وحدت نیوز(اسلام آباد) معروف خطیب اہل بیت ؑ گلفام حسین ہاشمی کے چھوٹے بھائی اور شاعر آل عمران ؑشوکت رضا شوکت کے ماموں شاعر آل عمران ؑضرغام حسین ہاشمی قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے ۔ مرحوم کی رحلت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ مرحوم نے ساری زندگی ذکر اہل بیتؑ میںصرف کی ،ان کا انتقال اہل ممبر اور ادب کا بڑا نقصان ہے ۔خدا ذکر سید الشہداءؑ کے وسیلے مرحوم کو شہدائے کربلاؑ کے جوارمیں محشور فرمائے اور برادر عزیز ومحترم خطیب اہل بیت ؑ گلفام حسین ہاشمی اوربرادر عزیز ومکرم شاعر آل عمران ؑشوکت رضا شوکت سمیت تمام پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔
وحدت نیوز(کراچی) بھارت عالمی دھشتگرد ہے کشمیر میں بھارتی انہتا پسندی دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ستر سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے ایک طویل جدوجہد جاری رکھے ہوۓ ہیں ان خیالات کا اظہار رکن پنجاب اسمبلی و مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا ۔
انھوں نے بھارت کی غاصبانہ حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ظلم کی انتہا اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوۓ خصوصی اختیارات سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جو کہ مسلمانوں سے نفرت میں ظلم و ذیادتی کی تمام حدیں پار کر چکے ہیں۔ مودی سرکار خطے کے امن و امان کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ بھارت کو یاد رکھنا چاہئے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے حق آذادی کے لئے آواز اٹھاۓ گی انھوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے شھداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جاے گا اور کشمیری عوام اپنی آذادی کا سورج طلوع ہوتے ضرور دیکھیں گے۔ محترمہ زھرا نقوی نے خواتین سے اپیل کی وہ جمعے کے روز مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لبیک کہتے ہوۓ گھروں سے نکلیں اور اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں صداۓ احتجاج بلند کریں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا باقر عباس زیدی کی وفدکے ہمراہ کمشنر کراچی افتخار شہلوانی سے ملاقات۔کمشنر آفس میں ہونےوالی ملاقات میں شہر میں حالیہ بارشوں کی پیشن گوئی پر انتظامیہ کو مجلس وحدت مسلمین کے تعاون کی یقین دہانی۔ایم ڈبلیوایم کے وفدکی جانب سے علاقائی بنیادی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زوردیا گیا۔ ایام عزا سے قبل ضلعی انتظامیہ اورمجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں کے مابین ملاقاتوں اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنزکی نامزدگی کے حوالےسے اورباہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کمشنر کراچی نےایم ڈبلیوایم کے وفدکو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔مجلس وحدت مسلمین اور کمشنر کراچی آفس کے مابین رابطہ کو تقویت دینے کی تجویز پردو طرفہ فوکل شخصیات کا تعین کیا گیا ۔شہداء کے لواحقین کو باقی ماندہ معاوضہ جلد ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی حسین نقوی، کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کوئٹہ میں ملک دشمن تکفیری دہشتگردوں نے ایک دفعہ پھر معصوم شہریوں پر وار کر کے ثابت کر دیا کہ یہ درندے کسی بھی رحم کے قابل نہیں ان ظالموں کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کے بغیر بلوچستان میں امن کا قیام ممکن نہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نےحیدری مارکیٹ کوئٹہ میں ملک دشمن دہشت گردوں کے بم دھماکے کے خلاف مرکزی میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ حیدری مارکیٹ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل تشیع ہزارہ جوان کی شہادت واقع ہوئی اور ایک درجن سے زائد شیعہ سنی شہری شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ کوئٹہ میں دہشت گرد دھندناتے پھر رہے ہیں اور دن دہاڑے نہتے عوام کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن افسوس کے کوئٹہ میں سکیورٹی ادارے ان دہشت گردوں کو قابو کرنے میں ناکام ہیں ۔ اہل تشیع شہری ان تکفیری دہشت گردعناصر کا آسان ہدف بننے ہوئے ہیں ۔
علامہ احمد اقبال رضوی نےکہاکہ گذشتہ ہفتے میزان چوک پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کی قبر کی مٹی بھی خشک نہ ہوپائی تھی کہ آج ایک اور افسوس ناک واقعہ رونما ہوگیا۔انہوںنے آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیاکہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں وزیرستان طرز کا آپریشن ان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے انجام دیا جائے ۔علامہ احمد اقبال رضوی نے سانحے میں شہید ہونے والے عبدالحسین کے لئے مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کے ساتھ تمام زخمیوں کیلئے فوری صحت یابی کی دعاکی ہے ۔
وحدت نیوز(کراچی) بھارت جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے خطے کو آگ و خون کے سمندر میں جھونک رہا ہے،اگر اقوام عالم نے بھارتی غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کو نہ روکا تو کروڑوں انسانوں کی جانوںکو خطرات لاحق ہو نگے۔بھارت حقیقی معنوں میں جنوبی ایشیاءکا اسرائیل ہے جو کہ کشمیریوں پر گزشتہ ستر سالوں سے مظالم ڈھا رہا ۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں بروز جمعہ یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا،بھارتی جارحیت کے خلاف بعد از جمعہ ملک گیر احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی ،علی حسین نقوی ، مولانا صادق جعفری،مولانا علی انور،علامہ مبشر ،میر تقی ظفر، مولاناغلام عباس نے وحدت ہاوس سولجر بازار صوبائی دفتر میں اپنی مشترکہ پریس کانفرنس سے کیا۔
علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کسی بھول کا شکار ہے اور اسرائیلی روش اپنا رہا ہے،جس طرح اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی مسلمانوں پر ظلم وستم اور جبر و استبداد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اسی طرح بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، کشمیر کے مسلمان اپنی جانوں پر کھیل کر اپنے حقوق کا دفاع کرینگے،اور ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائی کی مدد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،مودی سرکار کو یاد رکھنا چاہیئے آج ہمارے دفاعی ادارے اور افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتے ہیں،اور سب سے بڑھ کے مسلمانان پاکستان کے دلوں میں جذبہ جہاد کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا ہے جس کا کوئی توڑ نہیں،ہندوستان، مسلمانان پاکستان کے جذبہ ء جہاد و شہادت کا مقابلہ نہیں کر سکتا،ہم کٹ مریں گے مگر غلامی،اور جبر کو برداشت نہیں کریں گے۔حکومت پاکستان کسی دباو میں نہ آئے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور حقوق کی حصول کیلئے سفارتی مہم تیز کرے اور مسلم ممالک کو اعتماد میں لے جبکہ داخلی طور پہ بھی اس اہم ایشو پر تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو اعتماد میں لے کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم مظلوم کشمیری بہنوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی ایک قوم اور جسد واحد ہیں،اپوزیشن ہو یا حکومتی جماعتیں اس مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں۔کانفرنس سے خطاب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہند وستان سو سال اور بھی کوشش کرلے کشمیر کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، ہندوستان اربوں ڈالر ز اور لاکھوں فوجی لگا کر بھی تحریک آزادی کشمیر کو خاموش نہیں کروا سکا ہندوستانی قیادت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے گزشتہ چند دنوں میں قابض ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں ہونی والی شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ستر سالوں میں مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ اور عالمی امن کی علمبردار تنظیموں کے منہ پر طماچہ ہے ۔ہزاروں شہادتوں اور لاکھوں افراد کے زخمی ہونے کے باوجود عالمی ضمیر پر جوں نہیں رینگی بھارت کا بھیانک چہر ہ اگر کسی نے دیکھنا ہے تو وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو دیکھ لے ۔ہے مسئلہ کشمیر پر عالمی امن اداروں کا کردار انتہائی افسوس ناک ہے ۔کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ہم کشمیری بھائیوں کی ہر پلیٹ فارم پر حمایت جاری رکھیں گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم کا مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کےخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان ۔بروز جمعہ ملک کے ہر کونے کونے سے اپنے مظلوم نہتے کشمیری بھائیوں کے لئے صدائے احتجاج بلند کی جائے گی ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گئے پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار ہے بھارت کی جموں و کشمیر ، لداخ میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں خطے کو بدامنی میں دھکیل دے گی ۔عالمی برادی اس کشیدہ صورت حال پر نوٹس لے ۔ان خیالات کا اظہار سربرامجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی رہنماوں علامہ احمد اقبال رضوی،سید محمد آغا رضا ،فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے مذہبی ہم آہنگی سید اسد عباس نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کی ڈگر پر چل رہا ہے لیکن اسے یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسرئیل تمام تر مظالم اور کوششوں کے باوجود نہتے فلسطیوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکے قابض بھارتی افواج جس قدر کشمیر میں مظالم کو تیز کررہی ہے جدوجہد آزدی کی تحریک اسی قدر منزل سے قریب تر ہوتی چلی جارہی ہے ۔ ہماری وزرت خارجہ کو موجودہ صورتحال کے پیش نظرمسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کےخلاف آگاہی کے لئے سفارتی سطح پر ایمرجنسی بنیادوں پر بھرپور انداز میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا ۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کسی دباو کے بغیر مسئلہ کشمیر پر عوام کو اعتماد میں لے عوام حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ایک جسد واحد کی مانند کھڑی ہو گی ۔ اقوام متحدہ ،اور او آئی سی کو اس نازک صورتحا ل پر موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف کشمیر کی عوام کے امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔کشمیر ی عوام اس مسئلے کا سب سے اہم فریق ہیں ۔ مودی سرکار کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورت حال پیدا کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں ہم تنہا نہیں ہم آپ کی اس جدو جہد میں آپ کے شانہ بشانہ ہیں اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے پوری قوم تیار ہیں،بھارت کا غرور انشااللہ خاک میں مل جائیگا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔