The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پولیس ٹریننگ سینٹرکوئٹہ پر ملک دشمن سفاک تکفیری دہشت گردوں کے حملے پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ریاست اور اس کے مقتدرادارے تکفیری دہشت گردوں  کے ہاتھوں عوام اورسکیورٹی اہلکاروں کے قتل عام پر تماش بین کا کردار ترک کریں ، پاکستان مزید اس خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایک مخصوص منحوس تکفیری سوچ ایک وطن کے استحکام اور استقلال کی دشمن بنی ہوئی ہے ،ریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان کو اس ملک کے اصل دشمنوں کے خلاف استعمال کرنے میں آج تک ناکام نظر آتے ہیں   ، اس وطن میں جو آگ شیعہ سنی معتدل پاکستانیوں کے گھروں میں لگائی گئی آج سکیورٹی اداروں سمیت پورا ملک اس میں جھلس رہاہے ، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹرمیں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور ریاستی اداروں سے مجرموں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزاکا مطالبہ کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک دشمن اندرونی وبیرونی قوتیں پاکستان کی ترقی وخوثحالی کی بھی مکمل مخالف ہیں ، سانحہ سول اسپتال کوئٹہ، سانحہ آرمی پبلک اسکول، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا ایک ہدف پاک چین اقتصادی راہداری کی ناکامی بھی ہے لہذٰا ریاستی اداروں کے پاس ان ملک دشمن عناصرکے خلاف فیصلہ کن اقدام کا یہ آخری موقع ہے ، نیشنل ایکشن پلان کو محب وطن جماعتوں اور شخصیات کے خلاف بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرنے بجائے عوام اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف استعمال کیا جائے ۔

وحدت نیوز(باغ) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا ہے کہ 24اکتوبر یوم تاسیس آزاد ریاست جموں و کشمیر ، وہ تاریخی دن ہے کہ جس دن آزاد خطہ کے مسلمانوں نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ اپنی آزادانہ و انقلابی حکومت کی بنیاد رکھی۔ 22اکتوبر اہلیان مظفرآباد کے لیے اہمیت کی حامل،قبائلی مجاہدین کے ساتھ ملکر ڈوگرہ راج کو اس شہر سے نکال باہر کیا گیا۔آزادی پاکستان کے بعدوہاں سے بھاگ کر خطے میں پناہ لینے والے ہندؤں نے مسلمانوں کی قتل و غارت کا پروگرام بنا رکھا تھا ۔ جس کو مظفرآباد کے عمائدین نے تدبر و فہم سے ناکام بنایا ۔ ڈوگرہ حکومت کی درپردہ مدد کے ذریعے عید کے اجتماعات کو نشانہ بنانے والوں کو منہ کی کھانی پڑی، دوسرے کے لیے کھودے جانے والے گڑھے میں خود گرے۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے اہلیان کشمیر کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر نے ضلع باغ کے دورے کے موقع پر ضلعی تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔

 انہوں نے کہا کہ یقینا آزادی ایک ایسی نعمت ہے کہ جس کے لیے انسان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا ۔ آزادی کی قدر و قیمت وہی جان سکتا ہے جس نے غلامی کو دیکھا ہو ۔ 24اکتوبر کو ایک حصہ بھارتی چنگل سے آزاد ہوا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں نہ مذہبی آزادی ہے نہ سیاسی، وہاں شہریوں کی زندگی تک محفوظ نہیں ۔ بھارت نے اپنے اس مکروہ افعال کی تکمیل کے لیے 8لاکھ افواج نہتے کشمیریوں پر جھونک رکھی ہے۔ جو آئے روز بے گناہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کی افواج کو یہ علم نہیں کہ وہ آگ سے کھیل رہی ہے اور اس آگ کی چنگاری حال ہی میں برہاں مظفروانی کی صورت میں سامنے آئی ۔ جس نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی اور اس چنگاری نے پلک جپکتے ہی بھارت کے سیکولرازم کے جھوٹے دعوؤں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آزادی حاصل کر لی ، اس نعمت عظمیٰ پر خدا وند منان کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔ اس آزادی کوچار چاند لگانے، حقیقی آزادی بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے ۔تعلیم ، صحت ،روزگار ، سڑکوں کی زبوں حالی اور اس طرح کے بیسیوں مسائل ایسے ہیں کہ جن کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم سب حق مگر غریب کی پہنچ سے دور کیوں ؟ صحت سب کے لیے مگر سرکاری ہسپتالوں میں سرنج تک دستیاب نہیں ؟ روزگار بنیادی مسئلہ مگر ہر دوسرا آدمی بے روزگار؟ سڑکوں کی حالت ایسی کہ جیسے ڈوگرہ راج کے وقت بنی ہوں؟ صفائی کے انتظامات ایسے کہ ڈینگی جیسی وبا نے بھی اس خطے کا رخ کر لیا؟ کرپشن ، اقربا پروری اور لالچ نے خطے کو دیوالیہ بنا رکھا ہے؟ ارباب اختیار صرف انجوائے منٹ اور فوٹو سیشن تک محدود ۔ کیا ہمیں اس خطہ کو ماڈل خطہ نہیں بنانا چاہیے۔ یقینی طور پر آزاد کشمیر کو ایک ماڈل سٹیٹ کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیئے جانے کی ضرورت ہے تا کہ بتایا جا سکے کہ اس خطے نے آزادی حاصل کر کے کیا پایا ہے؟ موجودہ حکومت نے بھی تین ماہ گزار لیے مگر اس وقت تک کوئی عملی قدم نظر نہیں آرہا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے کی ترقی کے لیے ، میرٹ اور گوڈ گورننس کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا جائے ۔ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری ہر فرد اپنے حصے کا کردار ادا کرے تا کہ ہمارے اسلاف نے جو اس خطے کو بنانے کے لیے قربانیاں دی تھیں ان مقاصد کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کا پارٹی امور اورموجودہ ملکی صورت حال پر مشترکہ اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم لاہور میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر شیرازی و صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے کی،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی مہدی عابدی سمیت صوبائی کابینہ و ضلع لاہور کے کابینہ اراکین شریک ہوئے،اجلاس میں ملک بھر میں محرم الحرام میں امن عامہ کو برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو سراہا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پنجاب میں کاونٹر ٹیریزم ڈیپارٹمنٹ بلا جواز بیلنس پالیسی کے تحت ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے،جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ظالم اور مظلوم کو ایک صف میں کھڑا کرنے کا عمل دہشت گردی کیخلاف جنگ کو متاثر کرنے کی سازش ہے، ہم وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اداروں میں شامل کالی بھیڑوں کیخلاف نوٹس لیں ،جو اپنی جعلی کارکردگی دکھانے کے لئے مظلوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانے بنانے میں مصروف ہیں،اسی غیر منصفانہ عمل کیخلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک بھر میں جمعہ کے دن  علامتی مظاہرے ہونگے،انہوں نے کہا کہ شیڈول فور میں بیلنس پالیسی کے تحت ملت تشیع کے اتحاد بین المسلمین کے داعی جید علماء کو دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ساتھ شامل کرکے ان کی بنیادی شہریت معطل کرنے کے عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،علامہ امین شہیدی،علامہ شیخ محسن علی نجفی،علامہ مقصود ڈومکی،علامہ نیر مصطفوی سمیت پچاس سے زائد ملت جعفریہ کے بے گناہ لوگوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،اور بے گنا عزاداروں ،علمائ،اور فعال قومی کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھر پور مزمت کرتے ہیں،ہم ایسے متعصبانہ عمل کو ہر گس قبول نہیں کریں گے،اور ہم ہر فورم پر اس ظالمانہ اقدامات کیخلاف آواز اُٹھائیں گے،اگر یہ متعصابہ عمل جاری رہا تو ہم بھر پور ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مبارک موسوی صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ اور خانیوال میں عزاداروں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کے اندراج اور بے گناہ عزاداروں کو ہراساں کرنے والے انتظامیہ کیخلاف ہم عدالتوں سمیت ہر جگہ پر احتجاج کرینگے،دہشت گردی کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق کو قانون نافذکرنے والے اداروں میں شامل مٹھی بھر متعصب افراد کی جانب سے بلا جواز کاروائیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں،وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب ایسے عناصر کیخلاف ایکشن لیں بصورت دیگر ہم اپنا آئینی و قانونی اور جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے،اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال پر اپوزیشن اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے اور جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کرے،اجلاس میں بے گناہ کشمیریوں اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملکی سالمیت کی دفاع کے لئے سینہ سپر ہے اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہر صورت خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ اعجاز حسین بہشتی کا جہلم، دینہ میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ  ملک بھر میں جاری مکتب تشیع کے خلاف حکوتی کاروائیوں کے بارے میں کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھر حکومت بیلنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ملک بھر میں عزاداروں اور بانیان مجالس کو بلا جواز گرفتار اور ایف آئی آر درج کر رہی ہے جو سراسر ناانصافی اور زیادتی پر مبنی ہے ، دوسری جانب دہشت گرد عناصر کو کھولی چھوٹ دے رکھی ہیں جنہوں نے کراچی،کوئٹہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عزاداروں پر حملے کئے جن میں خواتین بچے سمیت متعدد شہید، درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، ہماری لاشیں گرنے کے باوجود ہمارے ہی جوانوں اور سماجی رہنماوں کو گرفتار اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ حکومت کی پالیس اور کاروائیاں ثابت کر رہی ہے کہ وہ مکتب تشیع کو دیوار سے لگا نا چاہ تی ہے مگر یہ بات روشن ہے کہ چودہ سو سال سے ہر ظالم حکومت نے مکتب تشیع کو دبانے کی کوشش کی اور وہ ناکام رہے اور انشء اللہ آج بھی کوئی عزاداری کو محدود نہیں کر سکتا اور عزادری امام حسین ؐ کو روکنے والے ہر دور میں یزیدی کہلائیں گے۔

وحدت نیوز (پاک پتن) جمیعت علمائے پاکستان (نیازی )کی سپریم کونسل کے چیئرمین اور شیعہ سنی اتحاد کے داعی پیرانصرفریدچشتی اچانک حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے ،مرحوم کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، ناصرشیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی، اسد عباس نقوی ، علامہ مبارک موسوی اور دیگر نے مرحوم کے پسماندگان اور جے یوپی کی اعلیٰ قیادت اور کارکنان سے دلی تعزیت اور افسوس کااظہار کیا ہے ، علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اسدعباس نقوی نے صوبائی سیکریٹری امور سیاسیات حسن رضا کاظمی کے ہمراہ مرحوم پیر انصرفرید چشتی کی رسم قل میں شرکت کی اور تعزیتی اجتماع سے خطاب کیااس موقع پر مختلف سیاسی ومذہبی شخصیات بھی موجود تھیں ، بعد ازاں اسد عباس نقوی نے سربراہ جمیعت علمائے پاکستان (نیازی)پیر سید معصوم شاہ نقوی اور دیگر کے ہمراہ دربارحضرت بابافرید شکرگنج ؒکے مزارپر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

وحدت نیوز (چنیوٹ) ملک بھر میں شیڈول فورتھ کے تحت ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سےہانکنے کا عمل قبل مذمت ہے ،یہ سراسر ناانصافی ہے اور ملک کے پر امن شہریو کا استحصال ہے ان خیالات اظہار مجلس وحدت مسلمین چنیوٹ کے ضلعی  جنرل سیکرٹری سید انیس عباس زیدی نے گذشتہ روز میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی،ایم ڈبلیوایم اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے روح رواں علامہ محمد امن شہیدی،ایم ڈبلیوایم اور ملی یکجہتی کونسل سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی جیسے جید علماء کو دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی فہرست میں ڈالنا ملت جعفریہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین واحد جماعت ہے کہ جب سب سیاسی اور مذہبی جماعتیں طالبان کے ساتھ مذاکرات کی رٹ لگارہی تھیں تو ہمارا موقف تھا کہ اس دہشت فردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑے بغیر امن ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہم 30ہزار سے زائد شہدا کا نذرانہ اس ملک کی حفاظت کے لئے دے چکے ہیں ستم ظریفی یہ ہے کہ ہمیں آج مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کی خاطر بیلنس پالیسی میں ڈالا جارہا ہے انصاف مہا کرنا تو دور کی بات ہے ۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ملت تشیع کے خلاف حکومت کے ناروا اقدام پوری قوم کے لیے تشویش کا باعث ہیں، اخوت و وحدت کے داعی شیعہ علما کی پاکستانی شہریت کی معطلی اور قومی شناختی کو بلاک کیا جانا ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی دانستہ سازش ہے، ملک دشمن قوتوں کی ایما پر ملت تشیع کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار اُنہوں نے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ احمد اقبال نے مزید کہاکہ پنجاب کے مختلف علاقوں سیاسی و سماجی شخصیات کو محض شیعہ ہونے کے جرم میں حکومتی اداروں کی طرف سے اٹھایا جانا ہمارے اضطراب میں اضافے کا باعث ہے، ہماری حب الوطنی اور قانون و آئین کی پاسداری کو کمزوری سمجھنا حکومت کا غیر دانشمندانہ اقدام ہے، اگر حکومت نے شیعہ مخالف روش تبدیل نہ کی تو ہم ملک گیر احتجاج پہ مجبور ھو جائینگے ۔ حکمران ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی کوشش ترک کرے اور ہمارے خلاف کی جانیوالی نا انصافیوں کا فوری طور پرتدارک کیا جائے ،  انہوں نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک شیعہ کمیونٹی کی ان گنت قربانیاں ہیں، اس ملک کے لیے قیام پاکستان سے اب تک بائیس ہزار سے زائد شیعہ جانوں کا نذرانہ پیش کیا جا چکا ہے، ہم اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں اور اپنے ساتھ کسی قسم کے امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مقاصد کے حصول کی بجائے دہشت گردی کے خلاف استعمال کیا جائے۔

وحدت نیوز(چھلگری) سانحہ چھلگری بولان کے شھداء کی پہلی برسی کی مناسبت سے مزار شھداء چھلگری پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی ،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان صوبہ سندہ  کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود بھی سانحہ چھلگری کے متاثرین انصاف کے منتظر ہیں ،مگر حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔سانحہ کے قاتل دھشت گردوں کو سزا دینا تو درکنار آج تک ان مجرموں کو بے نقاب تک نہیں کیا گیا۔حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو سانحہ چھلگری کے متاثرین، ایک مرتبہ پھرسڑکوں پر ہونگے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم پیغام شھداء کے وارث ہیں اور شھدائے راہ اسلام سے کیا گیا اپنا عھد،  وفا کریں گے اور دھشت گردوں کو بے  نقاب کریں گے۔اب وقت آگیا ہے کہ قوم و ملت دھشت گردوں کے ہمدردوں کو رسواء کرے۔

وحدت نیوز (بیروت) حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے حلب اور موصل میں داعش کے خلاف جنگ کو انتہائی حساس اور تقدیر ساز قرار دیا ہے۔ بیروت میں حزب اللہ کے سرکردہ کمانڈر شہید حاتم حمادہ کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ حلب اور موصل میں داعش کے خلاف جاری جنگ انتہائی حساس اور تقدیر ساز مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے تمام اسلامی ممالک میں سعودی عرب کے تخریبی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خود امریکیوں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سعودی عرب داعش کا اصل حامی اور اسے ہتھیاروں سے لیس کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلری کلنٹن نے بھی سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے داعش کی حمایت کا اعتراف کیا ہے، لیکن ان ملکوں سے باز پرس کرنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ شام کی صورتحال سے واضح ہوگیا کہ دہشت گردوں کا مقصد صرف شامی حکومت کو ختم کرنا نہیں بلکہ پورے خطے کی تہذیب اور ثقافت کو نابود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور اس جیسے دیگر گروہوں نے سب سے زیادہ اہلسنت مسلمانوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گرد صرف جنگل کے قانون کو جانتے ہیں اور خطے کی سرحدیں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اب تک دسیوں ہزار لوگوں کو قتل کرچکی ہے اور اس کے تباہ کن اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لیکن داعش کے حامیوں کے خلاف کسی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ حلب میں میں ترکی کے تمام تر اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ کسی دن اس پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام کے خلاف جنگ مسلط ہے اور مہینوں سے بے گناہوں پر بمباری کی جا رہی ہے، لیکن اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

وحدت نیوز(تہران) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکہ کے ناقابل شکست ہونے کا تصور بہت بڑی غلطی ہے اور امریکہ کی مسلسل غلطیوں نے اسے علاقے میں ناتواں اور لاچار کرکے رکھ دیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ہفتے کی سہ پہر ونزویلا کے صدر نکولس مادورو سے ملاقات میں مغربی ایشیا کے علاقے میں امریکی منصوبوں اور پالیسیوں کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تیل کی قیمتوں میں کمی کے مسئلے کو خودمختار ملکوں پر دباؤ ڈالنے کا ایک حربہ قرار دیا۔ انھوں نے خود مختار ملکوں پر موجودہ مشکلات اور مسائل مسلط کرنے کے لئے تیل کے ہتھیار کو استعمال کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دور میں کہ جب بعض اسلامی ممالک نے صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیل کی فراہمی کو بند کیا تو مغرب والوں نے تیل کے سیاسی استعمال کے بہانے ہنگامہ کھڑا کر دیا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج وہی ممالک امریکی پالیسیوں کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ ہو کر تیل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے لاطینی امریکہ کے علاقے میں سامراج مخالف تحریکوں پر ونزویلا کے اثرات کو اس ملک کی بہترین توانائی کی علامت قرار دیا اور ونزویلا کے ناوابستہ تحریک کے صدر ہونے کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مغرب اس بات میں دلچسپی نہیں رکھتا ہے کہ ناوابستہ تحریک کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو، لیکن خود مختار ملکوں کو ان کی خواہش کے برخلاف کام کرنا چاہیے اور اس صورت میں مستقبل یقیناً ماضی سے بہتر ہوگا۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اسی طرح ونزیلا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سنجیدہ فیصلے پر زور دیا اور معاہدوں پر پوری طرح عمل درآمد میں دونوں ملکوں کے حکام اور وزیروں کے اہم کردار پر تاکید کی۔ ونزویلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی اس ملاقات میں امریکہ کی دشمنیوں کے مقابل ایرانی قوم کی استقامت و مزاحمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب ملت ایران مکمل آرام و سکون اور امن و سلامتی میں زندگی گزار رہی ہے، علاقے اور ایران کے اطراف کے بہت سے ملک جنگ، تفرقہ اور کمزوری کا شکار ہیں۔ ونزویلا کے صدر نے اسی طرح گذشتہ دو سال کے دوران تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی امپیریلزم نے ونزویلا کے امور میں مداخلت اور اس کے ساتھ دشمنی کی، لیکن ونزویلا کی قوم نے اس اقتصادی جنگ میں استقامت اور مزاحمت کی اور اس وقت وہ بتدریج اقتصادی بحران سے باہر نکال رہی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree