The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصودعلی ڈومکی نے 9  اپریل عالم اسلام کے مجاہد مبارز عالم دین اور عصر حاضر کے عظیم مفکر مصلح فیلسوف شہید آیہ اللہ سید محمد باقر الصدر کے 42 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ شہید باقر الصدر نابغہ عصر اور عظیم مفکر تھے جنہوں نے علم فلسفہ اور اقتصاد اسلامی پر معرکہ الآراء کتب تحریر کیں۔ آپ اسلامی حکومت کو بشری ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے انسانی صلاحیتوں کے ارتقاء کا واحد ذریعہ سمجھتے تھے۔ نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کے زبردست حامی تھے۔ حضرت امام خمینی اور انقلاب اسلامی سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ نے فرمایا۔ امام خمینی کی ذات میں یوں فنا ہو جاو جیسے وہ اسلام میں فنا ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید باقر الصدر فقط عراق ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ظالم حاکم کے سامنے کلمہ حق ادا کرکے آپ نے افضل جہاد کیا جو آپ کی شہادت پر منتہی ہوا۔ آپ کی بہادر بہن سیدہ آمنہ بنت الھدی بھی اپنے بھائی کی جرئت مجاہدت علم اور تقوی کا عکس تھیں آپ صدامی مظالم کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئیں۔آپ نے بعث پارٹی کی ممبرشپ کو حرام قرار دینے کا تاریخی فتوی صادر کیا۔

شہید باقر الصدر نے اپنے پاکیزہ خون سے اپنی صداقت کی گواہی دی۔ باقر الصدر آج بھی زندہ ہیں۔ ان کے پاکیزہ افکار کروڑوں عاشقوں کی صورت زندہ و تابندہ ہیں۔ صدام نابود جبکہ باقر الصدرو آمنہ بنت الہدیٰ آج بھی زندہ و تابندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین عراق نے ہر دور میں ایسی مایہ ناز شخصیات کو جنم دیا ہے جو عالم انسانیت کا سرمایہ افتخار رہے ہیں۔ عراقی عوام اور امت مسلمہ پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ شہید سید باقر الصدر کے افکار اور تعلیمات کو زندہ رکھیں۔ اور عراق کی مقدس سر زمین کو امریکی استکبار اور طاغوت کے نجس وجود سے پاک کرتے ہوئے شہید باقر الصدر کے حکومت اسلامی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے وفد نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ،وفد مرکزی اراکین مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محترمہ زینب بنت الھدی، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ، مرکزی سیکرٹری فنانس محترمہ سیدہ قراہ العین، ضلع اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ صدیقہ کائنات اور ضلع راولپنڈی سے محترمہ سمیہ بنگش پر مشتمل تھا ،وفد نے خانوادہ شہداء میں رقم بطور ھدیہ تقسیم کی۔

 اس موقع پر محترمہ نرگس سجاد کا کہنا تھا ہم شہداء کے گھرانوں کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں ہماری قوم نے اس ملک کی خاطر بے شمار جانیں دی ہیں دشمن ایسے ہی لوگوں کی تاک میں رہتا ہے جو اس ملک سے وفادار ہیں۔

 انہوں نے کہا آج اپنے ملک و قوم کی سربلندی، تحفظ اور سلامتی کے لیے خواتین کو بھی کردار زینبی نبھاتے ہوئے میدان میں آنا ہوگا سانحہ پشاور کے شہید امام مسجد مولانا ارشاد حسین خلیلی کی زوجہ نے کہا کہ شہداء کا خون ضائع نہ جائے گا قوم سے عرض ہے کہ اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں اور ان کے راستے کو زندہ رکھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایم ڈبلیوایم کے فلاحی شعبے نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے خصوصی تعاون سے ایک کروڑ روپے کی امدادی رقوم وارثان شہداء میں تقسیم کی تھیں۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے شالیمار ٹاؤن کے یونٹ انگوری سکیم میں پانچ روزہ دروس کا اہتمام کیا گیا۔ دروس میں سیکرٹری جنرل خانم حنا تقوی نے تربیت اولاد پر درس دیتے ہوئے کہا کہ اگر والدین یہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے کسی برائی کی طرف نہ جائیں تو وہ اپنے بچوں کو خود سے اتنا قریب کرلیں کہ بچہ گھر کے باہر دوست اور راز دان تلاش نہ کرے اور ہر اچھی و بری بات وہ صرف اپنے والدین سے کرے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل خانم عظمیٰ نقوی ،خانم نجبہ علوی، خواہر حنا کاظمی، خواہر معصومہ محقق ، خواہر عندلیب نے اپنے اپنے فرائض کے مطابق دروس دیئے جبکہ خواہر رضوانہ نے دروس کے تمام انتظامات بخوبی انجام دئیے دروس میں خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی بھر پور شرکت کی ۔

محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم لاہور نے نابالغ بچے اور بچیوں کو روزے کی فضیلت بتاتے ہوئے بچوں کے اندر روزہ رکھنے کا شوق کو بیدار کیا اور انہیں فرضی روزہ رکھوایا پھر نہایت خوبصورت انداز میں ان بچوں کی روزہ کشائی کی اور اختتام میں ان بچوں کو تحائف پیش کئے اور دعا کی گئی کہ اللّٰہ ہم سب کے روزے قبول و منظور فرمائے اود ان نابالغ بچوں کے روزوں کا اجر و ثواب ان کے مرحومین کو اور شہدائے ملت جعفریہ کو پہنچے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موجودہ ملکی صورتحال پر کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ امریکی  ڈپلومیٹس بغیر کسی روک ٹوک کے ملک بھر میں غیر سفارتی نقل حرکت اور مختلف سیاسی مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ایسےمیں اعلیٰ عدالتوں کی جانب سے امریکی مداخلت پر خاموشی، ہر خوددار اور محب وطن پاکستانی کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے اجلاس میں اعلیٰ عدالتوں اور مقتدر قوتوں سے سوال کیا کہ پشاور میں ہمارے ستر سے زائد شہداء پر آپ نے سوموٹو ایکشن کیوں نہیں  لیا؟اے پی ایس کے ماسٹر مائینڈ احسان اللہ احسان کے فرار پر سوموٹو ایکشن لے کر تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں ؟غیر ملکی خصوصا” امریکی ڈپلومیٹس کی ملکی سیاست میں مداخلت پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا ؟ماڈل ٹاون کے دل خراش سانحے پر اب تک مقتولین کے خانوادوں کو انصاف فراہم کیوں نہیں کیا گیا؟لہذا ملک میں آئین کی بحالی ، مظلوم کی دادرسی اور ملکی استقلال اور خود مختاری ہر چیز سے زیادہ اہم ہونی چاہئیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب کمیٹی کا اہم اجلاس کمیٹی کنوینیر و مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری تعلیم نثار علی فیضی رکن نصاب کمیٹی سید ابن حسن شاہ بخاری اور عارف الجانی شریک ہوئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ اسلام آباد کی شیعہ قومی کانفرنس کی کامیابی کے بعد صوبائی کافرنسز کا آغاز کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں صوبہ بلوچستان کی نصاب تعلیم سے متعلق کانفرنس منعقد ہوئی۔ ان کانفرنسز کی تجاویز کی روشنی میں نصاب تعلیم کے سلسلے میں ہم جلد ہی کورٹ جائیں گے۔ متنازعہ نصاب تعلیم کے ذریعے ہمارے آئینی حق کو چھینا گیا ہے۔ عدالت عالیہ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کے حقوق سلب ہونے پر اسٹے آرڈر جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ملک گیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا پہلا باضابطہ آن لائن اجلاس اتوار 10 اپریل کو ہوگا۔برادر نثار علی فیضی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے مرکزی دفتر میں نصاب ڈیسک قائم کیا ہے جو اسی ھفتے اپنے کام کا آغاز کرے گا۔

سید ابن حسن شاہ نے کہا کہ اصلاح نصاب کے سلسلے میں ماہرین تعلیم اور میڈیا کے شعبے سے وابستہ شخصیات کی دو الگ میٹنگز منعقد کی گئیں۔اس موقع پر اجلاس نے فیصلہ کیا کہ عوامی آگاہی مہم اور اصلاح نصاب تحریک کے سلسلے میں کتابچہ اور وال پوسٹر شایع کئے جائیں گے۔ اور مرکزی کنوینشن ایم ڈبلیو ایم کے موقع پر ایک مستقل سیشن رکھا جائے گا۔
.

وحدت نیوز(لاہور) ملت جعفریہ کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ، متحدہ علماء بورڈ میں شیعہ مکتب فکر کو یکساں نمائندگی حاصل ہوگئی، متحدہ علماء بورڈ کے نئےاراکین کی تقرری کا باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ نئے عہدیداروں میں چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی ہوں گے جبکہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 23 ارکان ہوں گے جبکہ 7 آفیشل ممبران ہوں گے جو مختلف محکموں کے سیکرٹریز ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ قاضی نادر علوی اور سینٹرل پنجاب کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن رضا ہمدانی،چیئرمین منہاج الحسین ؑ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، صدر وفاق المدارس الشیعہ علامہ محمد افضل حیدری،نائب صدر ایس یو سی علامہ عارف حسین واحدی اور سیدہ سائرہ جعفری کو متحدہ علماء بورڈ پنجاب میں شیعہ مکتب فکر کی نمائندگی کیلئےنامزد کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب کی سابقہ باڈی میں شیعہ مکتب فکر کو دیگر مسالک کی طرح یکساں نمائندگی حاصل نہیں تھی ۔ جس پر مجلس وحدت مسلمین نے بھرپور صدائے احتجاج بلند کی ۔ ایم ڈبلیوایم نے پنجاب بھر کے علماء سے روابط کیئے، پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیئے گئے اور مکتب اہل بیتؑ کے تحفظات سے آگاہی فراہم کی گئی۔

الحمداللہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب میں دیگر تمام مکاتب فکر کی طرح فقہ جعفریہ کو بھی یکساں نمائندگی کا ملنا ایم ڈبلیوایم کی بھرپور جدوجہد کا ہی نتیجہ ہے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصودعلی ڈومکی نے فلسطین کانفرنس کے سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر و امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ غاصب اسرائیل کا مسجد اقصی اور سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضہ اور فلسطینی عوام پر مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ امت مسلمہ قبلہ اول کی غاصبوں سے آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ فلسطین اور قبلہ اول سے غداری کے مرتکب مسلم حکمران خائن ہیں امت مسلمہ خائنوں کا احتساب کرے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ فلسطین انبیائے کرام کی سرزمین اور بیت المقدس مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے۔ پوری دنیا کے مسلمانوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ مسجد اقصی اور بیت المقدس کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض مسلمان و عرب ممالک کی جانب سے غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے امت مسلمہ اور ان ممالک کے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے فلسطین فاونڈیشن بلوچستان کی جانب سے فلسطین کانفرنس  کے انعقاد کو خوش آیند قرار دیا۔اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن بلوچستان کے صدر جمیل احمد کرد بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کا کالعدم جماعت کے ساتھ تحریری معاہدہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے۔ ن لیگ کی قیادت کو کالعدم دھشت گرد ٹولے سے دوستی رکھنے پر رانا ثناء اللہ سے بازپرس کرنی چاہئے۔ دھشت گرد گروہ سے نواز لیگ کا معاہدہ ملک میں دھشت گردی اور انتہا پسندی کے فروغ کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم دھشت گرد ٹولے کی پارلیمنٹ تک رسائی افسوس ناک ہے جس کے سبب ملک میں تکفیری سوچ اور انتہا پسندی پر مبنی قانون سازی کی کوشش ہو رہی ہے جس سے پاکستان میں قومی وحدت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ دھشت گرد ٹولے سے اتحاد مسلکی تفریق اور انتہا پسندی پر مبنی قانون سازی کا وعدہ دے کر ن لیگ نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم کی فکر اور فلسفے سے بغاوت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے حوالے سے قربانیاں دیں دھشت گردوں کو مین اسٹریم سیاست میں لا کر ان شہداء کے خون سے غداری کی جا رہی ہے۔ قائداعظم کے مسلم پاکستان کو ضیاء الحق کے مسلکی پاکستان میں بدلنے کی مکروہ سازش کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اپنے 7 امیدواروں کی فتح میں کامیاب ہوگئی ۔ ایم ڈبلیوایم شعبہ سیاسیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیئےکے مطابق تحصیل چیئرمین پاراچنار کی نشست پر ایم ڈبلیوایم کے امیدوار آغا مزمل حسین فصیح کی شاندار کامیابی کے ساتھ ساتھ مزید 6 مرد وخواتین کونسلرز فتح یاب ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیمے کے انتخابی نشان پر ایم ڈبلیوایم کے دیگر کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ارشاد حسین جنرل کونسلر طوطکی 12، سید وکیل حسین  کسان کونسلر  طوطکی 43، عابد حسین کسان کونسلر حسن زئی 34، محسن علی یوتھ کونسلر پیواڑ 5، بی بی سکینہ خاتون کونسلر زیڑان یوسف خیل6، حبیبہ خاتون کونسلر سمیرشامل ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آزاد امیدواروں میں اکثر مجلس وحدت مسلمین کے مقامی رہنماؤں کےساتھ رابطے میں ہیںجن کی جلد ایم ڈبلیوایم میں شمولیت متوقع ہے ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نصاب کمیٹی کے زیراہتمام کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم پر ملت جعفریہ کے تحفظات کے عنوان سے کنوینیر نصاب کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت صوبائی مشاورتی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے نصاب کمیٹی کے کنوینیر علامہ مقصودعلی ڈومکی ،ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر انجینئر حاجی جواد رفیعی ،مجمع علمائے کوئٹہ کے صدر علامہ آصف حسینی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری، المصطفی پبلک اسکول کے پرنسپل پروفیسر مختار حسین، ممتاز سماجی رہنماپروفیسر محترمہ عابدہ حیدری ،التوحید اسکول کے ڈائریکٹر پروفیسر تاج محمد فیض ،مجمع علمائے کوئٹہ کے جنرل سیکریٹری مولانا ابراہیم حسینی، اتحاد تاجران بلوچستان کے سرپرست حاجی طاہر نظری ،تیموری پبلک اسکول کے چیرمین مصطفی تیموری ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما مبارک علی ہزارہ، گورنمنٹ کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر سید ظفر رضا ،پروفیسر سید ابوتراب جعفری، ذاکرہ معلمہ محترمہ یاسمین قاسمی، ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل رقیہ کاظمی، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ ولایت حسین جعفری و دیگر نے خطاب کیا۔

صوبائی مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین علامہ مقصود علی  ڈومکی نے کہا کہ پاکستان شیعہ سنی مسلمانوں کا مشترکہ  وطن ہے۔ ہم صدیوں سے اکھٹے رہتے ہیں۔ نصاب تعلیم کو فرقہ واریت سے پاک اتحاد بین المسلمین کا عکاس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی شیعہ کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد عوامی سطح تک نصاب کے مسئلے کی تبیین ہے۔

علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ 21 اگست 2020 کو وزارت مذہبی امور نے امت مسلمہ میں رائج درود پاک کو بدلنے کی کوشش کی، وزارت مذہبی امور کے اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
علامہ آصف حسینی نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فرقہ وارانہ اختلافات پر مبنی قانون سازی سے اجتناب کیا جائے۔ انجینئرجواد رفیعی نے کہا کہ متنازعہ نصاب کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کیا جائے۔
اس موقع پر مشترکہ قرار داد منظور کی گئیں۔

ملت جعفریہ بلوچستان کا یہ اجتماع

1- یکساں قومی نصاب کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ اس میں مکتب تشیع کے عقائد اور دینی تعلیمات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے لہذا یہ نصاب تعلیم ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔

2- مجوزہ یکساں قومی نصاب کے متنازع نکات کو حذف کرتے ہوئے نصاب اور کتاب دونوں کی نظر ثانی کے ذریعے مکمل اصلاح کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ یہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لیے یکساں طور پر قابل قبول ہو۔

3- یہ اجتماع 1975 کے نصاب تعلیم کو موزوں قرار دیتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ اس نصاب میں مختلف اسلامی مکاتب فکر کی تعلیمات کو مناسب طور پر شامل کیا گیا تھا لہذا نیا قومی نصاب 1975 کی طرز پر ترتیب دیا جائے۔

4- آئین پاکستان اور حقوق انسانی کا عالمی منشور ہر انسان کو اپنے مسلک اور مکتبہ فکر کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کے حق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ موجودہ نصاب ہمارے اس بنیادی حق پر حملہ ہے اور یہ ظلم کے مترادف ہے۔

5- وطن عزیز پاکستان میں ایک سازش کے تحت بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے باوفا بیٹوں کے خلاف منظم سازش کے تحت انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی نمایاں مثال محرم اور صفر میں عبادت کے جرم میں عزاداروں کے خلاف ہزاروں ناجائز مقدمات کا اندراج ہے۔ اور متنازعہ نصاب تعلیم اور دہشتگردی کے نا ختم ہونے والے واقعات ہیں۔

6- یہ اجتماع وزارت مذہبی امور کی جانب سے اسمبلی قرارداد کا سہارا لے کر امت مسلمہ کے درمیان صدیوں سے رائج مسنون درود شریف کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے متنازعہ نوٹیفکیشن کی منسوخی کا مطالبہ کرتا ہے۔

7۔ یہ اجتماع کوئٹہ میں ھزاراہ شیعہ نسل کشی اور پشاور مسجد میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گزشتہ تین دہائیوں سے جاری شیعہ نسل کشی کا تسلسل سمجھتا ہے جس کے سدباب کے لیے حکومت اور ریاستی اداروں کو سنجیدہ عملی اقدامات کرنے چاہیے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree