وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن اور خانوادہ شہید کے زیر اہتمام ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شہید علامہ دیدار علی جلبانی (رح) اور ان کے جانثار محافظ شہید سرفراز بنگش کی ساتویں برسی کے موقع پر جامع مسجد حسینی (ع) سچل گوٹھ میں مجلس ترحیم منعقد ہوئی، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ مختار احمد امامی، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی، ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی اور علامہ رجب علی بنگش نے خطاب کیا، مجلس ترحیم میں بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

 اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ شہید علامہ دیدار علی جلبانی ایک نڈر اور شجاع عالم دین تھے، استعماری طاقتوں کے ایجنٹوں نے ایک ایسی آواز کو ہم سے چھینا ہے کہ جو امریکہ مخالف اور دنیا بھر کے مظلوموں کی حامی آواز تھی، انشاءاللہ ہم ان کا مشن جاری و ساری رکھیں گے اور ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کیلئے میدان میں حاضر رہیں گے، شہید علامہ دیدار جلبانی نے اپنی پوری زندگی میں استعماری قوتوں کو انتہائی شجاعت کے ساتھ للکارا اور ان کی سازشوں کو ناکام کرتے ہوئے ہمیشہ اتحاد کا پرچم بلند کیا، شہید جلبانی نے اپنے خون کے ذریعے امت مسلمہ کے اتحاد کی ایک ایسی امید روشن کی ہے کہ جو ہمیشہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے صوبائی کابینہ کا اعلان کر دیا اور اراکین کابینہ سے حلف بھی لیا۔ علامہ ارشاد علی اور علامہ جہانزیب جعفری کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے لئے نامزد کیا گیا، جبکہ علامہ مزمل حسین کو سیکرٹری تبلیغات، حاجی علی داد خان کو سیکرٹری سیاسیات، علی رضا طوری کو سیکرٹری ایمپلائیز ونگ، مولانا مرتضیٰ عابدی کو سیکرٹری تربیت، سید اسرار حسین شاہ کو سیکرٹری تعلیم، جلال حسین طوری کو سیکرٹری یوتھ ونگ، نیئر عباس جعفری کو سیکرٹری عزاداری کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری علامہ وحید کاظمی نے نو منتحب اراکین کابینہ سے حلف لیا۔ جس کے بعد صوبائی کابینہ کا باقاعدہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبہ بھر کیلئے تنظیمی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اس موقع پر بلدیاتی الیکشن میں بھرپور کردار ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس کے اعلان کے مطابق گٹی داس بابو سرٹاپ بس حادثے کے زخمیوں میں فی کس 50 ہزاروپے تقسیم کر دیئے گئے۔ اس موقع پر علامہ اقبال بہشتی رکن شوری عالی ، مرکزی سیکرٹری تعلیم ایم ڈبلیو ایم نثارفیضی اورمرکزی ڈپٹی میڈیا سیکریٹری مظاہر حسین شگری نے زخمیوں میں رقوم تقسیم کیں ۔

گزشتہ دنوں گٹی داس بابو سرٹاپ بس حادثے میں شدید زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی لایا گیا تھا جن کی عیادت کے موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضوی کی جانب سے زخمیوں کے لئے فی کس 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا تھا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چہلم امام حسین علیہ السلام پر عراق جانے والے زائرین امام حسین علیہ السلام کو درپیش مشکلات پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا فوری نوٹس۔ایم ڈبلیوایم کی جانب سے عراقی او رپاکستانی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے فوری رابطہ کرلیاگیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے عراقی حکومت کے نام مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستانی زائرین امام حسین علیہ السلام کو ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ادھر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امورخارجہ نے نجف اشرف میں آیت اللہ حافظ بشیر نجفی صاحب کے دفتر سے رابطہ کیا اور پاکستان میں زائرین کو عراق کے ویزوں کے حصول میں مشکلات سے آگاہ کیا اور دفتر آیت اللہ بشیر نجفی سے اس معاملے میں کردار ادا کرنے کی گذارش کی۔

اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ سیاسیات نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ذولفی بخاری سمیت دیگر شخصیات سےبھی رابطہ قائم کرلیاہے اور ان سے عراقی ویزوں میں زائرین کو درپیش مشکلات پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔

 معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان ذولفی بخاری نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس ایشو پر فوری اقدامات کریں گے تاکہ زائرین کے مسائل بروقت حل ہوں۔

واضح رہےکہ مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران زائرین کے مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ انشاءاللہ زائرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کیتھولک کلب کراچی میں مذہبی،سیاسی جماعتوں،وکلاء،پولیس حکام، دانشوروں ،الیکٹرونک،پرنٹ  میڈیا،صحافی حضرات،تاجر برداری،مساجد وامام بارگاہ کے ٹرسٹیز، اسکاؤٹ تنظیموں،ماتمی انجمنوں کے لئے بیاد شہدائے کربلا نیاز حلیم کا اہتمامِ کیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،رہنما علامہ احمد اقبال رضوی ،علامہ باقر عباس زیدی،پی ایس پی کے رہنما آصف حسنین،حاجی انور،محمد دلاور،پی پی پی کے سہیل عابدی ،فرید انصاری،امیر شاہ، ایم کیو ایم کے رہنما قمر عباس رضوی ، معرف سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ،دیو بند عالم دین علامہ منظر الحق تھانوی ،عوامی تحریک کے آصف اللہ رکھا،پاکستان فلاح پارٹی کے جنید منشی،پیس کمیٹی کے چیئرمین اونگزیب سلطان ،سماجی رہنما رمضان ناتھا،عوامی حقوق تنظیم کے چیئرمین سلیم سچوانی،الیکشن کمیشن کے ندیم جعفری،زاکرین امامیہ کے سیکر ٹری جنرل علامہ نثار قلندری،، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا،بوہرہ کمیونٹی کے منصور جے ،ظفر عباس جے ڈی سی ، یوتھ فائونڈیشن کے محمد عسکری ،شیعہ رہنما رضی حیدر صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر،ناصر الحسینی،کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری،علامہ مبشر حسن،علامہ سجاد شبیررضوی،مولانا احسان دانش، معروف نعت خواں حکیم فیض سلطان قادری ،بوتراب اسکاؤٹس کے محمد ضامن، سید ناصر آغا ،نقی لاہوتی ،علی رضا جعفری ،انوار رضوی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

نیاز حلیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کو جو درس امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنے شہادت کے ذریعے پیش کیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم لوگ اس محفل میں امام حسین کے نام پر جمع ہوئے ہیں۔ امام حسین نے کہا تھا کہ اگر یزید جیسا حاکم اسلام پر نافذ ہوجائے تو اسلام کی فاتحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑکا قیام ظالم کے مقابلے پر تھا۔دنیا میں انبیاء علیہ السلا م کو ظالم کیخلاف قیام کیلئے بھیجا گیا تھا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ ہمارے شہید قائد کہتے تھے کہ ہم مظلوم کے حامی اور ظالم کیخلاف ہیں۔آج کشمیر بحرین یمن روہنگیا سمیت جہاں جہاں ظالموں کا ظلم ہے ہم اس کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت ایسے کرنی ہے کہ ہمارا ہاتھ ظالم مودی کے گریباں پر ہو۔ کشمیریوں کو انکے حقوق ملنے چاہیئے۔ انہو ں نے کہا کہ فلسطینیوں کو طاقتور بنایا گیاہے آج وہ اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔اگر کشمیریوں کو فلسطین کی طرح سپورٹ کیا جاتا تو آج مودی کی یہ جرات نہیں ہوتی۔

 علامہ راجہ ناصرعباس نے مزیدکہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ اچھے سے لڑا۔انکا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی ایک ناکام وزیرخارجہ ہے ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑنے میں ناکام رہی۔ علامہ راجہ ناصرعباس نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ کو کشمیریوں سے خیانت پر تبدیل ہوجانا چاہیے۔ یمن کے مظلوموں کیخلاف پاکستان کا ووٹ دینا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص پاکستان کی خارجہ پالیسیوں کا فیصلہ لینے والے کون ہوتا ہے۔ پاکستان کا وزیر خارجہ ایک شجاع اور بہادر ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جو بھی ظالم ہے وہ اس دور کا یزید ہے۔ آج پاکستان میں مسنگ پرسنز کا ایشو ریاستی اداروں کے منہ پر داغ ہے۔ مسنگ پرسنز کے بوڑھے ماں باپ، بیٹیاں، انکی جوان بیویاں آج در در کی ٹھوکریًں کھا رہی ہیں۔ہم پاکستان کے ان مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک زندہ ہیں ظالموں کے ظلم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

نیاز حلیم سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی رہنما آصف حسنین کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہے ۔ ہم امام حسینؑ سے درس حریت لیتے ہوئے ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ اپنے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسنگ پرسنز کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم ان لاپتہ افراد کو بازیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) وزیر اعظم عمران خان نے یو این میں قومی امنگوں اور جذبات کی ترجمانی کی ۔ اقوام عالم پرپاکستان کی جانب سے حجت تمام کر دی گئی ہے  ۔ اب دنیا کی باری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت اسلاموفوبیا اور دہشتگردی جیسے مسائل پر مثبت کردار ادا کرئے ۔ان خیالات کا اظہار ترجمان  مجلس وحدت مسلمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ایشیا کے سلگتے مسائل پر اقوام۔متحدہ کی مداخلت ضروری ہو گئی ہے اس وقت خطے میں پاکستان ہندوستان سمیت افغانستان اور یمن میں جاری  جنگی صورت حال  انتہائی گھمبیر شکل اختیار کر چکی ہے ۔ اقوام عالم کی بے حسی اور  خاموشی نے جنوبی ایشیا کے امن اور ترقی کو تباہ کر دیا ہے ۔ طاقت ور مملک کے مفادات نے خطے کو گزشتہ کئی دہائیوں سے آگ اور خون میں غلطاں کئے رکھا ہے ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ فلسطین سے لے کر یمن اور روہنگیا تھا ہر جگہ مسلمان بدترین صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں ۔ عالم اسلام کی اقوام کو اپنے اپنے ملک کے مفاد پرست اور استعماری مہروں سے جان چھڑانی ہو گی اور عالم اسلام سے مخلص قیادتوںکو سامنے لانا ہو گا ۔ ایسی قیادتیں ہی عالم اسلام۔کو موجودہ صورت حال سے نکلنے کے لئے راہ حل دے سکتی ہیں  ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree