وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عدالت نے حکومتی ایما پر ہمارے مذہبی قائدین اور جید علما کی تصاویر اخبارات میں شائع کروا کر اور انہیں مفرور ظاہر کرکے نہ صرف نون لیگ کے خلاف نفرت میں اضافہ کیا ہے بلکہ حکومتی تنگ نظری اور ذہنی پسماندگی کو بھی واضح کر دیا ہے۔اس طرح کے انتقامی حربے ایم ڈبلیو ایم کی مقبولیت اور سیاسی ساکھ پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔ ہمارے تمام تنظیمی مسؤلین بشمول شیخ نیئر عباس مصطفوی اور شیخ بلال سمائری کے اس وقت ہماری جاری انتخابی مہم میں شریک ہیں اور ایم ڈبلیو ایم کے تمام اجتماعات میں اپنے خطابات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے لیے مفرور کا لفظ استعمال کے کے مکتب تشیع کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاون میں 15 افراد کے قتل میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج ہے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی جبکہ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور یمن کے معاملے پر آزاد خارجہ پالیسی اور پارلیمنٹ کے فیصلے کی تائید میں نکلنے والی ریلی کے شرکاء کے خلاف ایف آئی درج کیے جانا حکومتی بدنیتی اور ریاستی جبر کو ظاہر کرتا ہے۔
ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ یہ ایف آئی آر خالصتاََ سیاسی مقاصد کے حصول اور دباو کے روایتی ہتھکنڈے کو استعمال کرنے کے لیے کاٹی گئی ہے جس کے خلاف ہمیں ہر طرح کی قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔ آئین پاکستان کے تحت تفویض کردہ اختیارات کے بےلگام استعمال کی اس سے بڑھ کر اور کیا مثال ہوگی کہ گلگت بلتستان کے مرکزی رہنما عارف حسین قنبری کے گرفتار ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک ان کا چالان نہیں پیش کیا گیا، قانون و انصاف کے ادارے اس ریاستی جبر کے خلاف متعلقہ افراد سے باز پرس کیوں نہیں کرتے۔ عدلیہ سے عوام کا اعتماد اٹھنے کا بنیادی سبب عدالتی فیصلوں پر سیاسی دباو کا اثر انداز ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین کی سیاسی حیثیت سب سے زیادہ مضبوط ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کی تقریباً تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کے اکابرین ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی کسی بھی نشست سے دستبردار نہیں ہو رہی۔ ایم ڈبلیو ایم نے گلگت بلتستان میں مسلکی سیاست کو مسترد کر کے مذہبی ہم آہنگی کی سیاست کی بنیاد رکھ دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں شیعہ سنی افراد کی بلاتخصیص حمایت حاصل ہے اس سلسلے میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا ہماری انتخابی مہم کا حصہ بننے کے لیے اگلے ہفتہ سکردو پہنچ رہے ہیں، ہماری منظم انتخابی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے ہم پورے حوصلے و عزم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں اور انشا اللہ سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
وحدت نیوز (بیروت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ نے لبنانی چینل المنار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اب سعودی احسانات اور دباو میں آنے والی نہیں ہے۔ پارلیمنٹ میں منظور شدہ قرارداد سے ثابت ہوگیا کہ یہ ایک آزاد قوم ہے۔ اور یہ قرارداد پاکستانی عوام کی رائے کی ترجمان ہے۔ پاکستانی کے اندرونی مسائل اور مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے سربراہ امور خارجہ نے کہا کہ بڑی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں جس کے لئے آئے روز مصنوعی بحران پیدا کرتی رہتی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مظلومین کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ جس کے لئے مختلف سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے ساتھ روابط جاری ہیں جس کے لئے پہلے مرحلے میں معتدل اہلسنت کے ساتھ اتحاد کیا گیا ہے ۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے امام کعبہ کے پاکستان دورے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ کا خاص مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقاتیں ان پر سوالیہ نشان ہیں۔ جب کہ پاکستان کے اندر بریلوی مکتبہ فکر کے لوگ بھاری اکثریت میں ہیں لیکن ان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو یمن جنگ میں دھکیلنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی اور امام کعبہ بھی اسی سلسلہ میں پاکستان آئے تھے۔ لیکن اب آل سعود کو سمجھ جانا چاہیے کہ وہ کسی قوم کی تذہیک کر کے ان کو اپنا اتحادی نہیں بنا سکتے۔
وحدت نیوز (لاہور) امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام انسانی فکر سے بالا تر ہیں۔ وہ بہترین قاضی، سپہ سالار، جنگجو اور فلسفی تھے۔ اگرچہ ان سے محبت اور دشمنی کرنے والے دونوں انتہاوں تک چلے گئے ہیں، مگر انہیں کسی مذہب یا فرقے تک محدود نہیں کیا جاسکتا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے لاہور ہائی کورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں المصطفٰی لائرز فورم کے زیر اہتمام جشن مولود کعبہؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ڈاکٹر محمد انور گوندل، سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن احمد قیوم ملک، فنانس سیکرٹری اختر شیرازی، سعید احمد قادری، چودھری مرتض علی اولکھ، ملک اعجاز حسین گورچھا، سجاد حیدر نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ احمد قیوم ملک نے وکلا میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ علامہ امین شہیدی نے مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے طرز حکمرانی اور عدل و انصاف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیر مسلم مصنفین نے بھی وصی رسول کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد داعش کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری پہنچ چکی ہے۔ اسے روکنے کے لئے محب وطن قوتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے پر یمن کے تنازع میں سعودی عرب عمل کر رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما نے کہا کہ یمن کی سیاسی جنگ کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں۔ حوثی مجاہدین اہل سنت کے زیادہ قریب ہیں۔ شافعی مسلک کے پیروکار بھی ان کے ساتھ ہیں جبکہ انصار اللہ اتحاد ملک کے 80 فیصد حصے پر کنٹرول رکھتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ڈاکٹر محمد انور گوندل نے عالمی امن کے لئے مذاہب کے درمیان مکالمے اور بین المسالک ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کو فریقین کو مرضی کے مطابق حل کر لیا جائے تو دنیا سے 70 فیصد بدامنی ختم ہوجائے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغرعسکری نے کرم ایجنسی کے علاقے علی زئی میں فٹ بال میچ کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں دو افراد کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے ۔اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں ان کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں۔اب پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی۔ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن و سکون کے ازلی دشمن ہیں ۔ وہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے خلاف بہت سارے محاذوں پر سرگرم ہیں۔مختلف لبادوں میں چھپے ہوئے ان ملک دشمن عناصر کی شناخت کرتے ہوئے ہمیں اپنی بصیرت، دانشمندی اور اخوت سے ان کو شکست دینا ہو گی۔انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے میں شہریوں اور لیویز کے نوجوانوں کے حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد کی بہادری نے ہمیں ایک بڑے ممکنہ سانحہ سے بچا لیا۔ علامہ اصغر عسکری نے ایم ڈبلیوایم کی طرف سے شہد اکے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرحومین کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعاگو ہیں۔
وحدت نیوز(بکھودیرو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون سیکریٹری سیاسیات علامہ مقصود علی ڈومکی نے بکھو دیرو میں منعقدہ جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر المومنین امام علیؑ کی حیات طیبہ عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انکی حیات طیبہ کو اپنا کر ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں، نظام ولایت کے ماننے والے طاغوتی نظاموں سے چھٹکارے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام ولایت کے پیرو دنیا بھر میں منظم، متحد اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ تقریب سے اصغریہ کے مرکزی رہنماء عبدالرزاق بلوچ، فضل حسین اصغری، محمد اسماعیل مہدوی، قمر عباس و دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج اسکردو پہنچ گئے، اسکردو ائیر پورٹ پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اسکردو کی فضا "راجہ ناصر قدم بڑھاو، ہم تمہارے ساتھ ہیں" کے پرتپاک نعروں سے گونجتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج سکردو پہنچ گئے، انکی آمد کے موقع پر ہزاروں کارکنان نے انکا پرتپاک استقبال کیاپوراشہر علامہ راجہ ناصرعباس کے استقبال کیلئےایئرپورٹ پر امنڈآیا،عینی شاہدین کے مطابق بلتستان کی تاریخ میں کسی لیڈرکا ایسا فقید المثال استقبال نہیں دیکھا گیا، اس موقع پر تاریخی ریلی بھی برآمد ہوئی، ریلی ائیر پورٹ اسکردو سے ہوتی ہوئی مجلس وحدت مسلمین کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں اختتام پذیر ہوئی، راستے بھر شہری علامہ راجہ ناصرعباس کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب نظرآئے، جگہ جگہ استقبالی جلوس پر گل پاشی ہوئی، اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے، اگر جی بی کے عوام نے ہوشیاری سے کام نہیں لیا تو پھر وہی جماعتیں برسر اقتدار آئیں گی، جنہوں نے اس خطے کو 67 سالوں سے بنیادی انسانی اور آئینی حقوق سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو گلگت بلتستان کے حقوق چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محروم عوام کو انکے حقوق دے کر دم لے گی۔