اسلام آباد،ایم ڈبلیوایم کا امریکی سفارتخانے تک عظیم الشان آزادی فلسطین مارچ، 26 نومبر کو لاہور میں بڑے عوامی اجتماع کا اعلان

13 نومبر 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)فلسطینی مظلومین کی حمایت اور غاصب اسرائیل کی بربریت کے خلاف آبپارہ تا امریکی سفارتخانہ تک مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان آزادی فلسطین مارچ میں ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں کی شرکت، پر شکوہ اجتماع کے شرکاء نے فلسطینی وپاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا آج کا یہ عظیم اجتماع بصیرت و آگاہی کا ثبوت ہے، ہمارے قائد شہید علامہ عارف الحسینی نے سر زمین پاکستان پر امریکہ کو للکارا، وہ آزاد مملکت کے داعی تھے، وہ بیداری اور آزادی کی تحریک کا پرچم لے کر ملک کے طول وعرض کا سفر کرتے تھے، وہ استعماری طاقتوں کے مذموم عزائم سے آگاہ کرتے تھے جس کی پاداش میں انہیں شہید کردیا گیا،اسرائیل مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے،ہمارے رہبر کہتے ہیں یہ معرکہ حق و باطل ہے کہتے ہیں حماس نے حملہ کیا ہی نہیں بلکہ انہوں نےاپنا دفاع کیا ہے، کیا کشمیر میں اگر کشمیری انڈین مظالم کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں تو کیا یہ غلط ہے؟ کہتے ہیں اسرائیلی بہت پیشرفتہ ہے ہاں انہوں نے تمہیں قتل کرنے کے لیے ترقی کی ہے، اسرائیل کے ساتھ  تعلقات قائم کرنا شیطان اور ابلیس سے تعلقات استوار کرنا ہے، پاکستان کی سرزمین پر اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کی کبھی اجازت نہیں دینگے، وہ دن آئے گا پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے لئے نکلے گا، شیعہ سنی مل کر نکلیں گے۔

سلام ہو پارہ چنار کے جوانوں پر جنہوں نے شیعہ سنی کو لڑانے کی سازش کو ناکام بنایا، ہمارا سلام ہو فلسطینی ماؤں بہنوں بیٹیوں پر، آپ کی فداکاری پر، آپ کی استقامت پر غزہ کی سرزمین اسرائیلیوں کا قبرستان بن رہی ہے، اسرائیل کبھی جنگ نہیں جیت سکتا، آج لبنانی، یمنی اور عراقی مقاومت نے اسرائیل کو گھیرا ہوا ہے، پورا فلسطین فلسطینیوں کا ہے، دریا سے سمندر تک، انشاءاللہ یہ فلسطینیوں کا ہو کر رہے گا، امریکہ سب سے بڑا شیطان ہے، جو اس جنایت کاری میں اسرائیل کا سرپرست ہے، پاکستان کے عوام امریکہ کو سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں، آنے والے الیکشن میں پاکستانیوں کے ساتھ ملکر ان قوتوں کو شکست دیں گے جو امریکہ کا ساتھ دیتے ہیں، ایک شکست غزہ میں ہوگی اور ایک شکست پاکستان میں ہوگی، 26 نومبر کو بڑا اجتماع لاہور میں ہوگا جس میں ہم سب شرکت کریں گے لاہور کی غیور عوام تیاری کریں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ میں فلسطینی عوام کے لیے اس ایمان پرور اجتماع کے لیے آپ باضمیر پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم او آئی سی کے بے نتیجہ اجلاس کی مذمت اور افسوس کرتے ہیں، انہیں دوبارہ سے مل بیٹھ کر عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، بے غیرت و بے حمیت حکمرانوں سے مسلم امہ بیزاری کا اظہار کرے گی، مجلس وحدت مسلمین کے لاہور کے اجتماع کی حمایت کرتے ہیں۔

مجلس علماء مکتب اہلبیت کے صدر سید حسنین گردیزی نے کہا کہ ہمارا یہاں مجتمع ہونا اسرائیلی مظالم کے خلاف غم وغصہ کا اظہار ہے، فلسطینی مظلومین اسرائیلی سفاکیت کا مقابلہ ایمان کی قوت سے کر رہے ہیں۔

سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں یہ عظیم الشان اجتماع اسلام آباد کے عوام کی غیرت و حمیت کا عکاس ہے، اس وقت ہمیں تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوئے کی ضرورت ہے۔

جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ ہمیں وحدت کا اظہار کرتے ہوئے یہ پیغام دینا چاہیئے کہ غزہ کے شہداء کا خون ہمارا خون ہے، مسلم حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ بے حسی کی برترین مثال بنے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اولین مقصد ہونا چاہیے، اسلام ثبوت دشمن قوتوں کے مسلم امہ کے درمیان انتشار کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

 اپوزیشن لیڈر جی بی میثم کاظم نے کہا کہ پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطینی مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں، کہاں ہیں مسلم امہ کی قیادت کا دم بھرنے والے بے حس حکمران۔عظیم الشان اجتماع سے دیگر مقررین میں سید صفدر حسین گیلانی، مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، علامہ اعجاز بہشتی، صوبائی صدور ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب علی جعفری، آغا سید علی رضوی، سیکریٹر ی سیاسیات سندھ سید علی حسین نقوی، علمائے امامیہ کے آغا ضیغم عباس، آئی ایس او پاکستان کے نائب صدر شہریار حسین ، ظہیر عباس نقوی نے خطاب کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree