وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس و حدت مسلمین کے رہنما علامہ علی انور جعفری سمیت دیگر رہنماؤں نے عالم اسلام کے عظیم مجاہدقاسم سلیمانی اور ان کے رفقا پرحملے اور امریکی پالیسیوں کے خلاف حیدر آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام 24جنوری کوبعد از نماز جمعہ قدم گاہ مولا علیؑ سے حیدر آباد پریس کلب بھرپوراحتجاجی امریکہ مردہ باد ریلی نکالی جائے گی۔
علامہ علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد خطے میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارد کرانا ہے۔ ساری دنیا کے سامنے امریکی کے ناپاک ارادوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔ امریکی پالیسیاں عالم اسلام اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔اسلامی ممالک کی سالمیت امریکی مداخلت کے خاتمے سے مشروط ہے۔امریکہ کے جارحانہ عزائم کے خلاف ایران کا جرات مندانہ موقف ایمانی غیرت کا عملی اظہار ہے۔اس عالمی دہشت گرد سے نجات حاصل کرنے کے لیے امت مسلمہ کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی عراق کی دعوت پر سرکاری دورے پر تھے۔وہ اہم مسلم ممالک کے درمیان دوریاں ختم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے تھے۔کسی ملک کی انتہائی اہم اور ذمہ دار شخصیت کو نشانہ بنا کر امریکہ نے بدترین دہشت گردی کا مظاہرہ کیا۔قاسم سلیمانی نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو شکست دے کر عراق سے باہر نکالا۔امریکہ کے ہاتھوں قاسم سلیمانی کی شہادت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ امریکہ اسلام دشمن تنظیم داعش کی پشت پر کھڑا ہے اور اس کے لیے راستے ہموار کر رہا ہے۔امریکہ کا وجود پورے خطے کے لیے خطرے کی علامت بن چکاہے۔امریکہ اور اس کے حواری ایران کے اس لیے مخالف ہیں کہ امریکہ کے ناپاک عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مقدسات ہر مسلمان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں۔شیعہ سنی کسی کو آل رسولﷺ کے مزارات کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی فوج کے انخلا کی منظوری کے بعد ان کے خطے میں قیام کا کوئی جواز باقی نہیں۔امریکہ کو فوراََ اپنی افواج واپس بلانا ہوں گی۔
پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنمامولانا گل حسن مرتضوی،مولانا عمران علی دستی،برادریعقوب الحسینی،رحمان رضا وارثی ایڈوکیٹ اورمختلف ضلعی سیکرٹریز سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین جی بی اور اسلامی تحریک کا مشترکہ اجلاس گلگت میں ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں لینڈ ریونیو ایکٹ، آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل آغاسید علی رضوی، آئی ٹی پی کے رہنما شیخ مرزا علی، الیاس صدیقی، رکن جی بی اسمبلی حاجی رضوان، عارف قنبری، غلام عباس سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علی حیدر نے ایک خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس کا ایجنڈا بنیادی طور پر تین نکات پر مشتمل تھا، جس میں لینڈ ریونیو ایکٹ، جی بی میں کرپشن اور میرٹ کی پامالی، پری پول دھاندلی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے حالیہ تبادلے اور تقرریاں شامل تھیں۔
اجلاس میں آغاسید علی رضوی نے آئی ٹی پی کے رہنمائوں کو گزشتہ روز چیف سیکرٹری سے ہونے والی ملاقات اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے حوالے سے اپنے موقف پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حالیہ تبادلے اور تقرریاں پری پول دھاندلی ہیں جس کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔
عام انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی بی الیکشن کے حوالے سے الائنس اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا قوی امکان ہے گوکہ اس حوالے سے باقاعدہ طور پر ابھی بات چیت نہیں ہوئی تاہم یہ اجلاس اس حوالے سے اہم پیشرفت ضرور ہے۔
وحدت نیوز(کشمور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کا دورہ کشمور ضلعی سیکرٹری جنرل میر فائق علی جکھرانی کی رہائشگاہ پر مومنین سے تنظیمی اراکین سے ملاقات۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں قائد شہید علامہ سید عارف حسین حسینی کے افکار کی روشنی میں انقلابی جدوجہد کر رہی ہے قوم میں علم و بصیرت میں اضافے کے ساتھ ساتھ قائد شہید کے سامراج دشمن انقلابی افکار پر عمل درآمد ہماری جدوجہد کا محور ہے۔
انہوں نےکہا کہ ہمارے حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے پچاس لاکھ گھروں کی فراہمی اور ایک کروڑ ملازمتوں کا وعدہ پورا کیا جائے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل مٹھی بھر دہشت گردوں کا ٹولہ ہے، جو دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے، پاکستان کو ظالم اور مظلوم کا فرق کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ کی والدہ مرحومہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ شالیمار کالونی میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر مہر سخاوت علی، ثقلین نقوی کے علاوہ ملک خاور حسنین بھٹہ، محمد اقبال بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی، جبکہ احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل، بھارت گٹھ جوڑ کی وجہ سے ایران، کشمیر، فلسطین اور خطہ میں جس ظلم و بربریت کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، یہ تینوں ممالک پاکستان کے دشمن ہیں اور ہر وقت اپنی سازشوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں، آج وقت آگیا ہے تمام مسلمان یکجا ہوکر ان انسانیت کے دشمنوں کا مقابلہ کریں، تاکہ اس کرہ ارض سے نفرتوں کے بیج بونے والوں کا خاتمہ ہوسکے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ اور دیگر قائدین نے معروف عالم دین اور ریسرچ اسکالر علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی کے جواں سال فرزند سید علی محمد زیدی کی ناگہانی وفات پر دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری تعزیتی پیغام میں انہوں نے علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی اور تمام پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ جواں سال فرزند کا فرق دنیا کا سب سے بڑا زخم ہے جو آخری سانس تک درد کا احساس دلاتا ہے ۔ ہمارے پاس تمام بڑے سے بڑے دکھوں کا مرہم غم امام حسین ؑ ہے ، جنہوں نے اپنے جواں سال فرزند کی پامال شدہ لاش کو خدا کی خوشنودی کی خاطر اپنے کاندہوں پر اٹھا کر اس خدا وند متعال کی رضا میں راضی ہونے کا اعلان کیا۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ خدا ئے عظیم وبرتر اس سانحہ ارتحال پر برادر عزیز سید علی مرتضیٰ زیدی اور ان کے تمام اہل خانہ کو سید علی محمد زیدی کی اچانک رحلت پر اپنی بارگاہ سے صابروں کا عظیم اجر نصیب فرمائے اور مرحوم کو جوار شہزادہ علی اکبر ؑ میں محشور فرمائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) اتحاد امت فورم کے زیراہتمام آبپارہ اسلام آباد سےعظیم الشان ”امریکہ مردہ باد“ ریلی نکالی گئی، جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھار رکھے تھے، جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل اور شیطانی طاقتوں کے اتحادیوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے، ریلی کے شرکاء نے شہید قاسم سلیمانی سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے ان کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھی۔
ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقا عزیز ہے تو انہیں چاہیئے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں۔ امریکہ کی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں۔اس آستین کے سانپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ دوست بن کر نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکا کو اس خطے سے نکالا جائے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی وقار پر امریکی ترجیحات کو مقدم رکھا۔ وزیر خارجہ کو وائٹ ہاوس کی ترجمانی زیب نہیں دیتی۔ انہیں اپنے عہدے سے فی الفور الگ ہو جانا چاہیئے۔ ہمارے حکمرانوں نے اپنے پڑوسی برادر اسلامی ملک کی فوج کے سربراہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار نہ کرکے یہ ثابت کر دیا کہ ان کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں بلکہ امریکہ کے تابع ہے۔ امریکی اطاعت ہی تمام خرابیوں کی جڑ ہے۔ جب تک اس جڑ کو اکھاڑا نہیں جاتا، تب تک عوام کے وقار کو اسی طرح داغدار کیا جاتا رہے گا۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عباس قمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ ایک بار پھر پاکستان کو ایک نئی پراکسی وار میں دھکیلنے کے لئے پر تول رہا ہے۔ امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف ہمیشہ مسلمانوں کے ملک میں بیٹھ کر جنگ لڑی، تاکہ دونوں طرف مسلمانوں کا نقصان ہو۔ امریکہ سے اتحاد کا انجام پاکستان کو دہشت گردی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ دہشت گردی کے اس عفریت نے وطن عزیز کے ستر ہزار سے زائد افراد کو نگل لیا اور اس کے خلاف آج تک جنگ لڑی جا رہی ہے۔ امامیہ آرگنائزیشن کے رہنما اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی کس ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عظیم مجاہد تھے۔ انہوں نے عراق اور فلسطین کے مسلمانوں کے دفاع کے لئے جو کارنامے سرانجام دیئے، انہیں تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ امریکی دہشت گردی کو ایران اور امریکہ کا ذاتی جھگڑا سمجھتے ہیں، وہ عالمی حالات سے باخبر نہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ اس بات کو بارہا دہرا چکا ہے کہ امریکہ کا اگلا ہدف پاکستان اور ایران ہے۔ امریکہ کی ایران کی طرف پیش قدمی ارض پاک کی سالمیت کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔ آئی ایس او کے رہنماء زاہد مہدوی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کے مقابلے میں باطل قوتیں یکجا ہو رہی ہے۔ مسلمانوں کے ایک دوسرے کے قریب آنے کا یہ سب سے نادر موقع ہے۔ احتجاجی ریلی سے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے رہنما علامہ تنویر حسین جعفری، آئی ڈی سی کے مرکزی رہنما فدا حسین، انجمن جانثاران اہلبیت کے رہنما زاہد حسین جعفری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔