وحدت نیوز(کراچی) ملک میں حکومت نام کی کوئی شہ دکھائی نہیں دیتی ، شریف برادران نے دہشت گردوں کے سامنے عملی طور پر ہتھیار ڈال دیئے ہیں ، جو حکمران اپنے صوبے میں قیام امن کے لئے دہشت گردوں کو بھتہ دیتے ہوں وہ عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری کس طرح پوری کر سکتے ہیں،علامہ ناصرعباس آف ملتان کی شہادت ملت تشیع کا مشترکہ نقصان ہے ، شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صونہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے معروف ذاکر اہل بیت علیہ السلام علامہ ناصر عباس آف ملتان کی لاہور میں المناک شہادت پروحدت ہاوس کراچی سے جاری ایک بیان میں کہا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مسلسل دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات مذاکرات کا کھیل کھیلنے کی کوشش میں مصروف ہے ، جب کہ دہشت گرد مسلسل ہمیں لاشوں پر لاشوں کے تحفے بھیجے جا رہے ہیں ، اسٹیٹ دہشت گردوں اور دہشت گردوں دونوں پر قابو پانے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے ، حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عوام اب خود اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کا آغاز کریں ، ملک کے دیگر شہروں کی طرح اب لاہور جیسے پر امن شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی کاروائیاں باعث تشویش ہیں ، اگر شریف برادران وطن عزیز کو اس کا امن نہیں لوٹا سکتے تو مسند اقتدار کو خیر باد کہ دیں ، عوام ان نا اہل حکمرانوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔

 

علامہ ناصر عباس آف ملتان کی المناک شہادت نہ فقط ذاکرین کا بلکہ تمام ملت تشیع کا مشترکہ عظیم نقصان ہے ، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، غم کی اس گھڑی میں مجلس وحدت مسلمین کے تمام علماء ، اکابرین ، ذمہ داران اور کارکنان علامہ ناصر عباس کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ان کی جوار آئمہ معصومین علیہ السلام میں جگہ کے حصول کے لیئے دعا گو ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے راولپنڈی میں نہتے عزادارں پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت عملاً دہشت گردوں کی حکومت ہے۔ جو بے گناہوں کا قتل عام کررہے ہیں۔حکومت نے مکمل طور پر دہشت گردوں کے آگے سرینڈر کر دیا ہے،  لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے  کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی میں دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرنے کی بجائے شیعہ پڑھنے لکھے نوجوانوں، بزرگوں کو بلا جواز گرفتار اور ان پر بربریت کرنے میں لگی ہے۔

 

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو حق حکمرانی کا کوئی جواز نہیں۔ شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں وزیرِ خارجہ لگتے ہیں۔ راولپنڈی میں چہلم امام حسین پر کوئی قد غن لگانے کی کوشش کی تو پورے پاکستان سے ردِ عمل آئیگا۔دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کو مکمل تحفظ دیا جا رہا ہے۔ راولپنڈی دھماکہ تکفیری ٹولے کی سازش ہے۔ ان دہشت گردوں کیخلاف عملی قدم نہ اٹھا یا گیا تو ملک میں خانہ جنگی دورکی بات نہیں۔ ہزاروں پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات آئین پاکستان اور اسلامی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ شہداء پاکستان کے وارثان کے زخموں پر نمک پاشی نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے کارکنان دہشت گردوں کے لئے سراغ رسانی کا کام کرتے ہیں۔ پاکستان کی شاہراہوں پر پُر تشدد مظاہرے کئے گئے۔ تکفیری نعرے لگے ۔لاہور میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں گئیں۔کیا لاہور کی انتظامیہ نے تکفیریوں کیخلاف کوئی ایکشن لیا۔؟لاہور سمیت ملک بھر میں ہمارے شہید علامہ ناصر عباس کی شہادت پر 18گھنٹے پر امن احتجاج ہوا نہ کسی کیخلاف نعرے لگے نہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی۔ ہماری امن پسندی کا جرم ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔راولپنڈی بم دھماکے کے ملزمان وہی سوچ و فکر کے حامل لوگ ہیں جو سانحہ عاشور پر فساد پھیلانے میں ملوث تھے۔ ان تکفیریوں کو سڑکوں پر شرابی، ڈاکو، رہزنوں کے گذرنے پر کوئی مخالف نہیں نواسہ رسول اور میلاد کے جلوسوں سے تکلیف ہے۔

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے گریسی لائن میں مجلس عزاء کے دوران ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی مقامی اسپتال میں عیادت کی اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حوصلہ دیا ، اس موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہو ئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تواتر کے ساتھ مکتب تشیع کو نشانہ بنا رہا ہے ، کبھی ٹارگٹ کلنگ تو کبھی خودکش حملوں کے ذریعے ہمارا متحان لینے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم نے پہلے بھی دو ٹوک الفاظ میںواضح کیا تھا پھر دوبارہ کر رہے ہیں کہ ، یہ بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے ، ہم کسی صورت عزاداری سید الشہداء علیہ السلام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، یہ عزاداری ہمارے قومی بقاء اور سلامتی کی ضامن ہے، ایک مرتبہ پھر میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو متنبہ کر تا ہوں کہ ہوش کے ناخن لو دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹناوقت کی اہم ضرورت ہے ، مذاکرات کا راگ الاپنا بند کیا جائے ، عوام کی جان ومال کا تحفظ مذاکرات سے نہیں بلکے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے مشروط ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے بعد پورے پنجاب خصوصاً لاہور میں فرقہ واریت کو شدت سے ہوا دی جا رہی ہے، پنجاب حکومت جانتے بوجھتے دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی کاروائی سے گریزاں ہے ، اس کے دہشت گرد حملے ہمیں حق و صداقت کی راہ سے نہیں ہٹا سکتے ، علامہ ناصر عباس کی شہادت عزاداری کا نقصان ہے ، شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے وحدت ہائوس اسلام آباد سےجاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل دہشت گرد حملوں کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کسی ٹھوس کاروائی سے اجتناب کر رہی ہے ، ہم نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں وفاقی اور صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا ء کے خلاف کسی بھی سازش کو ملت جعفریہ کسی صورت قبول نہیں کر ے گی ، عزاداری اور میلاد البنی (ص) کے جلوس شیعہ سنی محب وطن عوام کا بنیادی آئینی حق ہے ، حکومت مذہبی مقدسات کو محدود کر نے کے بجائے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرے ، لاہور جیسے پر امن شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے ، علامہ ناصر عباس کے قتل کی ذمہ دار سراسر پنجاب حکومت ہے ، جو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی میں مصروف ہے ۔

وحدت نیوز(کراچی) معروف ذاکر اہل بیت (ع)شہید علامہ ناصر عباس کی مظلومانہ شہادت کے بعد سندھ کے دارلحکومت کراچی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے امام باررگاہ شہدائے کربلا خیرالعمل انچولی روڈ  سے ایک بڑی ماتمی ریلی نکالی گئی جو شاہرائے پاکستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئیں، ریلی کی قیادت  ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ،صوبائی ، ڈویژنل اور ضلعی قائدین نے کی ، شرکائے ریلی نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس ملتانی کی مظلومانہ شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ، شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں علامہ ناصر عباس ملتانی کا بہیمانہ قتل صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔کراچی کے دیگر علاقوں انچولی سوسائٹی، ملیر جعفر طیار سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی مظاہرین نے شیعہ رہنما علامہ ناصر عباس ملتانی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔احتجاجی مظاہروں سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں مولانا اعجاز بہشتی، مولانا صادق رضا تقوی، مولانا علی انور جعفری،مولانا ذوالفقار جعفری، سید علی حسین نقوی، احسن عباس ، حسن ہاشمی اور رضا نقوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔انچولی میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ اعجاز بہشتی اور کراچی کے سیکرٹری جنرل برادر حسن ہاشمی نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے کی بجائے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے اور لاہور میں شہید ئے جانیو الے معروف ذاکر اہلبیت ؑ علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملوث تکفیری سوچ کے حامل مدارس کے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے اور منظر عام پر لائے۔مسجد حسنین ملیر جعفر طیار سوسائٹی سے  نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس ، مولانا ذوالفقار جعفری اور ثمر رضا  کاکہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردو ں کی پشت پناہی کرنا چھوڑ دیں اور پاکستان کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں، ان کاکہنا تھا کہ ملک میں موجود تکفیری سوچ کی اقلیت پر مشتمل مدارس میں موجود خطر ناک دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے اور دہشت گردوں کی آماجگاہ مدارس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں نصاب تعلیم مین سے دہشت گردانہ مواد کا خاتمہ یقینی بنائیں اور ملک کو امن کا گہواراہ بنانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔مظاہروں میں خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں ملوث ہیں جو ملک کے عدم استحکام کرنے کی گھنانی سازش کر رہے ہیں، انکاکہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں ملت جعفریہ نے قربانیاں پیش کی تھیں تاہم ملک کے استحکام کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی یہی سمجھتا ہے کہ ملت جعفریہ کو دیوار سے لگا دیا جائے گا تو یہ اس کی بھول ہے ، ملت جعفریہ کے خلاف سازش در اصل اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش ہے ، حکومت اور ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ملت جعفریہ کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور دہشت گردوں کی سرپرستی چھوڑ کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔اس موقع پر شرکا نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظور اور دہشت گردی نا منظور اور علامہ ناصر عباس کے قتل کی مذمت پر مبنی نعرے لگائے۔

اسلام آباد ( وحدت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے راہنما اور ملک کے ممتارذاکر اور خطیب علامہ ناصر عباس آف ملتان کی صوبائی دارلحکومت لاہور میں مظلومانہ شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں تین دن سوگ منایا گیا ، اس دوران کراچی سے خیبر اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں شریک ہزاروں افراد نے علامہ ناصر عباس آف ملتان کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھر پور احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ،وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینکڑوں کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے راہنماؤں علامہ علی شیر انصاری اور مولانا چوہدری ضیغم عبا س نے کی ، مظاہرین نے بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی کرنے والے حکمرانوں کے خلاف نعرت درج تھے مظاہرین نے حکومت پنجاب کے کو علامہ ناصر عباس ملتانی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور قاتلوں کے سرپرست صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی برطرفی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree