وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ہونیوالی وحدت کانفرنس میں شرکتوں کے حوالے سے دعوتیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی سے مرکزی دفتر المصطفیٰ ہاوس میں ملاقات کی اور انہیں وحدت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ قاسم شمسی نے علامہ عبدالخالق اسدی کو کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور، وحدت ملت اور ملی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھاکہ ’’وحدت کانفرنس‘‘ بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں تمام مسالک کے ساتھ ساتھ تمام مذاہب کے قائدین بھی شریک ہوں گے۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کے تمام باسیوں میں وحدت کو فروغ انتہائی ضروری ہے، جس کیلئے ایم ڈبلیو ایم کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں شعور کی بیداری میں آئی ایس او کے کردار کے معترف ہیں، آئی ایس او نے علماء کی سرپرستی میں اپنا کامیاب سفر جاری رکھا ہوا ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) ملک دشمن عناصر سندھ میں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔حضرت محمد ﷺ اور ان کی آل پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے۔ اہلبیت اطہار علیہم السلام کی گستاخی توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہے جس کے مرتکب کو سرعام پھانسی ملنی چاہئے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے بعد نماز جمعہ خوجہ جامع مسجد اثناء عشری کھارادر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے تمام مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون عبد الستار جمالی نے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا۔توہین اہلبیت کی اس جسارت نے پورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔عبد الستار جمالی نہ صرف مقدسات کی توہین کا ارتکاب کیا ہے بلکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔
اس اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر جمعہ کے روزسندھ کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اس حوالے سے جامع مسجد نور ایمان،جامع مسجد حیدری اونگی ٹاون کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیئے گئے جس میں مولانا ملک عباس،علامہ صادق جعفری،علامہ علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن،ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما وں نے خطاب کرتے ہوئے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین سندھ اول اسلام کے بعد سے ہی اولیاء اللہ کا مسکن رہی ہے اور اس سرزمین پر مشہور معروف صوفی و مذہبی شخصیات کی آمد و رفت رہی ہے اور انہی کی بدولت اسلام پھیلا ہے جبکہ آج سندھ دھرتی پر چند نفرت انگیز عناصر دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان کے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے یہاں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں کہ سندھ دھرتی میں بسنے والے پر امن اورعاشقان محمد و آل محمد علیہم السلام کے راستوں میں رکاوٹ بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر چلنے والے یہ ناعاقبت اندیش عناصر کبھی توہین رسالت کے مرتکب ہو تے ہیں تو کبھی اہل بیت رسول کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے سندھ کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں، عبد الستار جمالی کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔مقررین نے احتجاجی مظاہروں میں حکومت سے جبری لاپتہ شیعہ افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہورشعبہ خواتین بیدیاں روڈ یونٹ کی جانب سے ولادت باسعادت سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیامحترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے فضائل و مناقب ختمی مرتبت آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم و امام جعفر صادق علیہ السلام بیان کیے۔
محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ آج کا دن صادقین علیہم السلام سے منسوب ہے ۔پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص)کی ذات اقدس و اہلبیت علیہم السلام خداوند متعال کے جمال و کمال کا مظہر ہیں ۔اہل بیت کا دامن تھامنا اور ان سے تمسک کرنا قرآن و سنت کی صحیح شناخت کا حقیقی راستہ ہے۔ شرکاۓ محفل سے خطاب کرتے ہوئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ مبارک ایام جہاں ہمارے لیے خوشی و مسرت کا باعث ہیں وہیں ان عظیم ھستیوں کا کردار حسنہ ہمیں عمل کے ذریعے راہ نجات کی طرف دعوت دیتا ہے۔
وحدت نیوز(رجوعہ سادات) جامعہ بعثت رجوعہ سادات میں عظیم الشان جشن ولادت صادقین حضرت محمد مصطفیؐ و امام جعفر صادق علیہ سلام کا انعقاد ھوا جس میں جامعہ کی طالبات کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری شعبہ ورکنگ وومن محترمہ ڈاکٹر ردا فاطمہ اور رجوعہ سادات کے یونٹس کی مومنات نے شرکت کی ۔
میلاد سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور جامعہ بعثت کی پرنسپل محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے خطاب کیا اور شان رسالت مآب صل اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کرتے ہوۓ ان کا کہنا تھا پیامبر اکرم (ص) پوری کائنات کے لیے رحمت بن کر تشریف لاۓ۔ انسانی زندگی میں تزکیہ نفس ہو یا مادی ترقی ، معنوی کمالات کو حاصل کرنا ھو یا دنیاوی زندگی کی روش ، غرض یہ کہ ہر شعبے میں تمام عالم انسانیت کے لیے ایک مکمل مثال ہمارے لیے ذات کریم حضرت محمد مصطفی (ص) میں موجود ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ صادق الامین پیمبر ع کے جانشین کو بھی صادق ھونا چاہئیے امام جعفر صادق ع تمام اوصاف و کمالات میں اپنے جد رسول خدا (ص) کی شبیہ ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ولادت باسعادت حضرت محمد (ص) کے سلسلے میں سالانہ میلادالنبی ریلی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے نکالی گئی ،ریلی کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں راو محمد عارف رضوی، رکن الدین حامدی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا فرمان حیدر، سلیم عباس صدیقی،مرزا وجاہت علی، مظہر عباس کات، وسیم عباس زیدی، سید دلاور عباس زیدی، سید ندیم عباس کاظمی، عاطف حسین نے کی۔
ریلی گلشن مارکیٹ، مدنی چوک، چوک کمہارانوالہ، معصوم شاہ روڈ ، علی چوک، دولت گیٹ چوک ، حسین آگاہی سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پہنچی ، جہاں قائدین نے خطاب کیا، راستے میں جگہ جگہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا گیا، چوک کمہاراں والا ، کچی سرائے اور دولت گیٹ چوک پر استقبال کیا گیا،ریلی میں مسجد نبوی کے ماڈل اور سبز پرچم نمایاں تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے، رسول خدا کی ذات تمام عالم اسلام کے لئے نقطہ اتحاد ہے، ہمیں رسول خدا کی محبت میں ایک ہونے کی ضرورت ہے، شیعہ سنی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اس ملک میں شیعہ سنی وحدت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر انتظامات قابل تحسین ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال عاشقان مصطفی کے جوش و جذبے اور ولولے میں اضافہ نظر آرہا ہے، متحدہ میلاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے میلادالنبی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہے، ہمیں اس شہر اور ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اسی اخوت اور محبت کی ضرورت ہے، ہم عاشقان مصطفی کے خادم ہیں،علامہ قاضی نادر علوی کا کہنا تھا کہ اس وقت جو ملکی صورتحال ہے اس میں رسول خدا کی عملی سیرت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف زبانی دعوے خرچ سے معاشرہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، ہر شخص اپنی ذمہ داری ادا کرے گا تب ملک میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ ریلی میں فخر نسیم، رانا فیضان الحسینی، ثقلین نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین پر اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت ساری دنیا کے امن کو تہس نہس کر کے رکھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظالم میں مسلسل اضافہ پریشان کُن ہے۔اسرائیلی کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ فلسطین کا مسئلہ محض زمینی تنازع نہیں بلکہ یہ نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے۔اسرائیلی بربریت پر اقوام عالم کی دانستہ چشم پوشی عالمی امن کو ناقابل تلافی نقصان کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ایک انتہائی المناک سانحہ ہے ۔اسرائیلی مظالم پر امت مسلمہ کی مجرمانہ خاموشی زخمی سینوں پر تیر چلانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر اور یمن سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو بدترین انتقامی کاروائیوں کا سامنا ہے۔ عالم اسلام کی خاموشی نے دشمنوں کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہیں۔امت مسلمہ کو اپنی بقا کے لیے ان مظالم کے خلاف آواز بلندکرنا ہو گی۔یہود و نصاری مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
انہوںنے مزیدکہاکہ باوقار زندگی گزارنے کا اصول اورحالات کا تقاضہ یہ ہے کہ دشمن کو اسی کے لہجے میں جواب دیا جائے۔ امت مسلمہ نے اگر یہ بے حسی ترک نہ کی تو پھر سنگین نتائج کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔