The Latest
وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے ہنگو کا دورہ کیا اور عمائدین و مختلف تنظیموں کے مسئولین سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری بین الصوبائی روابط علامہ اقبال بہشتی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی، ضلع ہنگو کے سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی اور ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی نے بزرگ عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ نظارت کے رکن علامہ سید حسین الاصغر کی قبر پر حاضری دی۔ اس کے علاوہ ہنگو کی مختلف مقامی تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے حوالے سے گفتگو کی۔ علامہ امین شہیدی نے زیارت جناب عباس (ع) پر بھی حاضری دی۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) امریکا میں کانگریس اور حکومت میں اختلافات ختم نہ ہوسکے، معیشت کو روزانہ 30 کروڑ ڈالر کے نقصان کے ساتھ امریکی حکومت کے ڈیفالٹ کرجانے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بوینر کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈاؤن کب ختم ہوگا لیکن یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق امریکا میں یکم اکتوبر سے وفاقی اداروں اور منصوبوں کی فنڈنگ روک دی گئی۔ 8 لاکھ سرکاری ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا جبکہ 13 لاکھ بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں۔ امریکی معیشت کو یومیہ 30 کروڑ ڈالرز کا نقصان کا سامنا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے طویل شٹ ڈاؤن سے امریکا کے ڈیفالٹ ہوجانے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔
امریکی شٹ ڈاؤن کے باعث امریکی انتظامیہ کو 2000 ملین ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ مسئلہ حل کرنے کے بجائے، ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کی ایک دوسرے پر الزام تراشیاں جاری ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 17 اکتوبرکے بعد ادائیگیوں کے حوالے سے حکومت کو رقوم کی کمی کا سامنا ہے۔ 17 اکتوبر تک شٹ ڈاؤن کا مسئلہ حل نہ ہوا تو بر وقت قرض کی ادائیگیاں نہ ہونے کے ساتھ سود کی شرح تیزی سے بڑھ جائے گی جبکہ ڈالر کی قدر گرنے سے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ وائٹ ہاؤس نے خبردار کیا ہے کہ قومی دیوالیہ امریکا کی جمہوریت، اعتماد اور برسوں سے عالمی موقف کو تباہ کر دے گا، ری پبلکن کے پاس قرض کی حد بڑھانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس حکام اور ایوان زیریں کے اسپیکر جان بویہنر نے کہا ہے کہ 17 اکتوبر تک حکومتی قرضے کے حد 16.7 کھرب ڈالرز ہے۔ ری پبلکن پارٹی نے اگر مزید رقوم دینے کا بل منظور نہ کیا تو امریکا کی معاشی حالت بدتر ہو جائے گی، ڈیفالٹ کی صورتحال امریکیوں کو بھیانک سزا دینے کے مترادف ہوگا۔ اسپیکر نے کہا کہ امریکی ایوان زیریں صدر باراک اوباما کو مالی مشکلات میں یرغمال نہیں بنا سکتا۔ خبر ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ ناشتے پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 17 اکتوبر تک بل منظور نہ ہوا تو امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیفالٹ کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بویہنر نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز حکومت کا کاروبار چلانے کے معاملے پر بات چیت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ امریکا اپنے بلوں کی ادائیگی کیونکر ممکن بنائے گا۔
جان بویہنر کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈاؤن کب ختم ہوگا لیکن یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ اسپیکر جان بویہنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے قرضوں کی شرح میں اضافے کے لیے ووٹنگ اس وقت تک نہیں کرائی جائے گی جب تک کہ اوباما حکومت ریپبلکنز کے ساتھ حکومتی اخراجات کے حوالے سے ریپبلکنز کے خدشات کو دور نہیں کرتی۔ ٹی وی کے مطابق ری پبلیکنز ہیلتھ کیئر اصلاحات کے مخالف ہیں، ان کی کوشش ہے کہ اس پروگرام کے لیے مختص فنڈز کو ختم کیا جائے یا پھر انھیں موخر کیا جائے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ری پبلکن پارٹی امریکی معیشت اور ملک کی عزت کو خطرے سے دوچار کر رہی ہے۔ وہ اپنی اس شرط سے دستبردار نہیں ہوں گے کہ معیشت کے لئے قرض کی حد کو غیر مشروط طور ختم کیا جائے۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ''اگر ناگزیر ہوا تو وہ ایک قلیل المدتی سمجھوتے پر متفق ہو سکتے ہیں'' جس کے ذریعے اس بحران سے باہر نکلا جاسکتا ہے، تاہم وہ کسی بھی حالت میں اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ باراک اوباما کے مطابق کانگریس کی دو بنیادی ذمہ داریاں ہیں جنہیں اسے پورا کرنا چاہیے۔ ایک یہ کہ وہ بجٹ منظور کرے اور دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ وہ یہ ممکن بنائے کہ امریکی عوام اپنے بل ادا کر رہے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریتی ری پبلکن پارٹی کے ارکان اس بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ حکومتی اخراجات کے لیے قرضے کی حد میں اضافے کا بل اسی صورت میں منظور کریں گے، اگر اوباما کے ہیلتھ کیئر پلان کے نفاذ میں ایک سال کی تاخیر کر دی جائے۔ یہ ہیلتھ کیئر پلان پہلی اکتوبر کو نافد کیا جانا تھا۔
اس ساری صورتحال کے پیش نظر ایک اسرائیلی اخبار Yedioth Ahronoth نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں موجودہ بحران کے پیچھے یہودی لابی ہے، کہ جس نے امریکہ اور ایران کے صدور کے مابین ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کانگریس کے اراکین میں ایک کثیر سرمایہ خرچ کرکے اس بحران کو پیدا کیا ہے۔ صورتحال اب اس جانب بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے کہ اگر واقعاً اس بحران کا حل نہ نکالا گیا اور امریکی معیشت ڈیفالٹ کرگئی تو امریکہ کی سپر پاور کی حیثیت ختم ہوجائے گی اور دنیا یہ کہنے پر مجبور ہوگی کہ ایران کو معاشی پابندیوں کی زد میں لاکر وہاں موجود انقلاب اسلامی کے کے اثرات اور انقلابیوں کو نقصان پہنچانے کی پلاننگ کرنے والا امریکہ آج خود اقتصادی بحران کو شکار ہوگیا ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے این اے 256میں 57ہزار سے زائد ووٹوں کے جعلی ثابت ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا کی رپورٹ کے بعد نوے فیصد عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والوں کی قلعی کھل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تو ایک حلقہ کی صورتحال ہے باقی وہ حلقے جہاں سیاسی جماعتیں چیخ رہی ہیں ان کی تصدیق کا عمل کرایا جائے تو نتیجہ اس سے مختلف نہیں ہوگا۔ ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف ، شفاف اور غیرجانبدارانہ الیکشن کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے تمام ارکان فی الفور مستعفی ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کچھ حلقوں کے حوالے سے وائٹ پیپرشائع کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کی طرف اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، اسی طرح تحریک انصاف نے بھی وائٹ پیپرشائع کیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی خاص ایجنڈے کے تحت خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور یہ سب مک مکا کا نتیجہ محسوس ہوتا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ عالی عدلیہ فی الفور اس اہم ایشو پر ازخود نوٹس لے اور جن جن حلقوں میں دھاندلی کے الزامات لگ رہے ہیں وہاں پر ووٹوں کی تصدیق کا عمل کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان ایشوز پر خاموش سادھ لی گئی تو بلدیاتی انتخابات میں بھی ٹھپہ مافیاعوامی مینڈیٹ کی توہین کریگا اور ملک تباہی کی طرف جاسکتا ہے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) حضرت سلمان فارسی کے موضوع پر منعقدہ درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ صحابہ کرام نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے عظیم جدوجہد کی۔ رسول اکرم (ص) نے ارشاد فرمایا کہ "سلمان ہمارے اہلبیت میں سے ہیں"۔ آپ دسویں درجہ پر فائز تھے اور صاحبِ کرامت بزرگ اصحاب میں آپ کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلامانِ امریکہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہے ہیں، جس کا مقصد سامراجی عزائم کی تکمیل ہے۔ سامراجی قوتیں مسلمانوں کے اتحاد سے خائف ہیں۔ شیعہ سنی مسلمان اس خطے میں صدیوں سے آباد ہیں اور اتحاد و وحدت سے رہ رہے ہیں۔ آج بھی پاکستان میں دو بڑے دینی اتحاد ایم ایم اے اور ملی یکجہتی کونسل موجود ہیں۔ جہاں شیعہ سنی مسلمان متحد ہیں۔ جبکہ ان اتحادیوں میں فرقہ پرست عناصر کےلئے کوئی جگہ نہیں۔ بلوچستان میں اتحاد ملت اسلامیہ محاذ کے نام سے شیعہ سنی، دیوبندی، بریلوی اور اہلحدیث کے اکابرین، علماء اتحاد و وحدت کی عملی تصویر ہیں۔
وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کا ایک ہنگامی اجلاس ڈویژنل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں ڈویژنل کابینہ نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس کی صدارت ڈویژنل سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ امریکی تنظیمیں باالخصوص سی آئی اے، بلیک واٹر اور دیگر امریکی جاسوسی تنظیمیں دفاعی اہمیت کے حامل حساس علاقہ بلتستان میں سرگرم عمل ہیں، جبکہ بلتستان کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ بلتستان انتظامیہ سیاسی بکھیڑوں میں الجھی ہوئی ہے انہیں عالمی سازش کی فکر ہے اور نہ بلتستان کے امن و امان کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تنظیمیں بلتستان کو بلوچستان کی طرف دھکیلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ لیکن مقام افسوس ہے کہ بلتستان انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حساس اور سیکیورٹی ادارے بھی بچگانہ سرگرمیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ حساس اداروں کو بلتستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کی بھرپور اطلاع ہونے کے باوجود چشم پوشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس ادارے بلتستان میں امریکی سفیر کی آمد کو روکیں، امریکی سفیر کا بلتستان میں آنا اس خطہ کے لئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ دشمن اسلام، دشمن قرآن اور دشمن پاکستان امریکہ کے سفیر کی اسکردو آمد کے موقع پر عوام کا کوئی ردعمل سامنے آئے اور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو تمام تر ذمہ داری سیکیورٹی اداروں پر عائد ہوگی۔
وحدت نیوز ( کوہاٹ) ضلع کوہاٹ کے علاقہ مرئی بالا میں مجلس وحدت مسلمین کا یونٹ قائم کردیا گیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع کوہاٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق ضلع کوہاٹ کے علاقہ مرئی بالا میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان نے یونٹ قائم کردیا ہے۔ جس کے سیکرٹری جنرل عظمت حسین ہوں گے جبکہ ندیم عباس ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیں۔ جبکہ دیگر کابینہ میں حاجی لیاقت علی، نوشاد علی، گل سرور، لیاقت علی، نصیب علی، ملک بلال حسین، خلیل حسین، ہادی حسین، خیال حسن، شاہ حسن اور اوقیانوس شامل ہیں۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان نے یونٹ اراکین سے حلف لیا۔ اور انہیں مجلس وحدت مسلمین کے اہداف اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
وحدت نیوز(مانسہرہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پی کے سیکرٹری تنظیم سازی مولانا وحید عباس کاظمی نے صوبہ بھر میں تنظیم سازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ دنوں ہزارہ ڈویژن کے دو اہم اضلاع ایبٹ آباد اور مانسہرہ کا دورہ کیا۔ مدرسہ رسول اعظم(ص)، ڈگی محلہ ایبٹ آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران سید مدثر شاہ کو ضلع ایبٹ آباد جبکہ مرکزی امامبارگاہ پیراں خیرآباد مانسہرہ میں ہونے والے اجلاس میں مولانا سید مظہر علیشاہ کو ضلع مانسہرہ کے سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ مدرسہ رسول اعظم( ص) میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر علامہ جہانزیب جعفری اور علامہ سید سبطین حسینی، صوبائی آرگنائزر کے پی کے، مولانا وحید عباس کاظمی، اسرار حسین سید ضلعی سیکرٹری جنرل ہریپور اور سیکرٹری اطلاعات عشرت عباس نقوی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت) ملک عزیز پاکستان پر مسلط نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسوں کے نتیجے میں منہگائی کا جن بےقابو ہوتا جا رہا ہے اس بڑھتی ہوئی منہگائی نے غریبوں کی کمر توڑ دی ہے بالخصوص پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں حکومت کی طرف سے حالیہ اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔ پاکستان کے ۱۸ کروڑ عوام ایک طرف دہشت گردی کے نشانے پر ہیں تو دوسری طرف حکومت منگائی کے ذریعے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے میں مصروف ہے۔ حکومت اپنی شاہ خرچیوں پر کنٹرول کرنے کی بجائے ان کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنزل شیخ بلال حسین سمائری نے ایک اہم اجلاس میں خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ تھیں مگر اس حکومت کے ابتدائی ۱۰۰ دنوں میں ہی قوم کا بھرکس نکالا گیا لوگوں کو اتنے فاقے پڑے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو سربازار بیچنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جہاں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہوئی ہے وہاں بجلی، پیڑول اور دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے لوگون کا معاشی قتل کر رہی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے غریب ملازمین کے ساتھ ناانصافیاں قابل مذمت ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی ) کراچی کالعدم گروہوں کی آماجگاہ بن گیا ہے، حکومتی سرپرستی میں شیعہ افراد کو روزانہ شہید کیا جا رہا ہے، معروف نوحہ خواں و امام بارگاہ بارہ امام کے ٹرسٹی علی رضا کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں محب وطن شیعہ عوامی نمائندگان کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے جس میں مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز، ڈاکٹرز، وکلاء، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران سمیت شیعہ تاجر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ جب سے حکومت نے کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تو شیعہ نسل کشی میں اضافہ ہوا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تاحال ان واقعات میں ملوث کسی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی اب تک ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن دھوکہ ہے، سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہیں بلکہ اپنی سیاسی دشمنیاں نکال رہی ہے۔ اُنہوں نے صدر پاکستان ممنون حسین، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں، تاکہ شہر قائد میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ بیس روز میں سترہ شیعہ مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے، کالعدم دہشت گرد گروہ کے سربراہ شہر میں دندناتا پھر رہا ہے، حکومت فی الفور دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کو یقینی بنائے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری یوتھ ونگ فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ وحدت یو تھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ کا افتتاح کل ملتان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اپنے دست مبارک سے کریں گے ، گلگشت کالونی ملتان میں قائم کردہ مرکزی سیکریٹریٹ کے افتتاح کے بعد ملک بھر میں وحدت یوتھ کے دفاتر کھولے جائیں گے اور ملک بھر میں جوانوں کو منظم کر کے وحدت یوتھ پارلیمنٹ تشکیل دی جائے گی ،فضل عباس نقوی کا کہنا تھا کہ مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کل ایک روزہ دورے پر ملتان تشریف لا رہے ہیں ، جہا ں وہ وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ کے افتتاح کےعلاوہ عزاداری کانفرنس سے خطاب کریں گے ، معززین ، بانیان مجالس ، تعزیہ داران ، لائسنس داران اور ماتمی سنگتوں کے ذمہ داران سے خطاب کریں گے ۔