وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم نثار فیضی نے اسلامی یونیورسٹی میں تصادم کے نتیجے میں نوجوان طالب علم کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تشدد پسندانہ رجحان کا فروغ تشویشناک ہے جسے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے اب تک ملکی سیاست اور ترقی میں طلباء کا نمایاں اور مثبت کردار رہا ہے۔جب تک اس نوجوان طبقے نے جمہوری طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اصولی اور آئینی جدوجہد کو مقدم رکھا،تعلیمی ادارے امن کا گہوارہ بنے رہے۔سیاست کے نام پر غنڈہ گردی اور مار دھاڑ کے کلچر نے خوف وہراس کی فضا میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اس سے اداروں میں تعلیمی عمل اور اور ان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندی معاشرتی امن کے لیے زہر قاتل ہے۔چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہو۔ تدریسی اداروں میں غیر سنجیدہ اور مخصوص مقاصد کے لیے سرگرم عناصر نے سارے ماحول کر خراب کر رکھا ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور اسلحہ کی موجودگی سمیت دیگر جرائم کے واقعات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ایسی صورتحال میں کسی بھی قسم کی لچک جرائم پیشہ عناصر کے حوصلوں میں تقویت کا باعث ہوگی۔انہوں نے کہا تعلیمی اداروں میں بدمعاشی کلچر کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو کسی سیاسی ضرورت یا مصلحتی تقاضوں کے تابع نہیں ہونا چاہیئے۔احتسابی عمل میں شفافیت بنیادی شرط ہے۔قانون کی راہ میں کسی کی ذاتی حیثیت یا شخصیت آڑے نہیں آنی چاہیئے ۔کسی بھی قسم کی جانبداری سے نا صرف متعلقہ سسٹم پر سوال اٹھتے ہیں بلکہ حکومتی کارگزاری پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار ہونے لگتا ہے۔پوری قوم چاہتی ہے کہ قومی خزانے کو ذاتی دولت سمجھ کر لوٹنے والوں کے احتساب میں کسی بھی قسم کی لچک نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر آئی ایم ایف کے چنگل سے بھی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ملک میں مہنگائی اور غربت کی بڑھتی ہوئی شرح سب کے لیے تشویش کا باعث ہے۔اس پر قابو پانے کے لیے معیشت کو مضبوط کرنا ہو گا۔ معیشت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ احتساب کے عمل میں تیزی لائی جائے اور اسے ہر طرح کی بیرونی مداخلت سے آزاد رکھا جائے۔
انہوں نے کہا جو قوموں کرپشن کے خلاف کڑے احتساب پریقین رکھتی ہیں انہیں ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ احتساب کے عمل کو نیک نیتی اور سنجیدہ انداز سے مثبت سمت میں جاری رکھا جائے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر دین کا وہ حکم ہے جو دین کی عزت و سربلندی کا باعث بنتا ہے۔ نیکی کی دعوت دینے والے معاشرے کے بہترین افراد ہیں۔
انہوں نےکہا کہ جس معاشرے سے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ختم ہو جائے وہ معاشرہ زوال اور انحطاط کا شکار ہو جاتا ہے۔انہوں نےکہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اھداف میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔انہوں نےکہا کہ امریکہ کی جانب سے سی پیک پر اعتراض پر حیرت ہے یہ امریکہ ہی ہے جس نے وطن عزیز پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان امریکی اور سعودی غلامی سے نکل کر اپنی قسمت کے فیصلے بیرونی مداخلت کے بغیر خود کرے۔ روس اور پاکستان کے بڑھتے تعلقات خوش آئند ہیں۔ اب امریکہ عالمی معاملات میں کمزور پوزیشن میں ہے اور پاکستان کو انٹی سامراج بلاک کو مضبوط کرنا چاہئے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کی جانب سے جاری علم قرات و تجوید قرآن کلاس کے آخری سیشن میں نتائج،تقسیم اسناد و انعامات کی مختصر تقریب کا انعقاد وحدت ہاؤس سولجر بازار میں کیا گیا۔نتائج کے مطابق سینئرز گروپ میں طالب علم صادق رضا نے پہلی، نوشاد علی نے دوسری جبکہ جونئیر گروپ میں طالب علم علی اصغر نے پہلی اور محمد علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اس دوران پوزیشن لینے والے طالب علموں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے پیٹرن کوسراہا اور کہا کہ مختصر وقت میں جامع اور تکنیکی انداز میں قراء ت و تجوید سکھانے پر مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے قاری کمیل عباس کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ قاری صاحب نے انتہائی اخلاص،توجہ اور محنت سے تمام شاگردوں کو قرآن کی تعلیم دی۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل برادر مبشر حسن نے کہا کہ قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے والے خوش نصیب ہیں۔قرآن و اہلبیت ؑ کو پس پشت ڈالنے کا نتیجہ ہے کہ آج مسلمان زوال کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول خدا ؐ نے قرآن سیکھنے او ر سکھانے والوں کو بہترین افراد قرار دیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماہ رمضان میں بھی اسی طرز کی کلاسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔علاوہ ازیں قاری کمیل نے کہا کہ طلباء اور انتظامیہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب میں طالب علم محمد طحہ ٰ نے منظوم نذرانہ عقید ت پیش کیا۔دریں اثناء پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب ہونے والے طلباء کے درمیان اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔تقریب میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے برادر ناصر حسینی،ایم ڈبلیو ایم ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری برادر حسن رضا اور برادر سجاد لیلانی نے خصوصی شرکت کی۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما و رکن شوری عالی عارف حسین قنبری نے کہا ہے کہ جی بی میں کرپشن حد سے بڑھ گئی ہے اور اینٹی کرپشن کا ادارہ نیب کی کل کارکردگی سیمینارز کے انعقاد اور میسجز تک محدود ہے۔ اپنے ایک بیان میں عارف قنبری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کرپٹ آفیسروں کیخلاف کاروائی کی بجائے نیب ان کے ساتھ فوٹو سیشن کر رہا ہے۔ میسجز، سیمینارز کے انعقاد اور ریلیاں نکالنے سے کرپشن ختم نہیں ہوگی، علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کرپشن کا قلع قمع از حد ضروری ہے جس کے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب ادھورا رہ جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ جی بی میں ایک عرصے سے حکومتی سطح پر کرپٹ پریکٹس بڑے زور و شور سے جاری ہے اور نیب نے پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ نیب نے نہ صرف خاموشی اختیار کی ہے بلکہ کرپٹ آفیسروں کے ساتھ فوٹو سیشن کرتی رہتی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ نیب اور کرپٹ آفیسرز کا گٹھ جوڑ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے سرکاری ملازمتیں فروخت ہو رہی ہے، ٹھیکوں کی کھلے عام بولیاں لگائی جارہی ہیں اور من پسند افراد کو ملازمتوں میں کھپایا جا رہا ہے اور اپنے پیاروں کو ٹھیکے نیلام کئے جا رہے ہیں اور نیب لاچار و بےبس تماشائی بنا ہوا ہے، جو لوگ کل تک ایک ایک پائی کے محتاج تھے وہ آج کروڑوں کے مالک بن گئے ہیں، دولت کی اس غیر منصفانہ تقسیم سے معاشرہ بگاڑ کا شکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت جی بی میں ایسے مخلص اور دباؤ کو قبول نہ کرنیوالے افراد کو تعینات کرے تاکہ کرپشن کیخلاف پی ٹی آئی حکومت کے نعرے کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کی کابینہ کے تین نومنتحب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقدہوئی۔نو منتحب عہدیداران میں سیکرٹری تنظیم سازی صوبیدار(ر)سید فدا حسین نقوی،سیکرٹری سیاسیات تنویر احمد مغل،سیکرٹری ویلفیئر خالد محمود عباسی شامل ہیں جن سے ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین سیدتصور حسین نقوی جوادی نے حلف لیا۔
جبکہ اس سے قبل کابینہ میں شامل ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سیدطالب حسین ہمدانی ،سیکرٹری میڈیا سیل سید وقارت حسین کاظمی،سیکرٹری امور جوانان سید اسد علی بخاری،سیکرٹری تبلیغات مولاناسید زاہد حسین کاظمی،سیکرٹری مالیات و روابط سید عامر علی نقوی،سیکرٹری امور مہاجرین ِکشمیر سید پیر حسن شاہ نقوی اپنے اپنے عہدوں کاحلف اٹھا چکے ہیں۔حلف برداری کی اس تقریب کے موقع پرکابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر نے کی ۔
اپنے خطاب میں ریاستی سیکرٹری جنرل نے تنظیم کی ضرورت اور مجلس وحدت مسلمین کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئےکہا کہ مولا علی علیہ السلام سے سوال کیا گیا کہ عدل و سخاوت میں کونسی چیز افضل ہے۔مولا نے فرمایا عدل کیونکہ سخاوت چیزوں کو منتشر کرتی ہے جبکہ عدل چیزوں کو اپنے مقام پر رکھتا ہے لہٰذامجلس کے قیام کا مقصد پاکستان میں عادلانہ نظام کے قیام کی جدو جہد ہے ایسے نظام کا قیام جس کی بنیاد تعلیمات محمد و آل محمد علیھم السلام پر استوار ہو۔مجلس کے مختلف شعبے تسبیح کے دانوں کی مانند ہیں جو ایک دھاگے کے ساتھ باہم مربوط ہیں۔ہمیں چاہیے کے ہم تنظیم کے امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔شعبہ جاتی امور میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔اجلاس سے نومنتخب عہدیداران کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا طالب ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔