وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے یونان میں کشتی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں انسانی سمگلنگ گزشتہ کئی عشروں سے جارہی ہے، جس کا کوئی تدارک نہیں کیا جا سکا، حکمران طبقے کو ملک میں ڈالرز چاہیئں جسکی وجہ سے انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے کوئی سخت قانون نہیں بنائے گئے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بلکہ بنے ہوئے قوانین پر بھی عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ مجبور بے روزگار افراد زمین یا قرض لے کر غیر قانونی طریقے سے بیرونی ملک جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کئی بار سمندری حادثات کی وجہ سے ہزاروں جوانوں کی لاشیں پاکستان آئی مگر چند دن شور اور میڈیا کوریج کے بعد کوئی خاص ایکشن نہیں لیا جاتا، ہم حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کرتے ہی کہ اپنے فائدے کے لئے جتنے قوانین بنائے ہیں ایک قانوں انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے بنائیں جس سے غیر قانونی طور پر بیرونی ملک جانے والوں کا راستہ روکا جا سکے، مجبور لوگوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے، تاکہ آئندہ کے لیے اس کا راستہ بند ہو سکے۔