وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور نوجوانان علامہ اعجازحسین بہشتی نے مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم میں وحدت یوتھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ کسی بھی قوم کے نوجوان اس کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔قوموں کی ترقی و تنزلی میں نوجوانوں کے کردار کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔جس قوم کے نوجوان اپنے فکری ورثے کے امین ہوتے ہیں وہ قومیں کبھی سرنگوں نہیں ہوتیں۔

انہوں نے کہا عصرحاضر میں نوجوانوں کی ذمہ داریاں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔معاشرتی آزادی کے نام پر مغربی معاشرہ جس نظریہ کی ترویج کرنا چاہتا ہے اس کا مقصد نوجوان طبقے کو زمانے کی رنگینیوں میں الجھا کر بے راہ روی کی غلاظت میں دھکیلنا ہے۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے یہود و نصاریٰ اپنے مذموم عزائم کے تکمیل کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔

علامہ اعجاز حسین بہشتی نے مزید کہا کہ معاشرتی و اسلامی اقدار متروک ہوتی جارہی ہیں۔ہمارے نوجوانوں کو یہ بات ذہن نشیں کرلینی چاہیے کہ مسلم معاشرے کی اپنی شناخت ہے جس کی بنیاد پاکیزگی و طہارت ہے۔ مسلم معاشرہ کسی مدر پدر آزادی کا قائل نہیں۔یہود و نصاریٰ کو اس وقت سب زیادہ خطرہ عالم اسلام کے باعمل نوجوانوں سے ہیں۔یہ الیکٹرانک و سوشل میڈیا کا دور ہے۔ماضی میں جو جنگیں میدان میں لڑی جاتی تھیں آج وہ میڈیا پر لڑی جاتی ہیں۔ آج دشمن ہمیں قیدی بنانے کی بجائے ہماری سوچ کو اسیر کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ عالم اسلام کے اذہان سے  ان کے اسلاف کی قدرومنزلت اور مقام کو دھندلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دشمن کے ہتھیار کو دشمن کی مرضی کے مطابق استعمال کرنے کی بجائے ان کے خلاف استعمال کرنا ہو گا۔اس کے لیے دینی بصیرت و حکمت ضروری ہے۔نوجوان  اسلامی تعلیمات کو اپنی ڈھال بنا کر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا سکتے ہیں۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح جیکب آباد میں بھی قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔

 احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ،پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ضلعی صدر ندیم قریشی، مہران سوشل فورم کے چیئرمین عبدالحئی سومرو ،سول سوسائٹی ضلع جیکب آباد کے چیئرمین آغا غضنفر پٹھان ،منصب علی شیخ ،حسن رضا غدیری اور ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم اللہ کا کلام اور ھدایت انسانی کا جامع دستور ہے جو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا بے مثال معجزہ ہے پوری دنیا مل کر بھی اس کی مثل اور نظیر لانے سے عاجز ہے۔

 انہوں نےکہا کہ عالمی سامراجی طاقتوں نے اپنے استعماری عزائم کی راہ دین اسلام کی تعلیمات کو رکاوٹ سمجھتے ہوئے اسلام ہراسی کے مذموم ایجنڈے پر کام کیا۔ اسلام کے مقدس نام پر امریکہ اور سامراجی طاقتوں نے پہلے دھشت گرد تنظیموں کو قائم کیا پھر میڈیا کے زور پر ان کو کوریج دے کر اسلام کے خلاف مہم شروع کی۔

علامہ مقصودعلی ڈومکی نےمزیدکہا کہ قرآن کریم کی توہین ناقابل برداشت ہے اور ناقابل معافی جرم ہے۔ اقوام متحدہ اسلامی مقدسات کی مسلسل توہین کے خلاف قانون سازی کرے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پاکستان کی طرف سے ناروے واقعہ کے خلاف او آئی سی اور یورپی یونین میں قرار داد پیش کرنے کے فیصلے کو لائق تحسین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے اضطراب کا باعث ہے۔ اس افسوسناک واقعہ پر حکومت کا موقف عوامی امنگوں کا عکاس ثابت ہو گا۔مذہب کے معاملے میں جذباتی ہونا ایک فطری عمل ہے۔دین اسلام ہمیں جان،مال،اولاد سب پر مقدم ہے۔ وہ استکباری قوتیں جو اسلامی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں وہ مذموم ہتھکنڈوں سے دین اسلام کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کر کے اس کے تشخص کو داغدار کرنا چاہتی ہیں۔اسلام کے مقدسات کی توہین کرنے کا مقصد امت مسلمہ کو مشتعل کرنا ہے۔دشمنوں کے ایسے شر پسندانہ اقدامات کو حکمت و تدبر سے ناکام بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا داعی ہے لیکن جب دین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جائے تو پھر اللہ کے حکم کے مطابق ہمیں ترجیحات بدلنے کا بھی مکمل اختیار حاصل ہے۔اس وقت صیہونی و نصرانی قوتیں پوری دنیا میں اسلام کے خلاف بے بنیادپروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ انہی منفی طاقتوں کے شنکجے میں ہے۔جو مسلمانوں کو دہشت گرد اور خونخوار ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔اس غیر حقیقی اور خود ساختہ بیانیے کو رد کرنے کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد اولین شرط ہے۔عالم ک±فر کو سرنگوں کرنے کے لیے عالم اسلام کو باہم متحد ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی مقدسات کی توہین پر پوری امت مسلمہ سے ایک جیسی آواز بلند ہونی چاہیے۔ جس میں خوف یا مصلحت کا کوئی عنصر موجود نہ ہو۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزادکشمیر کے ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ناروے میں قران پاک کی بے حرمتی اور جلاۓجانے کی ناپاک جسارت پر شدید دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن شر پسند قوتیں آفاقی مذہب  اسلام کی حقانیت سے خائف ہو کر ناقابل برداشت اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں۔

 سیان نامی اسلام دشمن تنظیم کے سرکردہ رکن لارس کے متعصبانہ فعل پر مسلم نوجوان کا ردعمل حالات کے عین متقاضی اور جراتمندانہ اقدام تھا۔یہود ونصاری کو اس حقیقت کا درک کرنا چاہیے کہ اسلام کے بارے میں پورے عالم اسلام کے جذبات ایسے ہی ہیں۔یورپ سمیت پوری دنیا میں تیزی سے پھیلتا ہوا دین اسلام دشمن قوتوں کے لیے آنکھ کا کانٹا بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی متعصب تنظیمیں جن کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کا خاتمہ کر کے اشتعال انگیزی کو فروغ دینا ہے ان پر پابندی عائد ہونی چاہیئے ۔ مذہبی تعصب شدت پسندی کے رجحانات کو تقویت دیتا ہے جس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قران پاک کی توہین نے پوری امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے ۔اس سنگین معاملے پر پاکستان و آزادکشمیر سمیت پورے عالم اسلام کو ناروے کی حکومت سےسفارتی سطح پر بھی احتجاج کرناچاہیئے۔ انہوں نے کہا عالم اسلام کی طرف سے عوامی سطح پر بھی اس مذموم فعل کے خلاف پُرامن احتجاج کر کے دشمنان اسلام کو یہ باور کرانا ہو گا کہ اسلام دشمن اقدامات کے خلاف پوری امت مسلمہ متحد ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات کے سہ روزہ سالانہ کنونشن کے موقع پر دختر بانی آئی ایس اوشھید ڈاکٹر محمد علی نقوی ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم پی اے پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی جو کہ آئی ایس او طالبات کی نظارتی کمیٹی کی رکن بھی ہیں، نے خصوصی شرکت کی ۔

تین روزہ سالانہ کنونشن میں شب شھداء کے موقع پر محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے ملک بھر سے آئی ہوئیں طالبات کے نمائندہ تنظیمی اجتماع سے خطاب بھی کیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام کی حفاظت اور پرچار کے لیے شھداۓ اسلام نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور دین مبین کی آبیاری اپنے لہو سے کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملت جعفریہ پاکستان کے شھداء پر فخر ہے جنھوں نے خط ولایت پر چلتے جام شہادت نوش کیا شھداء ہمارا افتخار ہیں اور ان کے راستے کو زندہ رکھتے ہوے اس پر چلنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شخصیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شھید ان اہم شخصیات میں سے تھے جنھوں نے نوجوانان ملت پر بھرپور کام کیا ، ان کے نفوس کو زمانے کی آلودگیوں سے پاک کیا ان کی اخلاقی و روحانی تربیت کی اور باطل کے سامنے پرچم حق بلند کرنے کی جرات پیدا کی آپ نے جوانوں کو اپنے حقیقی دشمن کی پہچان کروائی اور نظریہ ولایت فقیہ سے روشناس کروایا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ناروے میں کی جانے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملتان میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کا مقصد ناروے میں قران پاک کی توہین کے واقعہ پر اقوام عالم کو اپنے غم و غصے سے آگاہ کرنا تھا، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ناروے کی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی جامعہ شہید مطہری سے شروع ہوئی اور چوک قذافی پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، حسنین انصاری، حسنین کربلائی سمیت دیگر نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق کی آزادی کی آڑ میں کسی کے مذہب کی تضحیک کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیئے، اقلیتوں سمیت تمام طبقات کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنا ریاست کا اولین فریضہ ہے، سیان نامی تنظیم کی تخریبی فکر سے آگاہ ہونے کے باوجود انہیں شرپسندانہ اقدامات کے لیے کھلی چھٹی دے کر ناروے کی حکومت نے پورے دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، اس دل آزاری پر ناروے کی حکومت کو پوری دنیا کے مسلمانوں سے معافی مانگنی چاہئے۔

علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ عالم اسلام کے درمیان لاکھ اختلافات سہی لیکن دین اسلام کی حرمت و دفاع کے لیے پوری امت مسلمہ کے جذبات اور نظریات ایک جیسے ہیں، مسلمان کبھی بھی اپنے دین اور مقدسات کی توہین برداشت نہیں کر سکتے۔ شدت پسند تنظیم سیان کے سرکردہ رکن لارس کی طرف سے قران کی توہین کا فعل ایک ناقابل معافی جرم ہے، رہنماوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فی الفور ناروے حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree