وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے شیعہ مسنگ پرسن و سندھ کے مختلف اضلاع میں رہنماؤں کو  فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آخری جبری لاپتہ شیعہ کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ ملت جعفریہ کا بنیادی مسئلہ ہے، اپنے پیاروں کی بازیابی تک ہر سطح پرکوششیں جاری رکھیں گے، لاپتہ افراد اس ملک کے بیٹے ہیں جبری گمشدہ رکھنا آئین و قانون کے منافی ہے، اگر ان سے کوئی مجرمانہ فعل سرزد ہوا ہے تو قانون کے مطابق انہیں عدالت کے سامنے پیش کرکے سزا دلوائی جائے، کسی کو طویل عرصہ تک بغیر بتائے غائب رکھنا قانون و انصاف کی توہین ہے۔ انہوں نے حکومت و ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملت تشیع کے لاپتا افرا د کو جلد از جلد بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فورتھ شیڈول کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے انتقامی کاروائیوں کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ ملت تشیع کے وہ علماء اور عمائدین جن کی اتحاد بین المسلمین اور حب الوطنی کے فروغ میں نمایاں خدمات ہیں ان کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، متوازن پالیسی کی آڑ میں ایسے ظالمانہ اقدامات کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مخاصمت و عناد کی بنیاد پر ایس ایچ او کی جانب سے کسی شخص کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی سفارش پر فوری عملدرآمد غیر منصفانہ اقدام ہے جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی، کسی بھی شخص کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کے کردار کی جانچ پرتال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہل تشیع اس ملک کے باوفا اور ذمہ دار شہری ہیں، مخالفین کی ایماء پر انہیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) انجنیئرعید محمد ڈومکی کی رہائشگاہ پر محفل میلاد کا انعقاد ہوا حضرت پیر محمد شاہد نے صدارت کی ، مہمان خاص محترم انور خان سومرو و دیگر شریک ہوئے۔ محفل میلاد سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نےخصوصی خطاب کیا۔ جبکہ نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت میں نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔

محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اھل بیت ع کی محبت اور مودت ایمان کی نشانی ہے۔ اھل سنت کے بزرگوں نے آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرکے خارجی اور ناصبی ٹولے کو شکست دی ہے کیونکہ ناصبی ٹولے آج بھی بغض اھل بیت کی تبلیغ کرکے اپنے یزیدی ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں جنہوں نے متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کو شکست دینی ہے۔انہوں نےکہا کہ ذکر خدا ، یاد خدا اور ذکر مصطفی کی محفلیں ضروری ہیں۔ ہر محلے میں دعائے کمیل کے اجتماعات ہونے چاہئیں کیونکہ دعائے کمیل حضرت خضر نبی ع کی دعا ہے جو مولا علی ؑنے اپنے صاحب معرفت شاگرد حضرت کمیلؓ کو تعلیم دی۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا ہے کہ پشاور میں  خفیہ اداروں کی اطلاعات پر پولیس نے بروقت کاروائی کر کے کسی بڑے ممکنہ نقصان سے بچا لیا ہے۔ بارودی مواد لے کے جانے والی دہشت گرد خاتون کی گرفتاری بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔جس پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔ مذکورہ گرفتاری کے بعد دہشت گردوں کے کسی بڑے نیٹ ورک تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی ہر کاروائی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پاک افغان سرحد پر نگرانی کے عمل کو مزید موثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تاک میں بیٹھے ملک دشمنوں کو ہر میدان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے۔ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے چنگل سے آزاد کرنے کے لیے ریاستی اداروں کا کردار مثالی ہے۔ وطن عزیز میں امن کے حقیقی قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں جورائیگاں نہیں جائیں گی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ کی اچانک وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر حسین کی وفات نے ہمیں ایک متحرک،فعال،نڈر اور باکردار شخصیت سے محروم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفیر حسین ملک و ملت کے لیے بے پناہ درد رکھتے تھے۔انہوں نے ہمیشہ اصولی جدوجہد کو اپنا شعار سمجھا اور میدان عمل کی زینت بنے رہے۔

علامہ خالق اسدی نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔یاد رہے کہ سفیر حسین شہانی بھکر ایڈووکیٹ کا تعلق بھکر کے ایک مذہبی گھرانے سے ہے۔گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کو اولین ترجیح بنا کر عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کو جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے اصلاحات کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔ کسی بھی ریاست کی ناکامی میں کرپٹ اداروں کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں میں بدعنوان عناصر کو کھلی چھٹی دی جاتی رہی جس نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ جن حکمرانوں کو عوام نجات دہندہ سمجھ کر اقتدار میں لائی وہ رہزن کا کردار ادا کرتے ہوئے مادر وطن کو لوٹنے میں مصروف رہے۔ قومی خزانے کو اگر اس طرح بے رحمی سے نہ لوٹا جاتا تو آج وطن عزیز کے حالات مجموعی حالات مختلف ہوتے۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پیسہ لوٹنے والوں کے بے رحمانہ احتساب کا مطالبہ کر رہی ہے۔عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جن لوگوں کو ووٹ کی طاقت سے ایوان میں بھیجتی ہے انہیں عوامی حقوق کو مقدم رکھنا چاہیے۔ان خیانت کاروں پر عملی سیاست میں ہمیشہ کے لیے پابندی عائد کی جائے جنہوں نے اقتدار کو لوٹ مار کا زینہ سمجھتے ہوئے ملک کو تباہ حال کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی،غربت، بے روزگاری اور لاقانونیت سے ہر کوئی متاثر ہو رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں تنبیہ کرنا ہو گی کہ وہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے باز رہیں۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بنیادی حقوق کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جس سے چشم پوشی مجرمانہ غفلت میں شمار ہوتی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رکن، سیکرٹری جنرل بھکر و ممتاز قانون دان سفیر حسین شہانی مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے، مرحوم کا تعلق ضلع بھکر سے تھا اور قومیات کے حوالے سے کافی خدمات انجام دیں، سفیر حسین شہانی ایم ڈبلیو ایم کے بانی اراکین میں شامل تھے، اُنہوں نے ضلع بھکر میں ایم ڈبلیو ایم اور قومیات کے حوالے سے تحرک پیدا کیا۔

مرحوم قومیات میں متحرک ہونے کی وجہ سے متعدد بار پابند سلاسل بھی رہے اور ایک لمبے عرصے تک فورتھ شیڈول کا شکار بھی رہے۔ مرحوم نے بھکر میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کیا، سفیر حسین شہانی کا کردار سانحہ کوٹلہ جام کے حوالے سے اہم تھا، مرحوم قومیات کے ساتھ ساتھ وکالت کے شعبے سے بھی وابستہ تھے اور اپنی زندگی کے دوران اسیران امامیہ کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دیں۔

 ''وحدت نیوز'' سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ آج ایم ڈبلیو ایم ایک فعال، متدین اور مخلص دوست سے محروم ہوچکی ہے، مرحوم کا شمار جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا بھکر میں منعقد ہونے والی قرآن و اہلیبیت کانفرنس اور اس کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا قابل تعریف ہیں، دوسری جانب سفیر حسین شہانی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائدین کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree