The Latest
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کراچی میں جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب حکومت مشرف کے ٹرائل سے پہلے دہشت گردی کا قلع قمع کریں۔ کیونکہ ملکی سلامتی کو اس ناسورسے بڑا کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان میں ہرآمر کا ٹرائل ضروری ہے۔ پرویز مشرف کے ٹرائل کیلئے اکتوبر1999کے اقدامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاروائی کی جائے اور اس وقت کے وہ تمام ادارے جو ان غیر آئینی اقدامات کے حامی تھے ان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ یک طرفہ کاروائی سے مزید ملکی معاملات کو مشکلات پیش آئیں گی۔ علامہ امین شہیدی نے سانحہ مدرسہ شہید حسینی پشاور، سانحہ دیا مر گلگت، سانحہ کوئٹہ اور کراچی میں جاری دہشت گردی کے واقعات کیخلاف حکومت کی طرف سے غیر سنجیدہ رویہ اپنانے پر بروزِ جمعہ 28 جون کو مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام واقعات میں مقتدر قوتوں کی خاموشی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ آخر کونسی مجبوری ان حکمرانوں اور ریاستی اداروں کو لاحق ہے جو دہشت گردوں کیخلاف کاروائی سے روکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گذر رہا ہے۔ انڈیا، اسرائیل، امریکہ گٹھ جوڑ اور افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات پر تمام محبِ وطن قوتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے دنیا کے سامنے ٹھوس مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ خارجہ پالیسی کو صحیح سمت دے کر دنیا کو باور کرانا ہوگا کہ پاکستانی دہشت گردنہیں بلکہ دہشت گردوں کو ان شیطانی طاقتوں نے پاکستان پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالات کو خراب سے خراب تر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ غیر ملکی مہمان سیاحوں کا قتل گلگت بلتستان کی عوام کی معیشت اور سیاحت جس کو انڈسٹری کا درجہ حاصل ہے کا قتل ہے۔ ان تمام واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے گلگت بلتستان میں 27جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام محبِ وطن قوتیں متحد ہو کر ان مسائل کا حل نکال سکیں اور یہ وقت کا بھی عین تقاضہ ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) نوجوان ملت جعفریہ کا سرمایہ ہیں، سیرت حضرت عباس ؑ و علی اکبر ؑ پر کاربند رہتے ہوئے حسینی انقلاب بپا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے یوتھ ونگ ’’وحدت یونگ ونگ ‘‘ کے سیکریٹری سید فضل عباس نقوی نے کراچی پہنچنے کے بعد جوانوں سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی سیکریٹری سید فضل عباس نقوی بدھ کے روز ملتان سے دو روزہ دورے کے لئے کراچی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جوانوں کی ایک خصوصی نشست میں گفتگو کی۔ وحدت یوتھ ونگ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی سیکریٹری سید فضل عباس نقوی کراچی میں اپنے دو روزہ تنظیمی دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی سے ملاقات کریں گے جبکہ کراچی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر ضلعی ذمہ داروں سے بھی خصوصی ملاقاتیں کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق سید فضل عباس کے دورۂ کراچی میں وحدت یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
وحدت نیوز (کراچی) کراچی کے علاقے برنس روڈ پر دھماکے میں 7 افراد کے جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد لوگوں میں افراتفری پھیل گئی۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی اطلاعات ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ میڈیا نیوز کے مطابق دہشتگردوں نے سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے اسکواڈ کو ٹارگٹ کیا۔ جسٹس مقبول باقر کا قافلہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب رواں دواں تھا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو ان کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انھیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے میں ایک پولیس وین اور موٹر سائیکل مکمل تباہ ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جسٹس باقر کے سکواڈ پر حملہ پلانٹڈ تھا۔ جسٹس باقر آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 6 پولیس اہلکار اور رینجرز کا اہلکار شامل ہیں۔ سندھ بار کونسل نے جسٹس مقبول باقر پر حملے کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق کراچی میں برنس روڈ پرسندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کی گاڑی کے قریب دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق برنس کے علاقے اردو بازار چوک پر دھماکے ہوا، جس میں ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر کی گاڑی پر کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے پولیس موبائل اور ایک موٹر سائیکل تباہ جبکہ ایک پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے میں سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر زخمی ہوگئے، تاہم وہ خیریت سے ہیں، جنہیں پرائیوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق اقراد میں جسٹس مقبول باقر کا ڈرائیور اور ایک رینجرز اہلکار بھی شامل ہے۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی جگہ پر کاروباری ادارے اور کالج بھی موجود ہیں۔ ڈی آئی جی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب بم سے ہوا۔
وحدت نیوز (ہری پور) سید اسرار حسین نقوی مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہری پور کے آئندہ تین سال کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں مولانا وحید عباس کاظمی نے اپنے عہدے سے استعفی دے کر ایک انتخابی ٹریبونل قائم کیا، جس نے تین ناموں پر غور و خوص کیا۔ جن میں سید عشرت عباس نقوی اور سید اسرار حسین نقوی کے علاوہ ایک اور نام شامل تھا، انتخابی کمیٹی نے اتفاق رائے سے پروفیسر سید ابرار حسین نقوی کے چھوٹے بھائی سید اسرار حسین نقوی کا نام اتفاق رائے سے منظور کیا۔ ایم ڈبلیو ایم ہری پور کے نئے سیکرٹری جنرل تعلیم کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور ہری پور ہزارہ میں ایک معروف تعلیمی ادارے کے سربراہ ہیں۔
وحدت نیوز (فیصل آباد) ڈاکٹر سید افتخارحسین نقوی مجلس وحدت مسلمین پاکستان فیصل آباد کے دوبارہ تین سال کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں ضلعی کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی اورصوبائی رہنما علامہ احمداقبال رضوی نے شرکت کی۔ ضلعی کنونشن میں یونٹس نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر سید افتخارحسین نقوی دوسری بار تین سال کے لیے مجلس وحدت مسلمین فیصل آباد کا سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے فیصل آباد سے صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار تھے۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے نومنتخب سیکرٹری جنرل سے حلف لیا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ قومی بجٹ غریب دشمن ہے۔ مزدور، ملازمین، پنشنرز اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے محنت کشوں کا کچومر نکل جائے گا۔ حکمران بجلی بحران ختم کرنے کی بجائے بجلی ریٹ مسلسل بڑھا کر عوام کو بجلی کے جھٹکے لگارہے ہیں۔ زراعت، صنعت، تجارت کی ترقی کے لیے توانائی کا بحران حل کرنا ہوگا۔ آٹا، دال، چینی، چاول اور تیل وبجلی کی قیمتیں کم کر کے عوام کی حالت کا رخ خوشحالی کی طرف موڑا جائے وگرنہ عوام اب غصے کی انتہا پر ہیں۔،انارکی، سول نافرمانی، انتہا پسندی مستقبل کی تحریک کا عنوان بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اقتدار نقوی نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کوئٹہ بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افسردہ اور غم زدہ ہے۔ مجرموں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔ حکومت، انٹیلی جنس اداروں، قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز کی موجودگی میں دہشتگردی، تخریب کاری حیران کن اور ان سب کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت کے قومی اسمبلی میں پالیسی بیانات، پریس بریفنگ اور وقتی نمائشی اور جذباتی اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ خرابی کو جڑ سے اکھاڑنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد سے مسلسل قومی سلامتی کے لیے تباہ کن پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی غلامی سے نکلنے کے لیے نام نہاد اینٹی وار آن ٹیرر سے باہر آنا ہوگا اور پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار دادوں کی روشنی میں داخلہ اور خارجہ پالیسی از سر نو ترتیب دی جائے۔ دشمن کے اشارے پر قوم کو تقسیم کرنے والے عناصر کی بیخ کنی کی جائے اور ملت پاکستان کو متحد، یکسو اور یک آواز کیا جائے۔
وحدت نیوز (ٹوبہ ٹیک سنگھ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان (ٹوبہ ٹیک سنگھ ) کا ضلعی کنونشن سابق ضلعی سیکرٹری جنرل شیخوپورہ علامہ حسن رضا ہمدانی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے یونٹ صدور اور نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن میں خصوصی طور مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے شرکت کی۔ تنظیمی کنونشن میں مرحلہ احتساب کے بعد سیکرٹری جنرل رانا شاہد علی نے اپنے سے کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں کثرت رائے سے ر ضوان حیدر کو مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا آئندہ تین سال کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
نو منتخب سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب خدا کوئی ذمہ داری دیتا ہے تو اس کی بجا آوری کے لیے ہمت وطاقت بھی دیتا ہے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ بعض افراد کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے لیکن ہم ان پراپیگنڈوں کی پرواہ کیے بغیر اپنا سفر جاری وساری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی نے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں چلاس کے سیاحتی مقام اور ننگا پربت بیس کیمپ کے قریب فیری میڈوز میں ایک پاکستانی اور 10 غیر ملکی سیاحوں کی تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل عام کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت شاہرائے قراقرم پر گذشتہ سال رونما ہونے والے پے در پے سانحات چلاس، کوہستان و لولوسر کا سختی کیساتھ نوٹس لیتے ہوئے ان علاقوں میں موجود کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کے ٹھکانوں پر آپریشن کرتی تو آج اتنا بڑا سانحہ کبھی رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض مقامی مذہبی رہنما اسے بین الاقوامی سازش قرار دے رہے ہیں،اس میں کوئی شبہ نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ دیامر کے مذہبی رہنما ان بین الاقوامی سازشوں کے آلہ کار بننے والے مقامی شدت پسندوں کو بھی ازخود بےنقاب کرکے اس خطے کو طالبانائزیشن سے پاک کریں۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے گلگت کی جامع مسجد میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی جانب سے یوم ولادت باسعادت حضرت امام مہدی (عج) کے موقع پر منعقدہ عہد وفا کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امام جمعہ و الجماعت جامع مسجد گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں امامیہ آرگنائزیشن نے کارکنان سمیت مومنین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ کانفرنس میں کراچی کے مشہور و معروف منقبت خواں برادر مرتضیٰ نگری نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ عہد وفا کانفرنس میں علامہ امین شہیدی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیبت امام زمانہ (عج) میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم طاغوت کا انکار کرتے ہوئے ہر ظالم سے نفرت کریں اور ہر مظلوم کی حمایت کے لئے میدان عمل میں حاضر رہیں۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج زمانہ ہم سے یہ تقاضا کررہا ہے کہ ہم اپنے امام عصر (عج) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے کیلئے میدان عمل میں وارد ہوں اور اپنی اپنی ذمہ داری کو ادا کریں تاکہ دنیا بھر کے مظلومین کی دادرسی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا مقصد بھی یہی ہے کہ معاشرہ کو خدا کے دیئے ہوئے عادلانہ نظام کی طرف واپس پلٹایا جائے اور دنیا کے سامنے عدالت کا ایسا نمونہ پیش کیا جائے کہ آج کا زمانہ امام زمانہ (عج) کی حکومت کے قیام کے لئے آمادہ ہوسکے۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ امین شہیدی نے گلگت میں حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں پر حملوں سمیت دیگر واقعات گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے لیکن گلگت بلتستان کے باشعور عوام امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کی ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اُمورجوان سید فضل عباس نقوی نے کہا ہے کہ اگر سانحہ چلاس اور لولوسر کی تحقیقات کی جاتیں تو غیرملکیوں کے قتل جیسا واقعہ رونما نہ ہوتا۔ دیا میر کا واقعہ پاکستان کا چہرہ مسخ اور عالمی برادری میں پاکستان کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام منعقدہ ہ ''عصر غیبت میں ہماری ذمہ داریوں ''سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم جوان کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ جن علاقوں میں فوج اور کوہ پیما ئوں کے علاوہ دور دور تک کسی انسان کا نام و نشان نہیں ملتا اور لوگ ہیلی کاپٹرز پر جاتے ہوئے گھبراتے ہیں وہاں دہشتگردی کا واقعہ پیش آنا ہمارے سیکورٹی اداروں اور ایجنسیوں کی بدترین ناکامی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور میں مسجد پر حملہ دراصل اسلام پر حملہ ہے ۔ وفاقی وصوبائی حکومت نے اگر ان واقعات کا نوٹس نہ لیا تو پاکستان کی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔