The Latest
وحدت نیوز (سندھ ) سانحہ پشاور جامع مسجد وامام بارگاہ امامیہ دہشتگردی کے خلاف مجلس و حدت مسلمین کاصوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ایم ڈبلیو ایم ،آئی ایس او ،شیعہ ایکشن کمیٹی ، جعفریہ الائنس ،اصغریہ آگنائزیشن کی جانب سے حیدر آباد بائی پاس ،بدین،ٹنڈو محمد خان ،میٹھی ،نصیر آباد ،جیکب آباد،کوٹھری ،میر پور خاص ،ٹنڈو آلہ یار ،خیر پور میں احتجاجی مظاہروں اور علامتی دھرنوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے دھرنوں میں سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکر ٹری جنرل علامہ مختار امامی،عالم کربلائی، علامہ نشان حیدر ،عبد اللہ مطہری ،یعقوب حسینی سمیت دیگر رہنماؤں نے سانحہ پشاور اور شکار پور دہشتگردی کی مذمت کی اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور و زیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ،سندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے خلاف فوجی آپریشن اور قاتلوں کی جلد از جلد کرفتاری کا مطالبہ کیا ۔علامہ مختارامامی کا کہنا تھا پشاور سمیت پورے ملک میں دہشتگردی کرنے والے وہی عناصر ہیں اسلام کا چہرہ مسخ کرکے اپنے یہودی آقاؤں کو خوش کر نا چاہتے ہیں یہ وہی دہشتگرد ہیں جو پاکستان میں معصوم بے گناہ بچوں اور عوام کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بناتے ہیں اور نواز حکومت ان کے خلاف آپریشن کے حق میں نہیں تھی اور اب یہ دہشتگرد منظم ہو کر پورے ملک میں دہشتگردی پھیلا رہے ہیں رہنماؤں نے سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لوحقین کو تعزیت پیش کی زخمی افراد کیلئے خصوصی دعا کرئی گئی اور زخمیوں کی جلد صیحتیابی کیلئے عوام سے اپیل کی ۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سانحہ امامیہ مسجد پشاور پر تین روزہ سوگ اور اتوار کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے، دورہ پشاور کے موقع پر انہوں نے دہشتگردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، اور شیعہ رہنماوں اور علمائے کرام سے جامع شہید عارف الحسینی میں ملاقات کی، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکمران ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص نہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب،وزیر داخلہ دہشت گردوں کو بلا کر کاروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں ،دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو مکمل حکومتی پروٹوکول حاصل ہیں ہمیں حب الوطنی کی سزا دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں دہشت گردوں کی خوشنودی کے لئے ہراساں کر رہی ہے، ملک بھر میں ملت جعفریہ کے ہونے والے قتل عام کی ذمہ دارن لیگ کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت بھی اس المناک سانحے کے برابر کی ذمہ دار ہے، جس نے اس اہم جگہ کی حفاظت کے لئے کوئی اقدام نہیں کئے، انہوں نے کہا کہ نمازیوں نے جس بہادری کیساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ان کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، وفاقی حکومت اور ریاستی ادارے پانی سر سے گذرنے کا انتظار نہ کرے ،ہم مزید لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمارے خلاف ایک طرف دہشت گرد کاروائیاں کرتے ہیں تو دوسری طرف حکومت دہشتگردی سے متاثرہ فریق کو ہراساں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتوار کو دہشت گردی کے اس واقعے کے خلاف ملک گیر مظاہرے کریگی ، لاہور میں اتوار 15 فروری میں کو سنٹرل کابینہ اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دی جاسکتی ہے ۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سانحہ حیات آباد کے زخمی نمازیوں کی عیادت کے دوران گورنرخیبر پختونخواسردار مہتاب اور وفاقی وزیر برائے آئی ڈی پیز جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر علامہ ناصرعباس جعفری نے دونوں رہنماوں سے سانحہ جامع مسجد امامیہ میں بے گناہ نمازیوں کے قتل عام پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں شیعہ کمیونٹی کی منظم نسل کشی پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں ، پاکستان میں اہل تشیع کا مسجدوں میں نماز ادا کرنا جرم بن بیٹھا ہے، پندرہ روز میں نمازیوں پر دہشت گردوں کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے جبکہ اعلیٰ حکومتی اور فوجی سربراہان دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن کے مطالبے پرغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کی بربریت کے خلاف ہم نے بغیر کسی تعصب کے اپنا قومی موقف پیش کیااور عوامی امنگوں کی ترجمانی کی لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ اہل تشیع پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حکومتی اور فوجی قیادت وہ موقف اختیار نہیں کرتی جو کسی فوجی اور حکومتی اہلکار کی شہادت پر کرتی ہے ، جس سے اہل تشیع میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، گورنر کے پی کےسردار مہتاب اور وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے علامہ ناصر عباس جعفری کے اعتراضات کو بغور سنا اوران کے تدارک کی تقین دہانی بھی کروائی، بعد ازاں موقع پر موجود تمام رہنماوں اور زخمیوں کے اہل خانہ نے شہدائے امامیہ مسجد کےایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورسیاسیات سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ جن سفاک دہشت گردوں نے پشاور میں حالت نماز میں بے گناہ مسلمانوں کو تہہ تیغ کیاوہ کسی صورت مسلمان نہیں ہوسکتے ، حالت سجدہ میں نمازیوں پر حملے کی روایت مسجد کوفہ میں حضرت علی ؑپر حملے سے شروع ہوئی، آج بے گناہ نمازیوں پر حملہ کرنے والے چودہ سو سال پرانے خوارج کی ہی نسل سے تعلق رکھتے ہیں ، حکمران اور افواج پاکستان دورحاضر کے خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کریں ، پاکستان کو وزیر ستان میں چھپے دہشت گردوں سے زیادہ اسلام آباد، لاہور، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ میں بیٹھے ان کےحامی سیاسی ہمدردوں سے خطرات لاحق ہیں ، عسکری ضرب عضب کے ساتھ ساتھ سیاسی محاذپر بھی ضرب عضب کی ضرورت ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا اگر انکو سانحہ آرمی سکول یاد ہوتا تو آج یہ واقع نہ ہوتاابھی ہمارے شکار پور والے زخموں سے خون جاری تھاپشاور میں ایک کئی گھروں کو ویران کیا گیا ن لیگ ایک پلان کے ذریعے شیعہ نسل کشی کرا رہی ہے اور طالبان کو رانا ثنااللہ اور شہباز شریف کے زریعے انکو سہولت فرہم کی جا رہی ہیں یہ حکمران نااہل ہیں جو اپنے عوام کی حفاظت نہیں کر سکتے چند مٹھی بھر دہشتگردوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ریاست کا دفاع کیسے کریں گے؟اُنہوں نے مزید کہا پنجاب بھر میں بھی ہمارے لو گوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے او ر جھوٹے پرچے کاٹے گئے ہیں کچھ ابھی تک نہیں پتہ کہا راکھا گیا ہے امام باگاہ اور مساجد بھی بم دھماکے کئے جا رہیے ہیں۔ان کا مزیدکہناتھا کہ ہم دو سال سے حکومت کو کہتے آ رہے ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کیا جائے اور سیاسی ضرب عضب آپریشن بھی کرنا واجب ہو گیا ہے کیونکہ جب کوئی دہشتگرد کہیں کاروائی کر کے آتا ہے تو ان دہشت گردوں کے سیاسی سرپرست انہیں سپورٹ فراہم کرتے ہیں ۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے جامع مسجد امامیہ حیات آباد میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والے نمازیوں کی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں عیادت کیاس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی ،مرکزی سیکریٹری روابط اقرار حسین ملک ،سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم کے پی کےعلامہ سبطین حسین الحسینی اور دیگر بھی موجود تھے، علامہ ناصر عباس جعفری نے فرداًفرداًتمام زخمیوں کی عیادت کی ان کی خیرت دریافت کی، انہیں بوسہ دیااور ان کی جلد صحت یابی کی دعاکی، اس موقع پر انہوں نے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلوں اور جواں ہمتی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) امریکہ سے آئے معروف عالم دین علامہ غلام حر شبیری نے کہاکہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن الٰہی تحریک کے لیے بہترین زمینہ سازی کر رہی ہے اس کے رفاحی منصوبہ جات عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اس حوالے سے اس ادارہ کی خدمات قابل قدر و لائق تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں مختصر دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے ہیڈ آفس میں اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارہ نے بہت مختصر عرصہ میں فعالیت کرکے ملک کے اندر اور باہرمقیم پاکستانیوں کا اعتماد حاصل کیا ہے اب ضروری ہے کہ اپنی مزید فعالیت اور کارکردگی کے زریعے اس اعتماد میں اضافہ کرے۔عام آدمی کو دین اور تربیت سے پہلے زندہ رہنے کے لیے ضروریات زندگی درکار ہوتی ہے اس لیے ہمیں اجتماعی جدوجہد و الٰہی قدروں کو پروان چڑھانے کے لیے ان کے فراہمی کا خصوصی اہتما م کرنا چاہیے ۔
ان کاکہنا تھا کہ اسلام تحریکوں کے مسئولین خود ان امور کے متولی ہوتے ہیں اور ان کاموں کو اپنے ہاتھوں سے انجام دیتے ہیں یہی آئمہ کی روش رہی ہے کہ خود اپنے کندھوں پر غلہ رکھ کر محتاج و درمندوں کے دروازوں پر جاتے ان کی حاجت روائی کرتے ہمیں بھی خود ضرورت مندوں تک پہنچنا چاہیے اور ان کے دکھوں و دردوں میں شریک ہونا چاہیے ۔ہمیں ان امور کی انجام دہی کے لیے مالیاتی امور کو بہت منظم کرنا ہو گا ۔ لوگوں میں وجوہات شرعیہ ، صدقات ، خیرات ، فطرہ اور دیگر عطیات کی ادائیگی کا صحیح شعور اجاگر کرنا ہو گا۔ اس سلسلے میں خیرالعمل فاﺅنڈیشن آگاہی مہم چلائے اور لوگوں کو ان زمہ داریوں کی طرف متوجہ کریں اسلام کے یہ فرائض و واجبات اگر ادا ہونا شروع ہوجائیں تو معاشرے میں خیر کے کام بہت منظم ہو جائیں گے اور کو ئی بھی ضرورت مند پریشان حال نہیں ہوگا۔
اس موقع پر خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئر مین نثار علی فیضی نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے فلاحی پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی اور تکمیل شدہ اور جاری منصوبوںکی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ خیراالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان میں مستضعفین کی اماجگاہ بن رہی ہے اور ہمارے منصوبہ جات سے ہزاروں لوگ استفادہ کررہے ہیں ۔اجلاس میںمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شوریٰ عالی کے سیکرٹری علامہ حیدر عباس عابدی مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین، پنجاب کے صوبائی سیکرٹی جنرل علامہ عبدالخالق اسدی گلگت استور کے مرکزی خطیب و نامور عالم دین علامہ امیر حیات اور جامعتہ الرضا کے مدرس علامہ علوی بھی شریک ہوئے۔
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام سانحہ حیات آباد پشاور کیخلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی حسینی چوک اسکردو سے یادگار شہداء اسکردو تک نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں دہشتگردوں کے خلاف شدید نعرہ بازی ہوئی ۔ ریلی یادگار شہداء اسکردو پر پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی صورت اختیار کر گئی ۔ یاد گار شہدائے اسکردو مظاہریں کے لبیک یاحسین ؑ کی صداوں سے گونجتی رہی۔یادگار شہداء اسکردو پر منعقدہ احتجاجی جلسہ سے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ آغا علی رضوی، ترجمان فدا حسین، علامہ شیخ علی محمد کریمی اور آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ذاکر حسین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نواز حکومت سے یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے لیے سیکیورٹی ادارے ، پاکستان آرمی اور مکتب تشیع کے اجتماعات سافٹ ٹارگٹ کیوں ہیں۔کبھی نواز لیگی اجتماعات پٹاخے تک نہیں پھٹتے جبکہ 2015 میں یکم جنوری سے اب تک 140 سے زائد اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ہمیں پاکستان بھر میں حب الوطنی اور دہشتگردوں کے مخالفت کی جرم میں شہید کیے جا رہے ہیں۔ ہم یہ جرم کرتے رہیں گے چاہیں اس راہ میں جتنی لاشیں اٹھانی پڑیں ۔ مقررین نے کہاکہ ملک بھر میں جاری دہشتگردی کے واقعات کے ذمہ دار صرف متعلقہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے نہیں بلکہ وہ تمام جماعتیں ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مخالفت کرتی رہیں اور مذاکرات کے نام پر دہشتگردوں کو پھلنے پھولنے کا خوب موقع بخشا۔
انہوں نے کہا کہ نواز حکومت سے دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کا مطالبہ عبث ہے سانحہ پشاور کے بعد بھی وہ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ ہم اگر مطالبہ کرتے ہیں تو پاکستان آرمی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوجی عدالتوں کو مزید فعال بنا کر دہشتگردوں کو لٹکانے کا سلسلہ تیز کیا جائے۔ہم پاکستان آرمی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کرکے دہشتگردوں کا گھیرا تنگ کیا جائے۔اگر دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن نہ کیا گیا تو چوہے بلی کا کھیل جاری رہے گا اور ملک دہشت گرد کبھی ملک کے ایک کونے میں تو کبھی دوسرے میں چھپ کر بزدلانہ وار کرتا رہے گا۔ مقررین نے کہا کہ بلتستان کی حالات انتہائی حساس ہے سیکیورٹی ادارے ہشیار رہیں اور دہشتگرد عناصر پر نگاہ رکھ کر غیر ملکی غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو علاقہ بدر کیا جائے۔
وحدت نیوز (نصیرآباد) شکار پور واقعہ میں شہید ہونے والے لوگوں کے قاتلوں کی عد م گرفتاری اور سندھ بھر میں فوجی آپریشن کا دائرہ نا بڑھانے خلاف سندھ بھر کی طرح ضلع قمبر شہداد کوٹ کے تمام تحصیل نصیرآباد، وارہ، شھدادکوٹ ،قمبر، میروخان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ،شٹر ڈاؤ ن ہڑتال کی کال مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دی گئی تھی،شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث شھر کی تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں،جن میں ریشم گلی،موبائل مارکیٹ،المدینہ مارکیٹ سمیت نجی بئنکس اور سرکاری بئنکس بھی بند ہیں،جب کے ضلعی سیکریٹری تنظیم سازی حبدار علی لغاری ،اور ضلعی سیکریٹری جنرل سید اختر عباس نقوی اور دیگر کی رہنمائی میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ، رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے سندھ بھر میں فوجی آپریشن کیا جائے اور نااہل وزیر اعلیٰ سندھ کو ہٹایا جائے ، کارکنوں جانب سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیئے شھرمیں موٹر سائیکلوں پر مارچ کیا گیا۔ ُ ُُُُُُُُُُ
وحدت نیوز (دیپالپور) مجلس وحدت مسلمین کا اجلاس و تقریب حلف برداری سید احسان علی کاظم تحصیل رینالہ خورد کے جنرل سیکر ٹری منتخب،حیات آباد امام بارگاہ میں بم دھماکوں کی شدید مذمت انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار ،تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی ضلعی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت سید انوار الحق زیدی ضلعی جنرل سیکر ٹری تاج محل ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں تمام عہدیداران نے سالانہ پروگرام کا جائزہ لیاتمام عہدیداران نے متفقہ طور پر سید احسان علی کاظم کو تحصیل رینالہ خورد کے لئے ایم ڈبلیو ایم کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا جس سے ضلعی جنرل سیکرٹری سید انوار الحق زیدی نے حلف لیا اجلاس میں حجرہ شاہ مقیم سے تعلق رکھنے والے سید کاشف علی نقوی کی بلا جواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور رہائی کا مطالبہ کیا اس موقع پر سید انوار الحق زیدی نے کہا کہ شیعان حیدر کرار ؑ پورے ملک میں دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں حیات آبادامام بارگاہ میں دہشت گردانہ حملہ بزدلانہ فعل ہے ہم اس کی پر زور سخت مذمت کرتے ہیں ملت جعفریہ ؑ کو دہشت گرد نشانہ بنا رہے ہیں اور انکی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت نہائیت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے کارکنان کی سکیورٹی کی بجائے انکی بلاجواز گرفتاریاں کر رہی ہے انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب آپریشن شروع کر کے ملت جعفریہ کے دل جیت لئے ہیں اس آپریشن کو ملک کے دیگر علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے معاون و مددگاروں کے خاتمہ کے لئے بھی وسیع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اس موقع پر ضلعی سیکر ٹری اطلاعات و نشریات مظہر عباس چوہدری بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت) نواز حکومت کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے بلند بانگ دعوے صرف دکھاوے کے ہیں عملی طور پر دہشت گردوں کے خلاف وفاقی حکومت موثر کاروائی سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔سول حکومتیں عوام کو دہشت گردوں کے حملوں سے تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہیں، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کو ٹیک اور کرنا چاہئے۔اس ملک کے عوام آرمی پبلک سکول کے واقعے کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی کہ اچانک سانحہ شکار پور اور پھر آج حیات آباد کا دلسوز سانحہ کسی مصیبت سے کم نہیں۔ حکمران صرف مذمتی بیان تک ہی محدود رہتے ہیں ان نام نہاد حکمرانوں سے دہشت گردوں کے خلاف کسی کاروائی کی توقع رکھنا عبث اور فضول ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عاشق حسین ناصری نے شہید کیپٹن ضمیر حسین چوک گلگت پر سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہر ے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام مذمت کرنا نہیں بلکہ دہشت گردوں کی مرمت کرنا ہوتا ہے، ہمارے حکمران ایک عام آدمی کی طرح کسی بھی واقعے کے فوراً بعد ایک مذمتی بیان دیکر خاموش ہوجاتے ہیں حالانکہ حکومت کا اصل کام عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے جس سے یہ حکمران دانستہ چشم پوشی کرتے آئے ہیں اور اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر درپردہ دہشت گردوں سے مراسم بناکے رکھے ہیں۔نواز حکومت کی ملک دشمنی کسی سے پوشیدہ نہیں اس کے باوجود آنکھیں بند کرکے ان کے اقتدار کو مزید طول دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج از خود نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پورے ملک میں موجود دہشت گردوں اور ان کے سیاسی و مذہبی ہمدردوں جن کی رسائی ایوانوں تک ہے کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرے نیز لال مسجد کے خطیب جیسے بہت سے ملک دشمن ملا پورے ملک میں کھلے عام دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آیا کہ پاک فوج اپنا کردار ادا کرے اور ایسی سول حکومتوں سے جو عوام کو جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات دلوائے تو قوم پر بہت بڑا احسان ہوگا۔