وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں شیعہ سنی علماء عمائدین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سید نوبہار شاہ، علامہ وقارالحسنین نقوی، ڈاکٹر امجد حسین چشتی جمعیت علمائے پاکستان نیازی، پیر ایس اے جعفری، پیر اختر رسول قادری، صاحبزادہ بلال چشتی، مولانا اصغر عارف چشتی، پروفیسر فاروق احمدسعیدی، علامہ سید حسن رضا ہمدانی، سید محمد نثار صفدر نقوی ایڈووکیٹ، سید حسن کاظمی، علامہ محمد علی حسنین نجفی، رائے ناصر علی، رانا ماجد علی، ممتاز حسین بھٹہ ایڈووکیٹ، فیاض گوندل ایڈووکیٹ، سید ظہیر حیدر زیدی، طاہر ہاشمی ایڈووکیٹ، سید صادق حیدر کرمانی، علامہ سید صبیح حیدر شیرازی، عرفان حیدر نقوی ایڈوکیٹ، زیڈ ایچ جعفری ایڈوکیٹ، آغا علی عمران ایڈوکیٹ نے شرکت کی، اجلاس میں دہشتگردی کے المناک سانحوں کی پرزور مذمت اور ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا، اجلاس کے بعد شیعہ سنی رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بدترین دہشت گردی کا شکار ہے، پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے مسلسل اس ظلم و بربریت کیخلاف برسر پیکار ہیں، لیکن حالیہ لاہور مال روڈ اور حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ہونے والے واقعات نے ساری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، آج لاہور ڈیفنس میں معصوم پاکستانیوں کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہیں، ساری قوم اس صدمے میں مغموم ہے کہ لاہور میں دو اعلیٰ ترین پولیس افسران سمیت 15 افراد اور سیہون شریف میں قریباََ 100 افراد شہید اور 350 زخمی ہوئے، یہ طے شدہ حقیقت ہے کہ گذشتہ دو سال میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا گیا، فوجی عدالتوں کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے، جن لوگوں کو انہوں نے سزائیں دی ان پر عمل درآمد نہ ہوسکا اور ان کی مدت ختم ہو گئی، جس سے دہشت گرد دیدہ دلیری سے ہمارے شہروں پر حملہ آور ہیں، لاہور خودکش حملہ کے سہولت کار کو جس طرح فوری گرفتار کیا گیا اور پھر اس کے انکشافات پر مزید گرفتاریاں ہوئیں یہ حساس اداروں کی کاروائیاں لائق تحسین ہیں۔ رات پاک فوج کی طرف سے جس ردالفساد آپریشن کا اعلان ہوا اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی جو کہ ہمارا درینہ مطالبہ تھا پر بھی تحسین پیش کرتے ہیں، اہلسنت اور اہل تشیع کا یہ نمائندہ فورم دہشتگردی کیخلاف ملکی سلامتی کے اداروں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔

شیعہ سنی رہنماوں نے مزید کہا کہ سیہون شریف خودکش حملہ کے بعد دربار حضرت بی بی پاکدامن کو بند کر دیا گیا، جبکہ جہاں سیہون شریف میں خودکش حملہ ہوا اور سینکڑوں افراد شہید و زخمی ہو گئے اسے دوسرے روز ہی کھول دیا گیا، پنجاب کے تمام دربار کھلے تھے لیکن دربار حضرت بی بی پاکدامن 16 فروری سے رات تک مسلسل بند رہا۔ جس سے ملک بھر کے زائرین میں شدید غم و غصہ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی، اسے خاندان نبوت (ص)سے عقیدت رکھنے والوں نے اپنے ساتھ امتیازی سلوک سمجھا، کیونکہ ایام شہادت دختر رسول اعظم (ص)حضرت فاطمہ زہرا شروع ہو رہے تھے جن میں دربار پر مجالس عزا بپا ہوتی ہیں اور ہزاروں زائرین بی بی پاکدامن کو پرسہ دیتے ہیں، اسی سلسلہ میں مختلف شیعہ سُنی تنظیمیں اپنی سطح پر انتظامیہ سے دربار کھولنے کیلئے کوششیں کرتی رہیں، رات گئے حکومت نے دربار کھول دیا ہے۔ ہم اس اقدام کی قدر کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دربار بی بی پاکدامن کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز تعینات کی جائے۔ دربار بند کرنا نامناسب ہے۔ نیز ہم آج صبح ڈیفنس لاہور میں ہونے والے دھماکہ کی بھی مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردوں سے لڑنے کیلئے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ تیار ہیں۔

وحدت نیوز (سہیون شریف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سہیون شریف میں درگاہ حضرت لال شہباز قلندر ؒ کے سجادہ نشین ڈاکٹر سید مہدی شاہ ، گدی نشین سید حسن علی شاہ، سید غضنفر علی شاہ اور سیدولی محمد شاہ لکھیاری سے ان کی رہائش گاہ پر علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے درگاہ کے تمام گدی وسجادہ نشینوں سے سانحہ سہیون شریف میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج وغم واظہارکیا ، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی اور ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضابھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ سہیون شریف سفاکیت اور بربریت کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، تکفیری درندوں نے بلاتفریق مذہب ومسلک ، رنگ ونسل عاشقان قلندر ؒ کو حیوانیت کا نشانہ بنایا،پاکستان کی تاریخ میں سانحہ سہیون شریف پہلا دہشت گرد حملہ ہے جسے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کیا ہے جوکہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے لئے مزید خطرات کا اعلان ہے، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ سانحے کے اگلے ہی روز زائرین کا اتنی ہی تعدادمیں دوبارہ درگاہ پر حاضر ہونا  دہشت گردوں کی ان کے مذموم مقصد میں شکست کی واضح دلیل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں پر طرح کی دہشت گردی کے خلاف موثر آواز اٹھاتی رہی ہے اور آج یہاں سہیون شریف میں تحفظ مزارات اولیاءاللہ کانفرنس بھی اسی کاوش کا نتیجہ ہے انشاءاللہ وطن عزیز میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بالخصوص سانحہ سہیون شریف کےخلاف ایم ڈبلیوایم نے اٹھائیس فروری کو قومی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے جس میں آپ  حضرات کو بھی شرکت کی دعوت دیتا ہوں ۔

تمام گدی وسجادہ نشین صاحبان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی وفدکے ہمراہ تعزیت کیلئے تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور اس ظلم وبربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کی درخواست کی جبکہ ساتھ آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کی بھی یقین دہانی کروائی، ملاقات کے آخر میں شہدائے سانحہ سہیون شریف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) وطن عزیز میں جاری دہشت گردی سے نپنٹنے کےلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ سیاسیات کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں  ااور ا نکی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے رابطہ مہم جارہی ہیں، اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین نے  مرکزی وفد کے ہمراہ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء بیرسٹر احمد رضا خان قصوری اورسابق  چیئر مین سینیٹ پاکستان اور پی پی پی پالیمینٹیرین کے مرکزی جنرل سیکرٹری  سید نیئرحسین بخاری سے ملاقات کی اور انہیں ۲۸ فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت کی۔

وفد میں علامہ محمد یونس مرکزی سیکرٹری یوتھ اورعلامہ محمد اقبال بہشتی شریک تھے، اس موقع پہ ملکی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پہ تفصیلی بات چیت ہوئی.سابق چیئرمین سینٹ سید نیئرحسین بخاری اور بیرسٹر احمد رضا خان قصوری نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا اور اے پی سی میں پی پی پی پارلیمینٹیرین اور آل پاکستان مسلم لیگ کی شرکت کی یقین دھانی بھی کرائی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) ملک میں جاری دہشت گردی ،لاقانونیت اور مقدس مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے 28فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ سیاسیات کی طرف سے ملک کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات کومدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے اس اقدام کو ملک کی اہم جماعتوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔اس سلسلہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین کی قیادت میں ایک وفد نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے اراکین نے زور دیاکہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو بھرپور کردار اداکرنا ہو گا۔ایک مخصوص اور غیر اسلامی سوچ کے حامل عناصر پورے ملک کو نظریاتی و فکری اعتبار سے یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے پورے عزم کے ساتھ مشترکہ جدوجہد دور عصر کی اولین ضرورت ہے۔ ارض پاک کی سلامتی و استحکام شر پسند قوتوں کے خاتمے سے مشروط ہے جسے نتیجہ خیز بنانے کے لیے معتدل جماعتوں میں آراء کا تبادلہ اور مشاورت انتہائی ضروری ہے۔اس مقصد کے لیے مجلس وحدت مسلمین نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک بھر سے سیاسی و مذہبی رہنما شریک ہوں گے ۔

وفد نے یوسف رضا گیلانی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔سابق وزیر اعظم نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملک میں امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کانفرنس میں شریک کی یقین دہانی بھی کراوائی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری، علامہ اعجاز بہشتی اورعلامہ اقبال بہشتی بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ تعلیم کی جانب سے پہلی ٹیچر ٹرینگ ورکشاپ کا انعقاد18,19  فروری کو اسلام آباد میں کیا گیا ،جس میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے اساتذہ نے بھر پور شرکت کی ۔ اس پروگرام میں قائداعظم یونیورسٹی، اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی، بیکن ہائوس سکول اور دیگر بین الاقوامی معیارات کے حامل اداروں کے معروف اساتذہ جن میں ڈاکٹر اسد عباس، عمیر قریشی، ڈاکٹر آفتاب شامل تھےنے لیکچر زدیئے۔ ورکشاپ میں ٹیچر ٹرینگ حکمت عملی کے رویوں کی مدیریت، سوالات کے طریقہ کار ، ٹائم منیجمنٹ ، معیاری ٹیچنگ کے اصول، لیکچر کی تیاری، تعلیم و تربیت ، ہمارانظام تعلیم، مجلس وحدت مسلمین کا سفر خدمت و ہدایت کا سفر جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی ۔ انشاء اللہ یہ ورکشاپ پورے ملک میں اساتذہ کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے انھیں آپس میں مربوط کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گی۔تمام شرکاء نے اس تعلیمی ورکشاپ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور خواہش ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کی ورکشاپش کا انعقاد کیا جائے اس سے نہ صرف مل بیٹھنے کا موقعہ ملتا ہے بلکہ تنظیمی امور میں کیسے مربوط رہنا ہے ، کا تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے ۔ اس دو روزہ ورکشاپ سے علامہ ناصر عباس جعفری ،علامہ اعجاز بہشتی ، علامہ اقبال بہشتی اور دیگر مختلف یونیورسٹیز کے اسکالرز نے بھی خطاب کیا۔ ورکشاپ کے آخری روز علامہ اعجاز بہشتی نے تربیتی موضوع پر لیکچر دیا جسے اساتذہ نے بہت سراہا اور علامہ صاحب کی گفتگو کو نہایت موثر قرار دیا ۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی کی جانب سے  محفلِ دعا و مناجات کا انعقاد کیا گیا اور جسکے بعد تمام اضلاع کی مسؤلین و  خواهران سے روزِ مادر کے حوالے سے میٹنگ کی گئی. نشست کا باقائده آغاز دعأ و مناجات سے کیا گیا.  تلاوتِ دعائے توسل خواہر نایاب (ڈپٹی سیکرٹری ضلع وسطی) نے کی ، جسکےبعد حالاتِ حاضره پر خواہر ندیم زہرہ (مسؤل شعبہ تعلیم و تربیت ضلع وسطی) نے خطاب کیا۔بعد از خطاب سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم آزاد  کشمیر علامہ  تصور جوادی  انکی اہلیہ اور ت سهون، لاهور، پشاور  اور دیگر سانحات میں زخمی ہونے والوں کی جلد شفا یابی کیلئے دعا کی گئی،  اس کے بعد سورۃ فاتحہ برائے بلندی درجات تمام شهداء ملتِ جعفریہ و شهداء سہیون و لاہور و پاکستان کی گئی اسکے بعد میٹنگ بمناسبت "میلاد خاتونِ جنت(ع) اور بچت بازار"کا آغاز خواہر بنین زہرہ معاون مرکزی  سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے کیا۔جس  میں میلاد و جشن، اور بیتِ زہرہ(ع) و بچت بازار کے حوالے سے امور کو حتمی شکل دی گئی اور نشست کا باقائدہ اختتام دعائے سلامتی  امام زمانہ عج اور ملتِ تشیع کی صحت و سلامتی کی دعا سے کیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree