
Ahsan Mashadi
پاکستان عوامی تحریک کے وفد کا ایم ڈبلیوایم مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ،بلدیاتی انتخابات میں اتحادکی پیشکش
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ کی زیر صدارت ایک وفد نے مجلس وحدت مسلمین کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں مرکزی مسئول علامہ اصغر عسکری سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماوں نے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے الیکشن میں یہ دونوں جماعتیں اتحادی بن کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا ماضی میں بھی ہم ایک دوسرے کے بہت قریب رہے ہیں۔ ہمارے تعلقات کی بنیاد نظریات کی ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ جس پر کبھی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک مضبوط اور مقبول عوامی جماعت ہے۔ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے دوران ہم مضبوط اتحادی بن کر میدان میں نکلیں گے اور بھاری مینڈینٹ سے کامیاب ہوں گے۔ علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ ہمارا اتحاد اصولی بنیادوں پر ہے۔ دہشت گردی اور ظلم کے خلاف اشتراک عمل ہی ہمارے اتحاد کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کی اٹھانوے فیصد یونین کونسلز میں اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ امیدوراوں کے چناو سمیت انتخابی مہم کی کامیابی کے لئے اہداف بھی متعین کئے جاچکے ہیں۔
علامہ عسکری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خاموشی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس وقت ہماری تمام تر توجہ گلگت بلتستان الیکشن پر مرکوز ہے۔ ہماری ساری قیادت وہاں کے مختلف علاقوں کے دورے پر ہے۔ 8 جون گلگت بلتستان کے الیکشن کے بعد ہم پولٹیکل ونگ کی میٹنگ بلا کر آپ کی پیشکش پر ان سے رائے لے لیں گے۔ انہوں نے کہا اس وقت تحریک انصاف کے رہنماوں سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے بھی ہم سے رابطہ کیا ہے، تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی نے کہا ہے ہم تنظیم کی افرادی قوت کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف حلقوں میں اتحاد کی پوزیشن میں ہیں۔ ماضی میں بھی ہم نے باہمی خلوص کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور انشاءاللہ مستقبل بھی ہماری کوشش ہوگی کہ ہم مل کر مضبوط سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں۔
وحدت نیوز ( کراچی) حکومت سانحہ شکار پور شہداء کے لواحقین سے کئے گئے مطالبات پورے کرے، شکارپور میں دہشت گردی کا المناک سانحہ ہوا۔جس میں ۶۵ معصوم نمازی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ وارثان شہداء کمیٹی کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ۱۹ فروری کو سندھ حکومت سے ۲۲ نکاتی معاہدہ طے پایا مگر چار ماہ کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود آج بھی شہداء کے وارث اور زخمی اپنے مسائل کے سلسلے میں پریشان ہیں ،وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے معاہدے پر عمل در آمد کے سلسلے میں قائم کمیٹی کا فقط ایک اجلاس منعقد ہوا ۔نشادہی کے با وجو دہشتگرد مدارس کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا گیا اور نہ ہی رینجرز کی شکارپور میں برگیڈ قائم کی گئی اور وعدوں کے با وجود متاثرہ امام بارگاہ کی تعمیر اور مرمت کا کام بھی ابھی تک نہ ہوسکا۔ ہم نے کراچی میں کمیٹی کے رکن صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی ، ایم پی اے سید ناصر حسین شاہ اور دیگر سے ملاقات کرکے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔مگر تمام مطالبات سرد مہری کا شکارہیں، ملک ریاض صاحب نے شہداء کے لئے دس لاکھ جبکہ سانحے کے زخمیوں کے لئے پانچ لاکھ روپے معاوضے کا وعدہ کیا تھا، مگر یہ رقم ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔ان خیالات کا اظہار وارثان شہداء کمیٹی شکارپورکے سر براہ علامہ مقصود علی ڈامکی نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ کانفرنس کے دوران کیا کانفرنس میں ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما عبداللہ مطہری، مولانا سکندر علی الحسینی، قمر دین شیخ، سید بشارت علی شاہ موجود تھے علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور سندھ کی تاریخ بلکہ پاکستان کی تاریخ میں المناک سانحہ ہے،اور جس کا سبب یہ تھا کہ گذشتہ چند سالوں سے اس ضلع میں اور سندھ کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور مراکز کی فعالیت تھی، ریاستی ادارے دہشت گردی کے تربیتی مراکز اور ان کے معاونین کے خلاف کاروائی کی بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔پاکستان بھر کے عوام ، بالخصوص سندھ کے بہادر بیٹوں نے دہشت گردی کے اس المناک واقعے کے بعد دہشت گردی اور مذہبی جنونیت کے خلاف جس موثر رد عمل کا اظہار کیا و ہ بھی قابل ستائش ہے علامہ مقصودر علی ڈومکی کا ملکی موجودہ ص ورتحال بلخصوص کراچی اور کوئٹہ میں شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور حکومت و سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست دہشت گردوں کے خلاف اعلان جنگ کرے۔اور شکارپور سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا جائے، تو پاک وطن کے بہادر عوام دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لئے اپنی بہادر افواج اور اداروں کی پشت پر ہوں گے۔حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ معاہدے پر فوری عمل در آمد کرے کیونکہ معاہدے پر عمل در آمد میں تاخیر پر عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس لئے امید ہے کہ سندھ حکومت جلد اپنا وعدہ وفا کرے گی۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ مہدی شاہ نے عمامے اور مذہب کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کر کے لوگوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔ علما کی سیاسی حیثیت پر تنقید کرنے والے کل تک اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کے لیے علما کے ساتھ کھڑے ہونے کو فخر سمجھتے تھے اور آج جب یہ شیعہ سنی قوتیں ان کرپٹ عناصر سے خطے کی عوام کو چھٹکارا دلانے کے لیے میدان میں نکلیں تو انہیں مورد الزام ٹھرایا جانے لگے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے خلاف مہدی شاہ اور حفیظ الرحمان دونوں ہی ایک زبان بول رہے ہیں۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دونوں شخصیات مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں جس کا مشترکہ ہدف مجلس وحدت مسلمین کی مضبوط سیاسی قوت کو نقصان پہچانا ہے۔مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی تعصب آمیز بیان دے کر فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں مذہبی شخصیات کے خلاف زبان درازی کرنے والی یہ جماعتیں آکر دیکھ لیں کہ سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کس طرح ہم آہنگ ہو کر عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں۔۔انہیں ان مذہبی جماعتوں سے خطرہ ہے جو باکردار اور بے داغ ہیں۔اپنے مفادات کو ڈوبتا ہوا دیکھ ہر انہوں نے مذہبی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دینی جماعتیں عوام کے حقوق و خوشحالی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔یہاں کی عوام نے کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیا ہے۔ دونوں آزمودہ سیاسی پارٹیوں نے یہاں کے لوگوں کو سوائے دھوکے کے اور کچھ نہیں دیا۔یہی منافقانہ طرز عمل ان کی شکست کا موجب بنے گا۔ناصر شیرازی نے کہا کہ عمامہ سرور کائنات رسول اکرم ﷺ سے منسوب ہے جس کا تمسخر اڑا کر مہدی شاہ گناہ عظیم کا مرتکب ہوا ہے۔ مہدی شاہ کے اس نفرت انگیز بیان سے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی رہی سہی ساکھ بھی تباہ ہوئی ہے بلکہ مذہبی شخصیات کے حوالے سے ان کی سطحی ذہنیت بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
وحدت نیوز(شگر) مجلس وحدت مسلمین کی شگر میں تاریخی ریلی،ریلی تقریبا چار کلو میٹر لمبی تھی ،ہزاروں کی تعداد میں کارکنان کی شرکت،ریلی کی قیادت علامہ اعجاز بہشتی،علامہ مرزا یوسف حسین،علامہ شیخ نوری،یعقوب حسینی،علمائے شگراور مجلس وحدت مسلمین شگر کے امیدوار فدا علی شگری نے کی،جگہ جگہ پرتپاک استقبال ایم ڈبلیو ایم کے حق میں فلگ شگاف نعرے،شگر حسینی چوک پہنچنے پر شاندار استقبال شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ شگر کے غیور عوام کی جانب سے آج کی یہ تاریخی اور شاندار ریلی مجلس وحدت مسلمین کے حق میں ریفرنڈم ہے،عوام اب بیدار ہو چکی ہے،آج کی یہ شاندار ریلی شگر کے عوام کی آزادی اور حریت پسندی کی دلیل ہے،انشااللہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی حامی جماعت ہے،ہماری کسی سے دشمنی نہیں ،ہم محروم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے مخالف ہیں،انشااللہ 8 جو 2015 ء کو عوام ان جاگیرداروں وڈیروں اور نوسر بازوں سے آزادی حاصل کر لیں گے،حشوپی میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف حسین کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین عوامی جماعت ہونے کے ناطے ہر مکتب فکر کے حقوق کے لئے میدان میں اتری ہے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مظلوم کو متحد کر کے وقت کے ظالموں کا چین چھین لیا ہے،انشااللہ شگر کے اس عوامی انقلاب کے سامنے کسی بھی غاصب کا ٹھہرنا ممکن نہیں،آج عوام کی اس بیداری کو دیکھ کر ہر باشعور طبقہ خوش ہیں اور استحصالی گروہ کی نیندیں حرام ہو چکی ،انشااللہ کامیابی مستضعفین کی ہوگی،ریلی الچوڑی،سلدی،کشمل،یونو،وحدت آباد،تھندورو،حیدر آباد ،داسو،تسر،گلاپ پور ،وزیر پور،نیالی سے ہوتے ہوئے رات گئے حسن چوک شگر پر اختتام پذیر ہوئی۔
وحدت نیوز (گلگت) پاکستان مسلم لیگ نواز نے غیر مقامی گورنر کا تقرر کرکے صوبائی عصبیت کو ہوا دی ہے اور اس پارٹی سے کسی طرح کی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے خومر بشوٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد صاحبزادہ فضل کریم نے مسلم لیگ نواز کا ساتھ دیا ،ہم ذاتی مفادت اور پلاٹ ،پرمٹ کی خاطر ان کے اتحادی نہیں تھے بلکہ مسلم لیگ ن کی انتہاپسندوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے اور حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر خودکش حملے کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن نہ لینے پر اپنا بیس سالہ اتحاد ختم کردیا ۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ناچتے ہیں کیونکہ جب یہ مشکل میں تھے اس وقت سعودی حکمرانوں نے ان کی جانیں بچائی تھیں اور انہیں اپنے پاس پناہ دیدی اور آج انہی احسانات کے بدلے مسلم لیگ ن آل سعود کی آنکھیں بند کرکے تابعداری کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل پاکستان میں اہل سنت کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم نے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ پانچ سالوں سے اتحاد قائم رکھا ہے اور اس اتحاد کے نہایت ہی مثبت ثمرات سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل نے جرات و بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کیا اور حکومت کی مذاکراتی پالیسی کو چیلنچ کرکے افواج پاکستان کی حمایت سے ہزاروں پاکستانیوں کے قاتلوں کے خلاف ایکشن کروانے میں کامیا ب ہوگئے۔آج اگر تکفیری قوتوں اور ان کے حامیوں سے پاک سرزمین کوئی خطرہ ہے تو وہ مجلس وحدت اور سنی اتحاد کونسل سے ہے اور اسی لئے مسلم لیگ ن نے پورے پاکستان میں مجلس وحدت اور سنی اتحاد کونسل کے ہزاروں کارکنان کے خلاف مقدمات درج کرکے ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اہل سنت سے سیاسی انتقام کے طور پر ایمپلی فائر ایکٹ کی آڑ میں درود و سلام پر پابندی عائد ہے جو بدترین ظلم ہے۔ انہوں نے عوام کو مجلس وحدت کی کامیابی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی کہ وہ الیکشن میں وحدت مسلمین کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں اور انشاء اللہ مجلس وحدت کی کامیابی کا جشن مناکر ہی گلگت سے روانہ ہونگے۔
وحدت نیوز (کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری علامہ آغا علی رضوی نے کھرمنگ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کھرمنگ کی عوام نے ہم پر اعتماد کیا اور ہمیں خدمت کا موقع دیا تو انکی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھرمنگ کی عوام باشعور اور غیرت مند عوام ہے جعلی وعدوں پر اپنا ضمیر اور اپنا مستقبل کسی دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والی جماعت کا ساتھ نہیں دے سکتا ہے، کھرمنگ ضلع عوام کا بنیادی حق ہے کسی کا احسان نہیں ہے ہمیں اپنا حق دے کر کوئی احسان نہ جتائے وفاقی حکومتوں نے 67سالوں سے ہمارے حقوق دبا ئے رکھی ہیں جسکی بازیابی ہمارا اخلاقی فریضہ ہے ، ہم خون کے آخری قطرہ تک عوام حقوق کے لیے جنگ جاری رکھیں گے اور مظلوموں کی آواز پر لبیک کہتے رہیں گے۔ہمارا انتخابات میں حصہ لینا عہدوں کی لالچ میں نہیں بلکہ غاصب اور عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا راستہ روکنا، عوام کو انکے حقوق دینا، گلگت بلتستان کو مادر وطن کا مضبوط ترین خطہ بنانا اور 67سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ہم دنیا کو بتا دیں گے عوام کی خدمت کس طرح کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلے بھی قومی معاملات نے عوام کو ہمیں سرفرازی عطا کی اب الیکشن میں بھی کامیابی سے ہم کنا ر کریں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ عوام ہمیں اس محاذ پر کبھی تنہانہیں چھوڑیں گے اور سروخرو کریں گے۔