وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما معروف زاکر اہلبیتؑ علامہ مبشر حسن نے مسجد و امام بارگاہ عابدیہ لیاقت اآباد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سر تاج انبیاء،خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے اپنی رسالت کا کوئی اجر اپنی امت سے طلب نہ کیا مگر یہ کہ امت انکی آل پاکؑ سے مودت اور محبت کریں۔ بلا شبہ نواسہ رسول ﷺ،سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام،حضرت رسول پاک ﷺکے قرابت دار بھی ہیں اور آل عباء کے ایک اہم رکن بھی اور آیۃ مباہلہ کی رو سے فرزند رسول اللہ ﷺ بھی ہیں۔لہذا ہر کلمہ گو مسلمان پرامام حسین ؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے۔ماہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ نے یزید جیسے فاسق و فاجر اور بد عقیدہ انسان کی بیعت سے اس لئے انکار کیا چونکہ وہ جس مسند پر جماں ہوا تھا،وہ انبیاء اور انکے معصوم اوصیائکا منصب تھا۔امام حسین ؑ جو وارث خاتم الانبیاء ہیں وہ کیسے اتنے بڑے انحراف اور غصب کو برداشت کرتے کہ جسکی بنا پر پورے اسلامی معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں اور جسکا اثر صرف اس زمانے تک محدود نہ تھا بلکہ تا قیامت بشر، دین مبین اسلام جیسی ابدی نعمت سے محروم ہو جاتا۔اسی لئے امام حسین ؑ نے یزید کی بیعت کو ٹھکرا تے ہوئے فرمایا کہ و علی الاسلام السّلام اذ قد بلیت الا براع مثل یزید ۔ کہ اسلام پر فاتحہ پڑھ لینی چاہئے اگر یزید جیسا پلید انسان اس امت کا خلیفہ بن بیٹھے۔ پس ماہ محرم الحرام،محمدی اسلام کے خلاف بر سر پیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے۔ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حسینیت کے قیام کا مہینہ ہے۔محرم الحرام عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سے تجدید عہد،مودت،محبت اور اظہار وفاداری کا مہینہ ہے ۔

دوسری جانب ملک دشمن تکفیری دہشت گرد اور کالعدم جماعتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی اپنی مذموم کو ششوں میں مصروف ہیں اور یہ منحوس یزیدی قوتیں ملک کی سالمیت سے کھیل رہی ہیں لیکن پاکستان کا ہر محب وطن شہری ان تکفیری دہشت گردوں سے نفرت کرتا رہا ہے۔اس ملک میں شدت پسندوں اور کالعدم تکفیری جماعتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ہم پاک فوج کے ضرب عضب اور نیشنل ایکش پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ایسی بعض قوتیں جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف کرنا چاہتی ہیں اسکی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں ہم تمام عزاداروں،ماتمی دستوں،بانیان مجالس،ذاکرین عظام اور علماء کرام کے ساتھ ملکر ان شاء اللہ عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ منائیں اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پوری طاقت کے ساتھ دور کریں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ کراچی میں مٹھی بھر تکفیری دہشتگرد عناصر کی جانب سے عزاداران نواسہ رسولؐ پر بڑھتے ہوئے حملے اور اسکے نتیجے میں ہونی والی شہادتوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ریاستی اداروں کے فول پروف سیکیورٹی کے دعوؤں اور نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیردی ہیں، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت دہشتگردوں کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کی کامیابی اور سب اچھا ہے کے دعوے کی رٹ لگانے کے بجائے کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں اور انکے مذہبی و سیاسی سہولت کاروں، سرپرستوں و دہشتگرد ساز نام نہاد مدارس کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے، جو محرم الحرام میں کراچی شہر کی پُرامن فضا کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر میں منصور صادق زیدی کے قتل اور گلشن اقبال میں مجلس عزاء کے دوران فائرنگ کے نتیجہ میں دو شیعہ افراد کے ذخمی ہونے دہشتگردی کے خلاف نشترپارک تا نمائش چورنگی نکالے گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، ناصر حسینی، کاظم عباس بھی موجود تھے۔ احتجاجی ماتمی جلوس میں شریک عزاداران نواسہ رسولؐ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ ایک طرف تو کراچی سمیت ملک بھر میں کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیمیں آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب تکفیری دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو شہری و حکومتی اجلاسوں میں مدعو کیا جا رہا ہے، جس کا لازمی نتیجہ کراچی سمیت ملک بھر میں محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ و نسل کشی کی صورت میں برآمد ہو رہا ہے۔ مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ملک دشمن تکفیری دہشتگرد اور کالعدم جماعتیں مملکت خداداد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے مسلسل سازشیں کر رہی ہیں، تکفیری یزیدی قوتیں ملکی سالمیت سے کھیل رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت و ریاستی اداروں کی صفوں میں ضیا باقیات کی صورت میں تکفیری دہشتگرد عناصر کے سہولت کار موجود ہیں، جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو ناکامیوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں، لہٰذا ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی و ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنی شیعہ عزاداران امام حسین ؑ ملک بھر میں تکفیری دہشتگرد عناصر کی تمام تر سازشوں کو ماضی کی طرح اب بھی ناکام بناتے ہوئے عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ جاری و ساری رکھیں گے، عزاداری کو بزدلانہ دہشتگرد حملوں سمیت کسی بھی سازش کا شکار نہیں ہونے دینگے اور نہ ہی ان دہشتگردانہ کارروائیوں سے عزاداروں کے حوصلوں میں رتی برابر بھی کمی واقع نہیں ہوگی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام ایک ایسے وقت میں منا رہے ہیں جب نجس اور ناپاک دشمن اس پاک وطن کی سرحدوں پر اشتعال انگیزی میں مصروف ہے اور ہمارے دلاور مخافظ جذبہ مرتضوی و شبیری سے لیس ہو کر اپنی مادر وطن کا دفاع کر رہے ہیں ،ہونا تو یہ چاہئے تھاکہ اس حساس موقع پر ہم اپنی باہمی وحدت اور نظم کے ذریعے دشمن کو ایک طاقتور پیغام دیتے مگردشمن کے آلا کار جو ہماری صفوں میں گھسے ہوئے ہیں وہ دن رات اس کوشش میں سر گرداں ہیں کہ کس طرح ہمیں داخلی مسائل میں الجھایا جائے۔بعض اوقات ہمارے نا عاقبت اندیش افسران ان کی کی سازشوں کا شکار ہو جاتے ہیں مثلاً عزاداری سید الشہدا جو ہم سب کی مشترکہ میراث ہے اور جو کہ اس وقت ملک کے طول و عرض میں برپا ہے اس پر پنجاب کی جیلو ں میں پابندی لگا دی گئی ہے ، مجلس وحدت مسلمین کے مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود اس مسئلہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ، آئین پاکستان ہر شخص کو چاہے وہ اسیر ہی کیوں نہ ہو مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے ،اڈیالہ جیل کی مثال لے لیں جہاں کئی دہائیوں سے ہونے والے اہل تشیع اسراء کے جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے ،عشرہ محرم الحرام میں وہاں پر ذاکرین کے جانے اور مجالس امام مظلوم پر بھی پابندی لگائی گئی ہے ،ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کی بھی یہی صورتحال ہے اور وہاں حالات بدتری کی طرف جا رہے ہیں ہماری اطلاعات کے مطابق وہاں قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے،ہم ایسے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ داران کو ان مشکلات سے آگاہ کرتے رہے ہیں اور اس کے لئے متعدد طریقے اختیار کئے گئے جن میں حکومت وقت سے لے کر انتظامیہ کو خطوط لکھے گے ان سے ملاقاتیں کی گئیں مگر حالات کو خرابی کی طرف دکھیلا جا رہا ہے لہذا آج ہم آپ کے ذریعے ذمہ داران کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ روش کو درست کریں ہم عزاداری مظلوم کربلا پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی اس سے ایک قدم پیچھے ہٹیں گے ۔اس موقع پرسید محسن شہریارممبر پولیٹیکل ایگزیکٹیو کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان،علامہ سید نیاز بخاری،سید حسین زیدی،باقر حسین ایڈوکیٹ،زاہد حسین مہدوی بھی ان کےہمراہ پریس کانفرنس میں شریک تھے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں اس بات کیطرف دعوت دیتا ہے کہ ہم اسلام پر ہر چیز کو قربان کرسکتے ہیں، لیکن اسلام کو کسی چیز پر قربان نہیں کرسکتے، اس راستے میں اگر جان بھی دینا پڑ جائے تو دریغ نہ کریں، امام حسین علیہ السلام نے ہمیں کربلا کے میدان میں سبق دیا کہ انسانیت اور مظلوموں کی خاطر قیام کریں، ظالم اور جابر حکمرانوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، امام حسین علیہ السلام نے اُس معاشرے میں یزید کیخلاف قیام کیا جو پست ہوچکا تھا، یہ معاشرہ پستی کی اس حد تک جا پہنچا تھا کہ یزید جیسا شخص برسر اقتدار آگیا اور مسلمانوں نے اس کی بعیت کرلی۔ اس سے برھ کر مسلمانوں کیلئے کیا پستی ہوسکتی تھی کہ یزید جیسا بدبخت انسان امت اسلامیہ کی بھاگ دوڑ سبھال بیٹھا، وہ شخص جو حلال محمد کو حرام کرنے لگ گیا تھا، دینی اقدار کا تمسخر اُڑانے لگ گیا، ایسے میں امام علیہ السلام نے شہادت کی راہ اپنائی، کربلا میں ہر شخص شہادت کا عاشق تھا، معصوم علی اصغر سے لیکر جوان علی اکبر تک سب ہی شہادت کے مشتاق تھے، ان میں موت سے ڈرنے والا کوئی نہیں تھا۔ حضرت زینب سلام اللہ علھیا نے یزید کے دربار میں کھڑے ہو کر کہا کہ کربلا میں ہم نے اللہ کا جمال ہی جمال دیکھا ہے۔ جو شخص حسینی کہلاتا ہے، اس کیلئے لازم ہے کہ وہ میدان عمل میں آئے۔ گھروں میں بیٹھنے والے خانقاہی تو کہلا سکتے ہیں لیکن حسینی نہیں۔

نویں محرم الحرام کے جلوس میں آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن کے کارکنان سے خطاب میں علامہ ناصر عباس کا تھا کہ ایثار اور وفا کے اعلٰی ترین نمونے ہمیں کربلا میں ملتے ہیں، کربلا اور امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات گرامی رہتی دنیا تک کے حریت پسندوں اور غیور مسلم امہ کے لئے مشعل راہ ہے، امام عالی مقام نے ظلم و استبداد کے سامنے اپنے 72 جانثاروں کیساتھ قیام کرکے دنیائے انسانیت کو یہ درس دیا کہ ظالم چاہے کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو، اس کے سامنے کلمہ حق کے لئے ڈٹ جانے کا نام ہی حسینیت ہے، کربلا حریت پسندوں کی درس گاہ ہے، آج دنیا بھر میں جتنی بھی حریت کی تحریکیں چل رہی ہیں، ان کا مرکز محور امام عالی مقام کی ذات اقدس ہے، یزید کسی شخص کا نام نہیں بلکہ ایک فاسق، فاجر، جابر اور ظالم کے عمل کا نام ہے، استعماری طاقتیں آج کے یزیدی کردار ہیں، ان کیخلاف آواز اٹھانا اور میدان عمل میں رہنے کا نام حسینیت ہے، کشمیر، فلسطین، شام اور یمن میں مسلمانوں کی نسل کشی کے پیچھے چھپے کردار یزیدی ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے یمن میں سعودی عرب کی بربریت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے، سعودی عرب کو اس جنگ میں شکست ہوگی۔ امریکہ اور اس کے بلاک کو شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔ اللہ تعالٰی مظلوموں کے ساتھ ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ وطن عزیز میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے دراصل اسی فکر کے پیروکار ہیں، جنہوں نے کربلا میں نواسہ رسولۖ اور خاندان رسالت کو شہید کیا۔

وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین  فیصل آباد کے سیکرٹری جنرل احسان جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان اتحاد بین المسلمین پر یقین رکھتی اور ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے، قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہئے، لیکن بے گناہ افراد کو دہشتگرد نہ بنایا جائے۔ دھوبی گھاٹ گرائونڈ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب ڈاکٹر افتخار حسین نقوی، مولانا سید فضل عباس کاظمی، مولانا محمد علی جوہر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزاء میں ہمارے روایتی پروگرامز کو بند کیا جا رہا ہے، ہم نے بار ہا افسرانِ بالا کی توجہ ان مسائل کی طرف دلائی، جو ہر دفعہ یہ یقین دہانی کرواتے ہیں کہ روایتی پروگرامز کے راستہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، جبکہ علاقے کا ایس ایچ او اس بات سے صاف انکاری ہے۔ اسی طرح ایف آئی آر درج کرنے کی رفتار خطرناک حد تک تجاوز کرچکی ہے، جبکہ گھروں میں ہونے والے چھوٹے موٹے پروگرامز بھی بند کروائے جا رہے ہیں، جیلوں میں ہونے والے عزاداری کے قدیم پروگرامز بھی روک دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا عزاداری کو روکنے کے اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریڑی جنرل علامہ ولایت جعفری نے گزشتہ شب کابینہ اور رضا کاروں سے محرم الحرام کے ایام کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا سے ہمیں عدل وانصاف،اخوت،بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ایک دسترخواں پر بیٹھنا ہوگا۔شیعہ سنی اسلام کے دو بازوں ہیں اور اسلام میں تعصبات کی ہر گز گنجائش نہیں ہے۔ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے کے ماحول کو پروان چڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے اس مقدس ماہ میں ہمیں تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر نفرتوں کو بھلانا ہوگا۔کربلاء ایک عظیم درس گاہ ہے۔امام عالی مقام نے سجدے میں سرکٹا کے اسلام کے پرچم کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سربلند کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری کا مطلب کسی کو تنگ کرنا یا تکلیف دینا نہیںہے۔ہمارا مقصد امام عالی مقام کی اس عظیم قربانی کو زندہ رکھنا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کربلا ء مسلمانوں کیلئے درس حریت ہیں کربلا ء انسان کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلاتا ہے اور تمام مسلمانوں کی نجات عاشورہ میں مضمر ہے۔ اگر امت مسلمہ کو غلامی سے نجات چاہتی ہے تو وہ درس کربلاء پر عمل کریں کیونکہ امام حسین ؑ نے کربلاء میں یہی پیغام دیا تھا کہ غلامی کی زنجیروں کو توڑے بغیر مسلمان کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاء نے 61ہجری میں اس وقت کے طاغوت کے خلاف قیام کرکے مسلمانوں کو بتادیا کہ حق کسی باطل کے سامنے جھک نہیں سکتے۔عباس علی نے کہا کہ اس وقت بھی مسلمانوں کو مختلف طاغوتوں کا سامنا ہے اور یہی طاغوت امت مسلمہ کے اندر فرقہ واریت کے ذریعے انتشار پھیلانے میں مصروف عمل ہے مسلمانوں کو چاہئے کہ مظلوم کربلاء کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے غلامی کی زنجیروں کو توڑے تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہو۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree