وحدت نیوز(پاراچنار)پاراچنار میں کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سٹوڈنٹس لرننگ آؤٹ کم کی بنیاد پر پیپرز کی تیاری اور امتحانات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین کےرہنما اور تحصیل چیئرمین پاراچنار آغامزمل حسین فصیح نے خصوصی شرکت کی۔
گورنر کاٹیج پاراچنار میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کوہاٹ تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن ثمینہ الطاف، چئیرمین ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ محمد شفیق اعوان، ڈی جی کامرس غضنفر علی، اسسٹنٹ کمشنر امیر نواز اور تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین کا کہنا تھا کہ سٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کم کے حوالے سے شعور کی آگاہی ضروری ہے، اس سال آنے والے امتحانات پچاس فیصد ایس ایل او بیسڈ ہونگے جبکہ 2024ء سے امتحانات میں مکمل طور گریڈنگ سسٹم متعارف کیا جارہا ہے۔
چیئرپرسن ثمینہ الطاف اور چیئرمین محمد شفیق اعوان نے گریڈنگ سسٹم کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم سے طلبہ میں مایوسی کا سلسلہ ختم ہوگا، صاف و شفاف طریقے سے امتحانات یقینی ہو جائیں گے اور ساتھ ساتھ رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوجائے گا۔ تعلیمی بورڈز کے سربراہان کا کہنا تھا کہ صوبے میں آٹھ تعلیمی بورڈ گریڈنگ سسٹم کے حوالے سے طلبہ کے بہتر مستقبل کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ ورکشاپ میں ضلع کرم کے مختلف علاقوں سے سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور سینئر ٹیچرز نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ کے شرکاء نے گریڈنگ سسٹم متعارف کرانے پر کوہاٹ بورڈ کی چیئرپرسن ثمینہ الطاف اور ایبٹ آباد بورڈ کے چیئرمین محمد شفیق اعوان کا شکریہ ادا کیا۔