وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر آغا رضا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کو قاتل درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اساتذہ کا قتل عام انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر پارہ چنار میں اساتذہ کے قتل کے واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
آغا رضا نے کہا کہ پارہ چنار تری مینگل میں اساتذہ کا قتل عام انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ معاشرے میں شعور و آگاہی دینے والوں کو خاک و خون میں نہلا کر بدترین سفاکی کا ثبوت دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اپر کرم پارہ چنار کی پرامن فضاء کو خراب کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ خیبرپختونخواہ کے عوام کو قاتل درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ آخر کب تک معصوم افراد اس دہشت گردی کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے؟ آغا رضا نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔