وحدت نیوز(مشہدمقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیر اہتمام شہید قائدعلامہ شہیدعارف الحسینی کی یاد میں شہدائے وحدت آڈیٹوریم میں عظیم الشان سیمینار"سفیرنور" منعقدہوا، جس سے سیکریٹری امور خارجہ علامہ سیدشفقت شیرازی دام عزه اور ڈپٹی سیکریٹری امورخارجہ علامہ سیدظہیرالحسن نقوی دام عزه نے خطاب کرتے ہوئے قائد شہید کی شخصیت کے مختلف پهلوؤں پر روشنی ڈالی زائرین ، خواتین، طلاب اور علماء کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کرکے شہید کے ساتھ اپنے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) اسسٹنٹ کمشنر کی حرکتوں سے علاقے میں بد امنی کی بو محسوس ہورہی ہے لگتا ہے کہ اے سی گلگت کو سپیشل ٹاسک دیا گیا ہے۔حکمرانوں کو علاقے کا امن شاید پسند نہیں آیا اسی لئے ایک ایسے شخص کو اے سی گلگت تعینات کیا گیا جو طاقت کے نشے میں چور چور ہے۔


مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عارف قمبری نے کہا ہے کہ پچھلے دنوں بگروٹ ہاسٹل کی زمین پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی اور آج نگر کالونی پر دھاوا بول دیا گیا بہتر ہے کہ حکومت انہیں لگام دے اور عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کا انتظار نہ کرے ورنہ اپنی زمینوں کی حفاطت کس طرح کرنی ہے اس کا گر علاقے کے عوام جانتے ہیں۔حکومت خالصہ سرکار کی رٹ لگانا چھوڑ دے تو اس کے حق میں بہتر ہوگا یہ علاقے ہمیں کسی نے ادھار پر نہیں دیئے اور نہ ہی یہ کوئی مفتوحہ علاقہ ہے کہ جب حکومت کا بس چلے کسی کے نام الاٹ کرے۔سرزمین گلگت بلتستان ہماری دھرتی ہے اس کی حفاظت کی ذمہ داری بھی ہمارے کاندھوں پر ہے گلگت بلتستان کی تقسیم کی بات کرنے والے اس دھرتی کے غدار ہیں ہم اپنی جان پر کھیل کر بھی گلگت بلتستان کی تقسیم نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے کامیاب پرامن ہڑتال سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور کسی طریقے سے امن وبھائی چارے کے اس پرامن ماحول کو خراب کرنے کیلئے نت نئی سازشوں کا جال بچھایا جارہا ہے ،اے سی گلگت کے حالیہ اقدامات اسی سلسلے کی کڑیاں معلوم ہوتی ہے۔ناتوڑ رول کالا قانون ہے جسے زبردستی نافذ کیا گیا ہے ،گلگت بلتستان کی متنازعہ حیثیت کے تناظر میں یہ کالا قانون غیر قانونی ،ناجائز اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حقوق کے حوالے سے ہماری پرامن جدوجہد کو نظر انداز کرکے 70 سالوں سے جاری ناانصافیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تواس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس علاقے میں کسی غیر ملکی ایجنڈے کو شرمندہ تعبیر ہونے نہیں دینگے،مودی سرکار کے ایجنڈے کو خاک میں ملادینگے اوریہ بھی یاد رکھیں کہ یہاں کے بہادر عوام نے ڈوگرا فوجیوں کو بھگاکر اس علاقے کو آزاد کرایا ہے تو اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اے سی گلگت بتائیں کہ وہ اس حساس علاقے میں اور خاص طور پر ان حالات میں شورش برپا کرکے کس کی خدمت کرنا چاہتے ہیں؟

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن شوریٰ عالی و ممبر صوبائی اسمبلی آغا رضا کے ترقیاتی پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہیں، جو آئندہ سالوں میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ اعجاز حسین بہشتی کے کوئٹہ تشریف آوری پر انہوں نے ایم پی اے آغا رضا صاحب کے پروجیکٹس، جنکا کام جاری ہے، کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل جناب عباس علی ، سیکریٹری روابط و کونسلر کربلائی رجب علی اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ترجمان محمد ھادی جعفری موجود تھے، ایم پی اے آغا رضا نے علامہ اعجاز حسین بہشتی کو ریزیڈینشل اسکول کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے کہاکہ ریزیڈینشل اسکول کے تعمیر میں طلباء کے ضروریات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ریزیڈینشل اسکول کی تعمیر کے بعد یہ ایک ایسی جگہ ہوگی جہاں طلباء اور تعلیم سے محبت رکھنے والے اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے، پڑھائی میں صرف کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب طالب علمی کے دور سے گزر چکے ہیں اور اس بات کا بخوبی اندازہ رکھتے ہیں کہ اسکول سے فارغ ہونے کے بعد طلباء کو کن مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور ایک تعلیمی ماحول نہ ہونے کی وجہ سے کس طرح طلباء تعلیم سے دور ہوتے ہیں۔ ریزیڈنشل اسکول طلباء کو مزید پڑھائی کا موقع فراہم کرے گا اور بغیر کسی ڈسٹربینس کے طلباء ایک تعلیمی ماحول میں اپنے سفر کو جاری رکھ سکیں گے اور یقیناًاسکے مثبت نتائج ہماری قوم اور ملک کو آگے لے جائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی نے ریزیڈینشل اسکول سمیت ایم پی اے آغا رضا کے تمام پروجیکٹس کو مثبت سوچ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ آپ عام مسائل حل کرنے، عوام کے ضروریات اور انکے بہتری کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ دور حاضر کو بھی مد نظر رکھ کر جدید طریقوں سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور مستقبل کے معماروں کی بہترین تربیت ہمارے ملک سے مسائل کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ کل کو انہی طلباء میں سے کوئی وکیل ، ڈاکٹر، انجینئر، سیاستدان ،استاد اور صحافی بنے گا اور ملک کو بہتر جگہ بنانے میں اپنا پورا کردار ادا کرے گا۔

وحدت نیوز(گلگت) حکمران اقتدار کے نشے میں قومی خدمت کے اداروں کو اپنی جاگیر سمجھنے لگے ہیں اور ان قومی اداروں میں اپنی پسند ناپسند کی بنیاد پر آفیسروں کے تبادلے کئے جارہے ہیں تاکہ کرپشن اور اقربا پروری میں حائل کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گلگت عوامی خدمت کی بجائے سرکارکا خدمت گزار ادارہ بن چکا ہے جہاں آئے روز کسی نہ کسی کی ٹرانسفری ہوجاتی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری امور سیاسیات غلام عباس نے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سرجری ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹروں کی کمی کے باعث غیر فعال ہوچکی ہے ایک ہی ڈاکٹر ایمرجنسی اور اوپی ڈی کیلئے ناکافی ہے۔ غریب مریض بھاری فیسیں دیکر پرائیویٹ علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ایڈمنسٹریشن نے اپنی پسند ناپسند کی بنیاد پر سرجن اقبال کی ڈی ایچ کیو سے تبادلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجنوں کی کمی کیوجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال غیر فعال ہے اور مریض اپنے علاج کیلئے پرائیویٹ کلینک کا رخ کررہے ہیں جو کہ اس غریب خطے کے عوام کے ساتھ انتہائی ظلم ہے۔

ڈسٹرکٹ ہید کوارٹر ہسپتال گلگت شہر کا قدیم ترین ہسپتال ہے جس کو اپ ڈیٹ کرنے کی بجائے حکمران اسے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے اس ہسپتال کو چلنے نہیں دیا جارہا ہے۔مسلسل عوامی مطالبے پر ڈاکٹرز کو یہاں لایا جارہا ہے لیکن پھر سے اچانک ان کی ٹرانسفری کی جاتی ہے جبکہ سٹی کے اندر موجود تمام ہسپتالوں سے زیادہ رش ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہوتا ہے جس کی اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر اس ہسپتال کو ناکام بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سرجری کیلئے صرف ایک ہی ڈاکٹر موجود ہے اور آئے دن شہر میں حادثات رونما ہورہے ہیں ۔سرجن اقبال جو کہ انتہائی محنت سے اس ادارے کو چلارہے تھے کو صرف ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر ٹرانسفرکردیا گیا ہے جس کے جانے کے بعد مریض بھاری رقوم ادا کرکے پرائیویٹ اداروں میں آپریشن کرانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور ہسپتال کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو درست کریں تاکہ غریب مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی ’’تحریک حمایت مظلومین کشمیر‘‘ کو سوشل میڈیا پر بھرپور پزیرائی، سینکڑوں افراد نے تحریک کے مونوگرام کو پروفائل فوٹو اور ڈی پی لگا لیا، مجلس وحدت مسلمین کے آفیشل پیجز سے پوسٹس شیئر کی گئیں ۔ آج تحریک کا تیسرا دن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے زیر اہتمام تحریک حمایت مظلومین کشمیر کے ترجمان سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد غاصب ،ظالم و جابر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے ۔ جو ایک طرف تو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے جب کہ کشمیر کے اندر نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔ باپ کے سامنے بیٹے اور بہن کے سامنے بھائی کو قتل کردیا جاتا ہے ۔ ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال سے ایک سے ایک پوری نسل کو اپاہج بنایا جا رہا ہے ۔ جبکہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک چلائے ہوئے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے ذریعے پہلے مرحلے پر پرنٹ اور سوشل میڈیا کو فوکس کیا گیا ہے ۔ اگلے مرحلے میں بھارت کے خلاف ایک دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اندر سے کھوکھلا ہوتا جا رہا ہے خود اس دیش میں سکھوں کی علیحدگی کی تحریک زور پکڑ رہی ہے لیکن مودی سرکار اندر کا غصہ اور غبار نکالنے کے لیے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم کر رہی ہے ۔ ایسے حالات میں اقوام متحدہ کو دنیا بھر میں مسلمانوں بہتا خون نظر کیوں نہیں آتا ۔ اس تحریک کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے بجائے اسکارٹ لینڈ یارڈ طرز پر ریفرنڈم کروایا جائے ۔ اس استصواب رائے کو خود اقوام متحدہ کی قراردادوں میں انڈیا تسلیم کر چکا ہے ۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے اور ظالم بھارت راہ فرار اختیار کرنے کے بجائے راہِ راست پر آئے۔

وحدت نیوز(میر پورخاص) شیعہ علما کونسل میرپورخاص، عمرکوٹ، مٹھی، اور تھرپارکر کے ڈویژن، ضلع او رتعلقہ کے زمہ دارن علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی مظلوموں کے حقوق کے لیئے جاری جدوجہد  سے متاثر ہوکر مجلس وحدت مسلمین میں شامل ہوگئے،تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ميرپورخاص، مٹھی، عمرکوٹ، تھرپارکراضلاع کا مشترکہ اجلاس درگاہ مکھن شاہ میرپورخاص میں منعقد ہواجس میں ایم ڈبلیو ایم کے  مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی ،صوبائی رہنما یعقوب حسینی، مولانا دوست علی سعیدی،مولانا نقی حیدری،مختیار دایو ،منور جعفری ،ندیم جعفری اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما ساجد مہدوی نے شرکت کی،اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم میرپورخاص کے رہنما بشیر شاہ اور راجہ اسد شاہ کی کوششوں سے شیعہ علماء کونسل کے ڈویژن ضلع اور تعلقہ کے متعددزمہ داران نے مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا باقائدہ علان کیا،ایم ڈبلیوایم میں شامل ہونے والوں میں شیعہ علماء کونسل میرپورخاص کے سابقہ ڈویژنل صدر عباس علی اپنے ساتھیوں سہیل ساجدی، دوست علی، شمشیرعلی ،لالا غلام رسول، فدا حسین ، ساجد شاہ صدر تعلقہ سامارو ، اعجاز نقوی، نیاز بجھیڑ تعلقہ کنری، مولانا خادم نھڑیو، مولوی عابد حسین ضلع عمرکوٹ، عمران عباس سٹی شادی پلی،رفیق مہدوی ، اکبر بجھیڑ، اعجاز شاہ، اکبرشاہ، رمیز رند ، سیف الملوک  اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن  کے رہنما عامر علی نے اپنی شمولیت اعلان کیا، بعد ازاں

ضلع عمرکوٹ کے لئے اعجاز علی شاہ  علی اکبرشاہ، رمیز رند اور سیف الملوک، ضلع تھرپارکر اور مٹھی کے لئے سید شجاعت شاہ، پرویز علی، اکبرعلی بجھیڑ، غلام قادر اور نواز علی بجھیڑ ایم ڈبلیوایم کے آرگنائزر مقررکیئے گئے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوواردکارکنان کا کہناتھاکہ ہم نے بغیرکسی جبر کے مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ایم ڈبلیوایم نہ فقط اہل تشیع بلکہ پوری مظلوم ملت پاکستان کے حقوق کی آواز بلندکرنے والی جماعت ہے جس کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری شب وروز محروموں کے حقوق کے لئے برسرپیکار ہیں ، انشاءاللہ ہم خون کے آخری قطرے تک قائد وحدت کی ہر صدا پر لبیک کہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree