے جو جھکائے  نہ  اپنا  سر
سمجھو کہ اس کے ذہن کا  مالک حسینؑ ہے


تحریر: محمد لطیف مطہری کچوروی

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں عزاداری سید الشہداءؑمیں بیجارکاوٹوں ، بانیاں مجالس کو حراساں کرنے اور خواتین بانیان مجالس کے خلاف مقدمات کے اندراج کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے  عزاداری میں رکاوٹیں اہل بیت ؑ سے دشمنی کا ثبوت ہیں، آئین پاکستان اورشہری حقوق ہمیں عزاداری کرنے کا بھرپور حق دیتے ہیں، پنجاب کے متعصب حکمران ہم سے ہمارا یہ جائز حق نہیں چھین سکتے، چودہ سو برس سے جاری یہ مجالس اور جلوس نا پہلے کے یزید روک سکے اور نا آج کے یزید میں یہ صلاحیت موجود ہے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ ن لیگ محرم الحرام میں عزاداروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی، ان کا گھرانہ عزاداری کا احترام کرتا ہے، اہل بیت ؑ سے محبت ان کے والد نے انہیں سکھائی ، یہ تمام دعوے محرم کے آغاز میں ہی دھرے کے دھرنے رہ گئے اور مریم نواز صاحبہ کی جماعت اہل بیت ؑ کےذکر کے خلاف تمام حدود کو پار کرچکی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کسی خام خیالی میں نا رہے عزاداری سید الشہداءؑ ہماری شہہ رگ حیات ہے ہم ایک انچ بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) آئی جی ايف سی ميجرجنرل نديم احمد انجم کےزيرصدارت محرم الحرام کی مناسبت سےہيڈکوارٹرايف سی ميں سکيورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں  مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا اور مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی سمیت دیگرمکاتب فکرکی  مذہبی سماجی شخصیات نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتےھوۓ آئی جی ايف سی ميجرجنرل نديم احمد انجم نے کہاں کہ اتحادبين المسلمين،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور يکجھتی کے سلسلے ميں ايک دوسرےکا بھرپور ساتھ ديں،محرم الحرام ہميں قربانی،صبر اور اتحاد کا پيغام ديتا ہے،پاکستان ميں فرقہ واريت نہیں ہے بلکہ دہشتگردی ہے دہشتگرد کاکوہئ مذہب نہيں ھوتا اور ہم سب نے مل کر ان کا قلع قمعہ کرنا ہے،دشمن ہمارے اتحادوامن کو تباہ کرنے کے لےہر ممکن حربے استعمال کررہا ہے جيسےہم سب نےمل کر ناکام بنانا ہے،ہمارا مثالی اتحاد فرقہ بندی سے بالا تر ہےاور يہ اتحاد جاری رہے گا،فرقہ وارانہ اور گڑبڑ پھيلانے والے عناصر سےھوشيار رہا جائےاور ان کی بروقت نشاندہی کی جاۓ۔تاکہ شرپسندوں کو کيفرکردار تک پہنچایاجاسکے۔

وحدت نیوز (تفتان) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا کی گزارش پر بلوچستان حکومت کی جانب سے زائرین کربلا ومشہد کی سہولت کے لئےنئے پاکستان ہاؤس کی کشادہ عمارت کا افتتاح کردیا گیا ہے، کمشنر کوئٹہ امجد علی خان نے گذشتہ دنوں پاکستان ہاؤس کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، منصوبے پر 90ملین روپے لاگت آئی ہے اور یہ منصوبہ ڈیڑھ برس کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچا ہے، واضح رہے کہ زائرین کودرپیش سنگین مشکلات کے باعث ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبد المالک سے نئے پاکستان ہاؤس کی تعمیرکا مطالبہ کیا تھابعد ازاں ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے دورہ تفتان بارڈر کے موقع پر اس منصوبے کا معائنہ کیا تھا اور تعمیراتی کام کی جلد تکمیل کی ہدایت کی تھی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اسد عباس نقوی نے وفاقی دارالحکومت میں داعش کے پرچم آویزاں ہونے پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ماہ محرم الحرام کے آغاز پر اسلام آباد کی مصروف شاہراہ پر عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے پرچم آویزاں ہونا خطرے کی گھنٹی ہے، ایک جانب پورےملک میں اہل بیت ؑ سے عشق کرنے والے شیعہ سنی عوام نواسہ رسول ﷺ کی یاد منانے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب داعش جیساسفاک گروہ پاکستان میں اپنے وجود کا اظہار کررہاہےجوکہ خدا نا خواستہ کسی بڑے سانحہ کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتا ہے، اسد عباس نقوی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے اسلام آباد اور اس کے گرد ونواح میں داعش اور اس جیسی دیگر کالعدم تنظیموں کے سلیپرسیلز کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے ، شام و عراق سمیت دیگر عرب ممالک میں داعش کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے خلاف بربریت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، لہذٰا وزیر داخلہ اسلام آباد میں داعشی کی موجودگی کا سختی سے نوٹس لیں اور مجالس اور جلوس کی بھر پور سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئےکہاہے کہ محرم الحرام ہمیں حسینیت کا درس دیتا ہے۔ حسینت باطل قوتوں کے سامنے دلیری سے ڈٹ جانے کا نام ہے۔چودہ سو سال بعد آج پھر یزیدیت تکفیریت کی شکل میں سر اٹھا رہی ہے۔شیعہ سنی وحدت کے ہتھیار سے دور عصر کے یزیدی ارادوں کو پسپا کیا جا سکتا ہے۔یزید محض ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک فکر کا نام ہے۔اس باطل فکر کی راہ میں وہ افراد رکاوٹ ہیں جو حق شناس ہیں۔اسلام دشمن طاقتوں کی پیروی سے انکار ہی حقیقی حسینیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت رکھنے والا ہر شخص نواسہ رسول ﷺ کے ایام عزا میں سوگوار ہے۔عزاداری سید الشہدا امام عالی مقام سے تجدید عہد اور مودت کے اظہار کی عملی شکل ہے۔اسلامی تعلیمات کی حقیقی معنوں میں پیروی اور رضا ئےربی پر بلا چوں چراں لبیک کہنے کا نام حسینیت ہے۔دنیاوی منفعت کو اسلامی قدروں سے مقدم رکھنا یزیدیت ہے۔ حسینی کردار دین حق کی سربلندی کے لیے ہمیشہ میدان عمل میں موجود نظر آئیں گے۔باطل قوتوں کے لیے میدان کو کبھی خالی نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔ کربلا محض ایک درد ناک سانحہ نہیں بلکہ باوقار زندگی کے لیے ایک بہترین درس ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree