وحدت نیوز (اسلام آباد) مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ان مراکز کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کی ضرورت ہے جہاں دینی تعلیم کی آڑ میں وطن عزیز اور افواج پاکستان کے خلاف زہر اُگلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا غیر ملکی ایجنڈے کو تقویت دینے ، بدامنی کی راہ ہموار کرنے کے لیے مخصوص افکار کا فروٖغ اور ترویج کی کوشش بھی دہشت گردی ہے۔ملک دشمن عناصر کی فکری،افرادی ا ور مالی معاونت سمیت کسی بھی قسم کے تعاون کر نے والے عناصر کو جب تک انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا تب تک قومی سلامتی پر خطرات منڈلاتے رہیں گے۔ افواج پاکستان سمیت ملک کا ایک ایک فرد ہمارے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔ہمیں اس سرمائے کی پوری ہوشمندی سے حفاظت کرنا ہو گی۔سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جینس ایجینسیوں کو مزید چوکس ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کے ناپاک ارادوں سے قبل از وقت آگاہی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں مسلمان کی تعریف واضح موجود ہے۔اس تعریف پر پورا اترنے والے کسی بھی شخص کو کافر کہنے اور کسی بھی مسلک کے خلاف نفرت پھیلانے کو قابل تعزیر جرم قرار دینے کے لیے پارلیمنٹ سے قرار داد منظور کرائی جائے۔ملک میں امن قائم ہو جائے گا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کا گزشتہ رات شیعہ تاجر عرفان حیدر زیدی کے قتل شدید مذمت کرتے ہونے کہنا تھا کہ عرفان حیدر کی شہادت قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،کراچی آپریشن کے باوجود ہدف بنا کر ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کوقتل کیا جا رہا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کار کرگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں بشمول علامہ علی انور جعفری ،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی،رضا نقوی،ناصر حسین الحسینی سمیت دیگر نے گزشتہ رات نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانے بننے والے شیعہ تاجر عرفان حیدر کے نماز جنازہ کے بعدخطاب میں کیا،نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ باب العلم ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں شیعہ عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات سے لگ رہا ہے کے ایک بار پھرشہر کی عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کراچی آپریشن کے باوجود گزشتہ کئی روز سے اس شہر میں بسنے والے اہم افراد کو قتل کر کے سماجی ،تدریسی،کاروباری حلقوں میں خوف کی فضاء قائم کی جارہی ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ یہ وہی دہشتگرد کالعدم تکفیری سوچ ہے جو اس میں ملک میں عدم استحکام دیکھناچاہتے ہیں جنہوں نے گزشتہ رات پشاور بیس پر دہشتگردانہ حملے کئے اوراب شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کو پھیلانا چاہتے ہیں جس میں وہ انشا اللہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کی جلد از جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ وہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو فوری نوٹس لے شہر میں قائم دہشتگردی کے اڈے کالعدم جماعتوں کے دفاتر کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ایسے مدارس کے خلاف بھی کاروائی کی جائے جو ان کالعدم دہشتگردجماعتوں کی محفوظ پناہ گاہ بنتے ہیں جس کی مانیٹرنگ خود کور کمانڈر کراچی کریں پاکستان کو ناامنی کا شکار کرنے والی کالعدم تکفیری جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور کراچی آپریشن کے کپتان سے مطالبہ کیا کہ شہرمیں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا یاحالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر پچھلے واقعات کی طرح سست روی اور زبانی جمع خرچ سے کام لیا جائے گا،ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے متعدد بار حکومت سندھ و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشاندہی کرائی جاتی رہی ہے کہ شہر قائد سمیت صوبہ بھر میں کالعدم تکفیری دہشتگرد جماعتوں کا اثر بڑھتا جا رہا ہے جو نہ صرف ملت جعفریہ بلکہ عام عوام کے تحفظ کیلئے خطرہ بن چکا ہے، اس کے باوجود ان کالعدم جماعتوں کی ریلیاں ،جلسے ،جلوسوں اور دفاتر کو حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، شہر میں قائم مدارس ان کالعدم جماعتوں کی مکمل معاونت کر رہے ہیں، ایک جانب ملک میں بسنے والے محب وطن عوام کے خلاف مرتد ہونے اور کفرہونے کے فتویٰ دیئے جاتے ہیں تو دوسری جانب انہی کے شیلٹر میں کالعدم جماعتیں مظلوم عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بناتی ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ دہشت گردی سے تنگ عوام کی آخری امید افواج پاکستان ہے اور اس ملک کی عوام کی آوازاور درد کو محسوس کرنے والی صرف افواج پاکستان ہیں، عوام کا اعتماد ان بے حس حکمرانوں سے آٹھ گیا ہے اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور انہی سے قیام امن کی امیدیں رکھتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر خصوصاًکراچی میں دہشت گردوں کی کمر توڑنے کیلئے دہشت گرد مدارس کے اندر آپریشن کلین اپ کا آغاز کیا جائے۔دریں اثناء عرفان حیدر زیدی کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کی گئی ۔

وحدت نیوز (کراچی) قانون نافذ کرنے والے ادارے جعفرطیار سوسائٹی کے عوام کے دیرینہ پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل میں تعادن کریں،کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈکے بعض متعصب افسران ڈیمانڈنوٹ کی فیس اداکرنے کے باوجود جعفرطیارواٹرسپلائی اسکیم کی این اوسی جاری نہیں کررہے،پورا ملیر سیوریج کے گندے پانی میں گھرا ہواہے، کسی متعلقہ ادارے کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی،خونخوار کتوں نے ہزاروں کی تعداد میں ملیر کا رخ کیا ہواہے،جن سے نجات کیلئے فوری بڑے پیمانے پر کتا مار مہم کا آغازضروری ہے،رینجرز حکام اہلیان ملیربالخصوص جعفرطیار سوسائٹی کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے ناقص نظام سے نجات کیلئے اپنا کردار ادا کریں،بصورت دیگر اہلیان جعفرطیاراپنا جائز حق حاصل کرنے کیلئے سڑکوں کا رخ کریں گے،ایم ڈبلیوایم کی جانب سے سالانہ جشن عیدغدیر ومباہلہ بعنوان وارثان ولایت کانفرنس 10اکتوبرکو مرکزی روڈ جعفرطیارسوسائٹی منعقد ہوگا،جس میں شہر بھر سے عوام شرکت کریں گے، بلدیاتی ادارے صفائی ستھرائی اورسیوریج کا نظام درست کریں ،جبکہ قانون نافذکرنے والے ادارے سکیورٹی انتظامات کے لئے موثراقدامات کریں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیرکے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے ضلعی سیکریٹریٹ میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ضلعی کابینہ کے اراکین ثمرزیدی،حسن عباس،اسدعلی،سعید رضا،مختارمنگی،عارف رضا،نقی زیدی،امیر عباس، نیاز کاچو،زاہد عاجزاور دیگر بھی موجود تھے۔

احسن عباس کا مزید کہنا تھاکہ گذشتہ چارماہ سے جعفرطیارواٹرسپلائی اسکیم کے واٹر کنکشن کی درخواست کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈکے افسران کی ٹیبلوں کا گشت کررہی ہے،ڈیمانڈ نوٹ کی فیس کی مدمیں 20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جمع کروادی گئی ہے،جبکہ تاحال افسران این اوسی جاری کرنے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کررہے ہیں ،سابق ایم ڈی واٹر بورڈقطب الدین شیخ ، ہاشم رضا زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام سے بارہا گذارش کی گئی کے جلد از جلد واٹر سپلائی پروجیکٹ کے کنکشن کی این او سی جاری کرنے میں تعاون کریں لیکن اب تک کسی افسر بالانے عوام کے بنیادی میٹھے پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا،احسن عباس رضوی نے ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد ازجلدجعفرطیارسوسائٹی کے رہائشی 40ہزارسے زائدعوام کو اس مشکل سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ، بصورت دیگر علاقہ عوام اپنے جائز حق کی خاطرسراپا احتجاج ہو گی۔

وحدت نیوز (بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بہاولپور ڈویژن کا اجلاس زیر صدارت صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی بہاولپور میں منعقد ہو ا جس میں ضلع بہاولپور ، بہاولنگر ،رحیم یارخان اور ضلع لودھراں کے ضلعی سیکرٹری جنرلز اور ضلعی کابینہ کے اراکین نے بھرپورشرکت کی،اجلاس میں ڈویژنل کو آڈینیٹر کی نامزدگی ، محرم الحرام ،پنجاب بھر میں بے جا گرفتاریوں اور تنظیم سازی کی صورتحال پر غو ر کیا گیا۔اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن سید آل محمد جعفری نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ مضبوط تنظیم سازی ہی کسی تنظیم کی مضبوطی اور طاقت کی ضامن ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت جعفریہ کی اُمید ہے اس لیئے مجلس وحدت مسلمین کے تمام عہدیداران کو تن من دہن قربان کر کے مجلس وحدت کی تنظیمی فعالیت کے لئے بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے ۔

صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کو مضبوط بنیادوں پر منظم کیا جائے گا اور قوم کی اُمیدوں پر پورا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنز میں ڈویژنل کوآڈینیٹرز نامزد کر کے تنظیم سازی کی مانیٹرنگ کو بہتر کیا جائے گا او ر مسائل اور مشکلات کا حل نکالا جائے گا اجلاس سے علی رضاطوری صوبائی رابطہ سیکرٹری نے بھی خطاب کیا ۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ محرم الحرام میں مجلس وحدت کا ہر ضلع میں ایک نمائندہ وفد مقامی مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے مقامی انتظامیہ کے سربراہان سے ملاقات کرئے گا ۔اجلاس میں پنجاب بھر میں مجلس وحد ت مسلمین کے کار کنا ن اور عہداداران کی بلا جواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی اور صوبائی حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ مجلس وحد ت مسلمین کے تمام اسیران کو رہا کیا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ راست اقدام اٹھانے کے لئے مجبور ہو جائے گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محر الحرام میں ڈویژن کے تما م اضلاع یونین کونسل کی سطح پر یونٹ سازی کریں گے ۔مرکز اور اضلاع کے درمیان روابط کو بہتر بنایا جائے گا ،آئندہ اجلا س میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر کی نامزدگی کا اعلان کیا جائے گا ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل عباس علی سمیت دیگر عہدیداران و اراکین نے کیسکو مافیا کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ،کہ کیسکومافیا کے ملی بھگت سے کئی کئی گھنٹے طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے علمدارروڈ کے مکینوں کی زندگیاں اجیرن بنادی ہے ، باوجود اس کے علاقے کے مکین بجلی کے واجبات پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ادا کرتے ہیں، لیکن پھربھی کیسکو مافیاناانصافی کرکے لائن لاسسز علمدار روڈ کے مکینوں سے پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جب کے ملحقہ علاقوں کی نسبت علمدار روڈ کے علاقے میں لائن لاسسز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ کیسکو مافیا بجائے عوام کی خدمت کے اپنی من مانیاں کررہے ہیں اور عوام کے پیسوں سے عیاشیاں کررہے ہیں، دوستیاں نباتے ہوئے اپنے من پسند علاقوں کی لوڈشیڈنگ بھی علمدار روڈ میں کرارہے ہیں جس کی وجہ لائن لاسسز کا بوجھ غیر منصفانہ طورپر علمدارروڈ کے عوام برداشت کررہے ہیں، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے ۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کو پانی کی سپلائی میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے اور روز مرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوچکی ہیں۔انہوں مزید کہاکہ کیسکو مافیا کے غلط رویے کی وجہ عوام نالاں ہے لیکن کوئی سننے والانہیں، کیسکو مافیا کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے اور کسی کو جوابدہ نہیں سمجھتے۔ مجلس وحدت مسلمین کیسکو کے اعلٰی حکام اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فوری طور پرختم کرکے عوامی شکایات کو صحیح معنوں میں دور کریں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے پشاور میں ائیربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن دھشت گردوں کا ریاستی اداروں پر حملہ ان کی بوکھلاہٹ کوظاہر کرتا ہے۔قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ اور ان شہداء کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دھشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ دھشت گردی کے خلاف بھرپور جرئت و استقامت سے آپریشن پر پاک فوج کوپوری قوم کی تائید حاصل ہے۔قوم ملک سے دھشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پردنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندان اسلا م خوش نصیب ہیں جو ابراہیم خلیل ؑ اورقرآن کریم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے خانہ خدا کی زیارت کے لئے جمع ہوئے ہیں، حج امت مسلمہ کی عظمت کا مظہر سیاسی عبادی اجتماع ہے۔حجاج کرام اس عظیم اجتماع کے موقع پر سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے نمرود وقت کے خلاف حق کی آواز بلند کریں، حج کے موقع پرمشرکین سے برائت ضروری ہے۔اس وقت، امت مسلمہ مسائل و مشکلات کا شکار ہے۔ عالم کفراور طاغوتی قوتوں نے جس طرح اسلام اور امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اس عالمی اجتماع کے موقع پرعالم کفر کی سازشوں اور امت مسلمہ کے مسائل پر غور و خوض کیا جائے، اور ان کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ حج وحدت امت کا عظیم مظہر ہے۔ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل ہیں، جبکہ اس وقت پوراعالم اسلام امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے لگائی گئی آگ میں جل رہا ہے۔ تکفیری سوچ کے بانی اور سرپرست اسرائیلی ادارے اور صیہونی ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree