وحدت نیوز: (اوستہ محمد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اوستہ محمد میں شہید امداد حسین جویہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر امداد حسین جویہ کی بیٹی ارباب جویہ نے کہا کہ میرے والد زندگی بھر طاقتور نوابزادوں کے نشانے پر رہے۔ انصاف کے حصول کے لئے زندگی بھر ٹھوکریں کھانے کے بعد انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا اور ان کی میت کی تذلیل اور بے حرمتی کی گئی۔ اب مجھے اور میرے یتیم بھائیوں کو بااثر لوگ قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔
ہم مولا علی علیہ السلام کے پیروکار ہیں۔ جنہوں نے وصیت کی تھی کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار رہو۔ ہم ظالم اور مظلوم کی جنگ میں مظلوم کے حامی اور طرفدار ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امداد حسین جویہ کے خون سے انصاف کیا جائے اور ان کی بیٹی اور ورثاء کو ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید امداد حسین جویہ کی یتیم بیٹی کا راستہ روک کر قتل کی دھمکیاں دینے والے بہادر نہیں بزدل ہیں۔ پاکستانی معاشرے اور بلوچ سماج میں عورت کو احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خواتین کا راستہ روک کر قتل کی دھمکیاں دینا افسوسناک ہے۔