علماءوذاکرین کانفرنس، پاکستان کی اعلیٰ دینی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی، اہم اعلامیہ جاری

12 ستمبر 2020

وحدت نیوز(اسلام آباد) بزرگ علمائے شیعہ کی جانب سے جامع امام الصادق ؑ جی نائن اسلام آباد میں منعقدہ علماء و ذاکرین کانفرنس مشترکہ اعلامیہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، اس کانفرنس میں استادالعلماءمفسر قرآن علامہ شیخ محسن نجفی حفظہ اللہ ،سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ،تحریک اسلامی پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ ، علامہ حافظ ریاض نجفی حفظہ اللہ ، علامہ شیخ حسن جعفری، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ سید تقی شاہ سمیت قومی تنظیمات آئی ایس او ، جسے ایس او ،آئی او کے مرکزی رہنما ، بزرگ علمائےکرام و ذاکرین نےشرکت کی۔

علماء و ذاکرین کانفرنس میں متفقہ اعلان کردہ قرارداد کچھ یوں ہے:

1) آج کا یہ عظیم الشان اجتماع فرانس سے شائع ہونےوالے چارلی ہیبڈو میگزین میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان اقدس کےحوالےسے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں اور سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے مذموم واقعے کی پرزور مذمت کرتاہے۔

2) یہ اجتماع عرب امارات، بحرین اوردیگر عرب ممالک کے اسرائیل کےساتھ تعلقات کی بحالی کو فلسطینی موقف سے کھلا انحراف سمجھتے ہوئے اس صورتحال پر اپنے غم و غصہ کا اظہارکرتاہے۔

3) علماءوذاکرین کانفرنس کا یہ عظیم الشان اجتماع مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان پر توڑے جانے والے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے۔

4) پاکستان کا آئین اپنے تمام شہریوں کو اظہار رائے کے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے اور ملت تشیع اس کی دفاعی و نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے ۔اس ملت نے طول تاریخ میں ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دے کر وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار ہونے سے بچایا ہے اور کسی بھی صورت شرپسند عناصر کو فرقہ واریت پھیلانے کا موقع نہیں دیا۔اور نہ ہی آئندہ اس قسم کی کسی کوشش کو کامیاب ہونے دیاجائےگا۔

5) یہ عظیم الشان اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ ملک بھر میں مجالس عزا اور روایتی جلوسوں کے خلاف جو ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں ان کو فی الفور واپس لیا جائے اوریہ اجتماع یہ بھی واضح کرتا ہے کہ عزاداری سید الشہداء کے راستے میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا لہٰذا ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے ورنہ حالات کی تما م ترذمہ داری ارباب اختیار پر ہوگی۔

6) شیعہ قوم کےقائدین و بزرگان پوری امت کو ہمیشہ اتحاد ووحدت کی دعوت دی ہے اور فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔

7) شیعہ قوم کے قائدین و بزرگان ایک غیر ذمہ دار شخص کی طرف سےہونےوالی گستاخی سےبیزاری کااعلان کرتےہیں اور ایک فرد کی دریدہ دہنی کوجوازبناکرشیعہ قوم کےخلاف اسی نوعیت کی دریدہ دہنی کو غیر شرعی اورسنگین جرم قراردیتےہیں۔

8) یہ اجتماع پنجاب اسمبلی کےاجلاس میں پیش کردہ تحفظ بنیاد اسلام بل کو متنازع قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کرتا ہے جبکہ اس حوالے سے پہلے سےہی قانون موجود ہے لہٰذا تحفظ بنیاد اسلام جیسے متنازعہ بل کو فی الفور واپس لیاجائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree