ایم ڈبلیوایم رہنما علامہ مقصود ڈومکی کی ڈی سی جیکب آباد سے ملاقات، محرم سے متعلق گفتگو

13 جون 2025

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نواب سمیر حسین لغاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، محرم الحرام کی آمد اور عزاداری کے اجتماعات کے سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، صدر یوتھ ونگ سید کامران علی شاہ، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، آل ڈومکی اتحاد کے وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد ڈومکی، مظفر علی ٹالانی، زوار غلام مصطفی، جعفریہ الائنس کے ڈویژن جنرل سیکرٹری شاہنواز جعفری اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے۔ نوجوانوں سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چھینے جا رہے ہیں۔ ماہ محرم سے قبل مؤثر سکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام خصوصاً عزادار خود کو محفوظ محسوس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رضاکار اور اسکاؤٹس حسب روایت پولیس و رینجرز کے ساتھ عزاداری کے پروگراموں میں مکمل تعاون کریں گے۔ پولیس ہیڈکوارٹر میں حسب روایت اسکاؤٹس کے لئے پروگرام ہر سال کی طرح اس سال بھی پولیس کی زیرنگرانی رکھا جائے۔ خواتین کی مجالس عزاء میں سکیورٹی کے لئے لیڈیز پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ پولیس مزید لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرے تاکہ خواتین کے اجتماعات میں مؤثر سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضریح پاک امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے سابق ڈپٹی کمشنر کا تحریری وعدہ تھا، اس پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون پر یقین رکھتی ہے۔ قیام امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کا باہمی تعاون ہی ضلع میں امن و امان کی ضمانت ہے۔ تحصیل اور سب ڈویژن کی سطح پر تمام ذمہ داران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بانیان مجالس، عزاداروں اور دینی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ انتظامیہ عزاداری کے اجتماعات کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے عزاداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree