وحدت نیوز (مظفرآباد) سیاسی عمل میں بھرپور حصہ لیں گے، حلقہ تین سٹی میں بھی مشاورتی عمل شروع ہو گیا ، مشاورتی عمل اختتامی مراحل میں ہے ، بہت جلد میڈیا اور عوام کے سامنے لائحہ عمل پیش کریں گے ، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کی ریاستی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اجلاس کی صدارت ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کی ، اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد محمود عباسی ، مولانا طالب حسین ہمدانی، عابد علی قریشی ، سید حسین سبزواری ، سید عمران حیدر سبزواری ،سید ممتاز نقوی کے علاوہ ریاستی کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی ، اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مشاورتی عمل اختتامی مراحل میں ہے ، حلقہ کوٹلہ ، لچھراٹ ، حلقہ چھ، باغ کے علاوہ اب حلقہ تین سٹی میں مشاورتی عمل جاری ہے، عمائدین سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں ، عوام کی طرف سے مثبت ردعمل اور مجلس وحدت مسلمین پر اعتماد سامنے آ رہا ہے ، جلد پولیٹیکل کونسل کا اجلاس بلا کر تمام لائحہ عمل میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کریں ، ہٹیاں بالا کے مسلسل دورہ جات جاری ہیں ، کل سے ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد حلقہ پانچ کا تفصیلی دورہ کرے گا، دورے کے دوران جہاں اہم شخصیات ، عمائدین و معززین سے ملاقاتیں ہوں گی ، وہاں ویلج ٹو ویلج کارنر میٹنگز بھی کیں جائیں گی، امیدواران کا حتمی فیصلہ مجلس وحدت مسلمین پولیٹیکل کونسل کے اجلاس میں تشکیل پانے والا پارلیمانی بورڈ کرے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت بہت جلد ہمارے درمیان ہو گی ، ہم نے ایک شعار کے تحت اپنی سیاست کو آگے بڑھانا کہ ’’وحدت کا یہ نعرہ ہے ہر مظلوم ہمارا ہے‘‘ہم نے ہر مظلوم کا ہاتھ تھامنا ہے ، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سیاسی جماعت ہے ، عام سیاسی پارٹیوں کی نسبت خدمت خلق کی سیاست کریں گے ، ہمارا مقصدا اقتدار نہیں ، ہم کسی کرسی کے طالب نہیں ، بلکہ چاہتے ہیں کہ حق دار کو اس کا حق ملے ، کشمیر کے مجموعی مسائل حل کیے جائیں ، ہر شہری کے بنیادی مسائل کی جانب توجہ دی جائے، ریاست آزاد جموں و کشمیر کو ماڈل ریاست بنایا جائے ، امیدواران کی اہلیت ، قابلیت اور استعداد کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کریں گے ، پیغام مجلس وحدت گھر گھر پہنچائیں گے ۔ کرپٹ عناصر کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ، مجلس وحدت مسلمین کا میدان میں ہر وقت موجود رہنا ہی اِس کا خاصہ ہے۔ کثیر تعداد میں عوام کی جانب سے رجوع یہ ثابت کر رہا ہے کہ مجلس وحدت ان کے حقوق کی ترجمان بنے گی ،انشاء اللہ بہت جلد مجلس کا کلی لائحہ عمل عوام کے سامنے آئے گا ، جس کا معیار میرٹ و عادلانہ نظام ہو گا۔ علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا بیان کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مساوی سلوک ہو گا، خوش آئند ہے ،مگر اسے عملی بنانے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز (گلگت) سکردو حلقہ 2 کے عوام کاچو امتیاز کو عبرت کا نشان بنادینگے،کاچو امتیاز کے پاس اسمبلی رکنیت مجلس وحدت کی امانت تھی اور اس امانت میں انہوں نے خیانت کی ہے اور خائنوں کیلئے ہماری جماعت میں کوئی جگہ نہیں۔مجلس وحدت مسلمین باکردار عوام کی جماعت ہے کاچو امتیاز نے اپنا ضمیر بیچ کر مجلس وحدت مسلمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی،صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عارف قنبری، صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا رکن اسمبلی کا چو امتیاز نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور جماعت کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ایسے لوگوں کیلئے مجلس وحدت میں کوئی جگہ نہیں۔کاچو امتیاز کو شو کاز نوٹس بھجوادیا گیا ہے اور قانونی تقاضے پورے کرکے اسمبلی رکنیت سے ڈی سیٹ کرنے کیلئے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کو باضابطہ درخواست جمع کروائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی سرپرستی میں انکوائری کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ایک ہفتے کے اندر کاچو امتیاز کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر شو کاز نوٹس کا جواب دینے کا پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں کاچو امتیاز کے ذاتی فعل کو بنیاد بناکر مجلس وحدت مسلمین کے بارے میں نفرتیں پھیلانے میں سرگرم عمل ہیں خاص طور پر گلگت اور بلتستان کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کررہے ہیں لیکن مجلس وحدت باہم متحد ہے اورہمیں سکردو کے غیور عوام پر فخر ہے اور اس قسم کی سازشوں میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرکے رسوائی کا طوق ان کے گلے میں ڈال دینگے۔ایک سوال کے جواب میں ان رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ لڑی ہے اور اس جدوجہد میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔عملی سیاست میں باکردار افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں نئی راہیں تلاش کرینگے مجلس کے اہداف واضح اور روشن ہیں اور سرزمین گلگت بلتستان میں مجلس وحدت کا مستقبل روشن و تابناک ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے دفتر سے جاری ایک بیان میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ آغا رعلی رضوی نے کہا ہے کہ حالیہ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں پارٹی ڈسپلین کی مبینہ خلاف ورزی پر رکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان سے تحریری وضاحت طلب کی ہے اور اس وضاحت کی روشنی میں مرکزی قائدین اور صوبائی قائدین فیصلہ کریں گے۔ اس سلسلے میں کمیٹی بھی قائم کی جارہی ہے جو معاملے کو باریک بینی سے دیکھے گی اور عوامی امنگوں کے مطابق اقدامات اٹھائے گی۔ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں ایک ووٹ کی کمی بیشی کے مسئلے کو قوم کا سب سے بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا جارہا ہے اور اس کی آڑ میں عوامی حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش ہورہی ہے۔ جی بی کونسل کے انتخابات کو ہی ان دنوں میں کرایا گیا جب عوام کی نظریں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور اکنامک کوریڈور میں گلگت بلتستان کے حصہ پر لگی ہوئی تھیں۔ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران کی جانے والی مصنوعی قلت بھی عوامی توجہ عوامی حقوق سے ہٹانے کی کوشش تھی جس میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کامیاب ہوگئی ہے۔
بلتستان میں یا موت یا حقوق کا نعرہ بلند ہوتے ہی اس خطے کو 67 سالوں سے محروم رکھ کر اپنی تیجوریاں بھرنے والے حکمران کی نیندیں اڑ گئی تھی اب وہی طبقہ چاہتا ہے کہ جی بی کونسل کے انتخابات کی آڑ میں حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبایا جاسکے جو کہ ممکن نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلانے، اکنامک کوریڈور میں حصہ دلانے، خالصہ سرکار کے نام پر زمینوں پر قبضہ کے خلاف، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے لیے، گلگت بلتستان میں ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ گلگت بلتستان کونسل الیکشن ہو یا عام انتخابات فتح و شکست سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے اس طرح کے معاملات سے نہ عوام کے حوصلے پست ہونگے اور نہ ہم اپنے اہداف سے پیچھے ہٹیں گے۔ اسی کو موضوع بناکر عوامی عزم و حوصلے کو کمزور کرنے والے اپنے عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے خلاف فتویٰ دینے والے مفتی پولیس اہلکاروں کی شہادت کے ذمہ دار ہیں، ہم کراچی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کے جوانوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کیخلاف اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیاں عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتے، استحکام پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم شہید ھونے والے جوانوں کے خانوادگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم کی سیکورٹی پر مامور 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کیے بغیر کراچی اور ملک میں امن و قیام ممکن نہیں، پولیو مہم معطل نہ کی جائے، ایسا کرنا دہشت گردوں کی بالادستی قبول کرنے کے مترادف ہوگا، ملک کو دہشت گردی سے مکمل نجات دلائی جائے، اورنگی ٹاؤن کراچی کالعدم دہشت گرد مذہبی انتہا پسندوں کا مرکز ہے لیکن ادارے ان کے خلاف آپریشن سے کیوں گریزاں ہیں۔ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران طبقہ دہشت گردی پر قابو پانے میں سنجیدہ نہیں، کالعدم جماعتیں ہوں یا چھوٹو گینگ یہی عناصر ان کی سرپرستی کرتے ہیں، 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت یہ پیغام دے رہی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار تکفیری مدارس، کالعدم تکفیری جماعتوں کے خلاف ملک کے طول و عرض میں پھیلایا جائے تاکہ وطن عزیز کو ان کی دہشت گردی سے پاک کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیئے کہ محض بیانات دینے اور کمیشن یا کمیٹی بنانے کے بجائے صوبے بھر میں دہشت گردوں کے مراکز سمیت دہشت گردوں کے ریاستی اور سیاسی سہولت کاروں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے تاکہ ان کی ریاستی اداروں میں رسائی کو روکا جاسکے۔ علامہ مختار امامی نے شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں خانوادہ شہداء، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے، شہید پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کرپشن کے خاتمے اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے بیان پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے عزم کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر باشعور شہری کی یہ دلی خواہش ہے کہ اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔ پاکستان کے امن و استحکام کے لئے فوج کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ہر آئینی اقدام میں فوج کو پوری قوم کی تائید حاصل رہے گی۔ جب تک ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نہیں ہوتا، ہمارا عالمی سطح پر وقار بلند نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا پاکستان کے بعد آزادی حاصل کرنے والی ملک چین اس وقت اقتصادی اعتبار سے دنیا کی مضبوط ترین طاقت بن چکا ہے۔ وہاں کے حکمران اپنے ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہیں، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے حکمران اپنی قوم کو طفل تسلیوں میں الجھاتے آئے ہیں۔ دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں کا احتساب کرکے ان سے لوٹی ہوئی ساری رقم واپس لائی جانی چاہیے۔ بدعنوانی ثابت ہونے کے بعد ایسے لوگوں کو الیکشن لڑنے کے لئے تاحیات نااہل قرار دیا جانا چاہیے، تاکہ ایوان اقتدار میں صرف صاف ستھرے لوگوں کو داخلے کی اجازت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتاخیر آپریشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اگر ہم اس میں کامیابی حاصل کر لیتے تو پھر پاکستان کو خطے کی مضبوط ترین طاقت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔