وحدت نیوز(لاہور) ولادت با سعادت حضرت اباعبداللہ الحسین و ابوالفضل العباس علیھم السلام کے پر مسرت موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؑ کے ساتھ پیغمبر اکرم (ص) کی محبت اور وابستگی احادیث مبارکہ سے بھرپور انداز میں عیاں ہوتی ہے۔ رسول خدا (ص) نے امام حسین ؑ کو اپنے آپ سے اور اپنے کو امام حسین ؑ سے قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کر دیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق گہرا اور راسخ ہے۔ لہذا نبوت و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس معصوم ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عباس ابن علی ؑ دنیا میں وفا شعاری اورجانثاری کا اعلی نمونہ تھے ۔ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب نے پیغمبر گرامی ؐ کے ساتھ وفاشعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباس ؑ نے نواسہ پیغمبر ؐ کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضوں کو عروج بخشا۔ ان کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔