وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر اگر عمل کیا جاتا تو آج ضرب عضب کے نتائج مختلف ہوتے۔ایک طرف فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتی رہی اور دوسری طرف ملک کی عسکری طاقت کے اس اقدام کے خلاف طالبان و داعش کے حمایتی پروپیگنڈوں میں مصروف رہے جس نے ضرب عضب کو شدیدنقصان پہنچایا۔ملک سلامتی کے خلاف سرگرم عناصر کو مذہب کی ڈھال استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جاتی تو متعدد وائیٹ کالر دہشت گرد اس وقت سلاخوں کے پیچھے اپنے انجام کا انتظار کر رہے ہوتے۔نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے حکومت اور فوج کو ایک پیج پر آنا ہو گا تاکہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات کیے جا سکیں۔اس میں عوام بھی سیاسی و عسکری قوتوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نکات واضح ہیں۔ان پر بلاتاخیر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے ۔مساجد و امام بارگاہوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات بدترین سانحات ہیں ان کے ذمہ داران کے مقدمات کو فوجی عدالتوں میں چلایا جائے۔ہر اس تنظیم کو کالعدم قرار دیا جائے جس کا عسکری ونگ موجود ہے اور ان کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔ کالعدم جماعتوں اور ملکی مفاد کے منافی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی مالی معاونت کو بھی دہشت گردی قرار دیا جائے۔ان مدارس کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے جن کی سرپرستی کالعدم مذہبی جماعتیں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیزمیں عدم استحکام اور امن و سکون کے فقدان کا بنیادی سبب کالعدم مذہبی جماعتوں کی ملک دشمن سرگرمیاں ہیں۔ملک کا ہر فرد جانتا ہے کہ یہی کالعدم جماعتیں نام بدل کر نہ صرف اپنی کاروائیوں میں مصروف ہیں بلکہ چندہ اور زکوۃ جمع کرنے میں بھی مصروف ہیں۔ان کو جب تک نکیل نہیں ڈالی جاتی تب تک نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے دعوے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہوں گے۔

انہوں نے کہا جنرل ناصر خان جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی کا سربراہ منتخب کرنے کے حکومتی فیصلے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔جنرل ناصر جنجوعہ نے کوئٹہ میں کورکمانڈر کی حیثیت سے دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کر کے نیک نامی کمائی ہے۔نیشنل ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ان کو تب ہی کامیاب قرار دیا جا سکے گا جب وہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھاتے ہوئے کسی مصلحت یا بیرونی دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) لاہور، راولپنڈی ،کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں معصوم بچوں کے اغواءکی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور ان کے اعضاءنکال کرقتل کردینے جیسے سنگین واقعات پرانتہائی تشویش اور غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ درندہ صفت لوگوں کی جانب سے معصوم بچوں کا اغواءاور قتل ریاستی اور سکیورٹی اداروں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، ہزاروں کی تعداد میں بچوں کا اغواءکوئی معمولی بات نہیں ، سکیورٹی اداروں کی جانب سے اب تک کسی مجرم کو گرفتار نہ کرنا اور سزا نہ دینا قابل تشویش ہے،جب ملک  کے سکیورٹی ادارے اغواکارگروہ کا قلع قمع کرنے کی اہلیت کا نہ رکھتےہوں ان سے ملک دشمن قوتوں کے مقابلہ کی امید رکھنا حماقت کے سوا کچھ نہیں ، 20کروڑپاکستانیوں کا مطالبہ ہے کہ معصوم بچوں کے اغواکاروں کوسر عام نشان عبرت بنایا جائے، پاکستان میں جرائم کی شرح میں روز بروز اضافہ یہاں سزا اور جزا کے قانون پر عملدرآمد ناہونے کے باعث ہے، ناقص عدالتی نظام کی وجہ سے مجرم قانون کی شکنجے میں آتا نہیں اور بے گناہ قانون کے شکنجے سے بٖغیر رشوت کے نکلتا نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں معصوم بچوں کے اغواءکی بڑھتی ہوئی کاروائیوں میں ایک منظم گروہ  ملوث ہے جسے ماہر ڈاکٹرز کی مدد بھی حاصل ہے جو کہ بچوں کے جسم سے قیمتی اعضاءباحفاظت نکال کرانہیں محفوظ رکھنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں ، اس سنگین جرم میں ملوث گروہ کو زیر گرفت لانا اور انہیں قرار واقعی سزا دینا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے جس میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ، لاہور سے شروع ہونے والا بچوں کے اغواءکایہ سلسلہ ملک کے مختلف شہروں میں پھیل چکا ہے،متعدداغواکاروں کا عوام کے ہتھے چڑھ جانےاور قانون فافذ کرنے والوں کی گرفت میں پہنچ جانے کے باوجوداس گروہ کے سرغنہ کااب تک گرفتار نہ ہونا باعث تشویش ہے، پاکستان کے عوام اس قبیح فعل میں ملوث دہشت گردوں کو منتقی انجام تک پہنچتا دیکھنے کے منتظر ہیں ۔

وحدت نیوز(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سابق مشیر وزیر اعلیٰ سندھ وقار مہدی، راشد ربانی، نجمی عالم اور دیگر رہنماوں نے ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹریٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی سے ملاقات کی اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم عابدی ، سیکریٹری امور سیاسیات میر تقی ظفر اور ثمر زیدی بھی موجودتھے، دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے درمیان قومی وبین الاقوامی صورت حال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وحدت نیوز(سوشل میڈیا ڈیسک) وطن پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے موقع پر جہاں مجلس وحدت مسلمین نے مختلف شہروں میں جشن کی تقاریب اور ریلی کا انعقاد کرکے وطن عزیز سے اپنے عشق ومحبت کا اظہار کیا وہیں وحدت سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے  #جناح_کا _پاکستان کےنام سے کامیاب ٹیوٹر ٹرینڈ کا اجراءبھی کیا گیا، جس نے تین منٹ کے اندر پاکستان کے دس ٹاپ ٹرینڈ ز میں تیسری پوزیشن حاصل کی،وحدت سوشل میڈیا ٹیم کے انچارج ڈاکٹر مدثرحسین کا کہناتھا کہ   #جناح_کا _پاکستان کے عنوان سے ٹیوٹر ٹرینڈ سیٹ کرنے کا مقصد آزادی کے ستربرس گذر جانے کے بعد اقوام عالم کو یہ بتانا تھا کہ اصل پاکستان وہی ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح چھوڑ کرگئے تھے ،تکفیریت ، انتہاپسندی ، کرپشن اور دہشت گردی کی جناح کے پاکستان میں کوئی گنجائش موجود نہیں، دوسری جانب  جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے  وحدت سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے مرکزی قائدین کے اقوال تصویری صورت میں نشر کیئے گئے جنہیں سوشل میڈیا پربہت پزیرائی حاصل ہوئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ہندوستانی یوم آزادی کی تقریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کے خلاف شدید تنقید پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مودی کی مداخلت سفارتی آداب و اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان دفتر خارجہ کو اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر انڈین افواج کے وحشیانہ تشدد سے اقوام عالم کی نظریں ہٹانے کے لیے بھارت اس طرح کے بیان دے رہا ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ بھارتی وزیر اعظم تعصب میں اندھے ہو کرپاکستان کے خلاف بوکھلائے ہوئے بیان دے رہے ہیں۔مودی آداب حکمرانی سے ناواقف اور سیاسی طرز عمل سے نا آشنا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے عہدے پر بیٹھ کرکوئی بھی سمجھدار سیاست دان کسی پڑوسی ملک کے خلاف اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان جاری نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے مودی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار نہ کیا تو یہ نظریہ پاکستان سے انحراف ہو گا۔علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم نے اس ملک کو لیٹروں،جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور استعمار کے ایجنٹوں سے آزاد کرانے کے لیے تحریک کا آغاز کر رکھا ہے۔ جب تک اس ملک کو قائد و اقبال کے افکار کی حقیقی شکل نہیں دی جاتی تب تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔تحریک پاکستان اس جدوجہد کا نام تھاجو ایسی ریاست کے حصول کے لیے کی گئی جہاں بیرونی مداخلت سے آزاد ہو کرہم اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کر سکیں۔جہاں بسنے والے ہر شخص کو اس کے مذہب اور عقیدے کا تحفظ حاصل ہو۔ وطن عزیز کے ہر محب وطن شہری کو پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے جاری ہماری جدوجہد میں شریک ہونا چاہیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایات پر ملک بھر میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مختلف دفاتر میں تقاریب منعقد کی گئیں جہاں وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئی اور کیک کاٹے گئے۔جماعت کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر قومی پرچم بھی لہرائے گئےاور کیک بھی کاٹے گئے۔احتجاجی کیمپ میں کیک کاٹنے کی تقریب میں مرکزی رہنمائوں علامہ اعجاز بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اصغر عسکری ،علامہ علی شیر انصاری  اور کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کی قیادت میں علما ء کے ایک اعلی سطح وفد نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس کے علاوہ کراچی،اسلام آباد، لاہور، پشاور ،کوئٹہ ، مظفرآبادو گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وطن عزیز کی قدر و منزلت،ارض پاک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں اور ملک کی ترقی و ا ستحکام کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree