وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صدر علامہ جہانزیب جعفری نے میڈیا سیل کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کا پھر سے سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، ہم کراچی پولیس آفس پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی اور تکفیری عناصر کے اجتماعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کاروائی میں حصہ لینے والے قوم کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم حکومت وقت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ جہاں بھی دہشت گرد اور شرپسند عناصر کے ٹھکانے موجود ہیں انکے خلاف بھرپور سرجیکل آپریشن کیا جائے تاکہ مٹھی بھر انتہاء پسند عناصر مملکت خداداد پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکام و نا مراد ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز حملے کے تین ہفتے کے بعد کراچی میں بیہمانہ اور دہشت گردانہ کاروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک اور سماج دشمنوں کی کمین گاہیں ابھی بھی موجود ہیں۔ چند شرپسند تکفیری ذہنیت کے حامل انتہاء پسند پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہ رہے ہیں۔ جنہیں لگام دینا بہت ضروری ہیں ورنہ ایک بار پھر سے دہشت گردی کا ماحول بن جائے گا۔