وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی علامہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نویں روز بھی ملتان پریس کلب کے سمانے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا۔ بھوک ہڑتالی کمپ میں ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضٰ نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین ہادی،سید وسیم عباس زیدی،جام اطہر حیات،سید ناصر عباس گردیزی اور دیگر موجود تھے۔ کیمپ میں موجود شرکاء نے نماز مغرب پریس کلب کے سامنے ادا کی اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ ہمارااحتجاج ظلم کے خلاف ہے، کوئی بھی شخص چاہے وہ چرچ میں مارا جائے یا مندر میں چاہے میلاد کے جلوس میں شہید ہو یا کسی دربار میں انسانیت کا قتل ہے اور اس پر ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔ پاکستان میں ضیائی فکر کاپرچار کر کے انتہا پسندی کو فروغ دیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈیمو گرافک تبدیلیوں سے ہمارے اوپر انتہا پسند مسلط کیے جا رہے ہیں۔ جب تک داعش مائند سیٹ کو شکست نہیں دی جائے گی تب تک وطن عزیز کوقائد و اقبال کاپاکستان نہیں قرار دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم صرف دہشت گردی کا شکار تھے اب ہم ریاست گردی کی بھی لپٹ میں ہیں۔پاکستان میں اہلسنت کے بعد دوسری بڑی اکثریت ملت تشیع کی ہے۔ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے ملک کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمارے خطبا و ذاکرین کو اپنے علاقوں تک محدود کیا جا رہا ہے۔ عزاداری کو محدود کرنے کی جو کوشش پہلے انتہا پسند قوتیں کرتی آئی ہیں اب ریاستی ادارے بھی اس میں شریک ہو گئے ہیں۔علامہ قاضی نادر حسین علوی نے واضح کیا کہ جب تک وفاقی حکومت کی طرف سے ملت تشیع کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی اور اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کا ہڑتالی کیمپ ملک کے ہر اس باشعور فرد کی ترجمانی کرتا ہے جو ملک میں جبر و ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ مذہبی تنگ نظری اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے۔ دہشتگردوں کے سہولت کار ملک و قوم کے غدار ہیں۔ اس ظلم و بربریت کے خلاف ہم اپنی سوچ، نظریہ اور افرادی قوت کے ساتھ علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے شیعہ کمیونٹی کے پڑھے لکھے طبقے اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دونوں سیاسی رہنماوں کی آمد پر شکریہ ان کا ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو کمزور کرنے کے لئے اسے گروہ در گروہ تقسیم کیا جا رہا ہے، حتی کہ مقتولوں کی شناخت بھی مذہب و مسلک کے ساتھ نتھی کی جا رہی ہے۔ ہندو، عیسائی، سکھ اور مسلمانوں سمیت کوئی بھی قتل ہو، یہ انسانیت کا قتل ہے، ہم اس ظلم کے خلاف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں اس ملک کی تباہی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ ظلم، ناانصافی، ریاستی جبر اور حکومتی اداروں کا اختیارات سے تجاوز قومی بدحالی کا بنیادی سبب ہے۔ ہم نے انصاف کے حصول اور قومی سلامتی کے لئے جو مطالبات پیش کر رکھے ہیں، ان پر جب تک عمل درآمد نہیں ہوتا، تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ چھ روز سے جاری، کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی،مولانا ہادی حسین ہادی، مولانا عمران ظفر،قاسم شمسی،ثقلین نقوی اور دیگر موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے نماز مغرب پریس کلب کے سامنے ادا کی اور نماز مغرب کے بعد شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر علامہ اقتدرا حسین نقوی نے کہا کہ ایک طے شدہ سازش کے تحت فوج کے امیج کو خراب کیا جا رہا۔انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان سے لے کر پارہ چنار تک ملک کے باوقار عسکری ادارے سے ایسی کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے جو افواج پاک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔انہیں نے کہا کہ پارہ چنار میں تین بے گناہ افراد کو سر میں گولیاں مارنے والے کمانڈنٹ ،ایف سی و لیویز اہلکاروں کو فوری گرفتار کر کے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے ۔مختلف اداروں میں موجود داعش مائنڈ سیٹ وطن عزیز کے عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔دشمن غیر محسوس طریقے سے اپنی جنگ سرحدوں کے اندر لے آیاہے۔وطن عزیزکے اندر موجود ملک دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت کو ذاتی تعلقات اور بیرونی دباو سے بالاتر ہو کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ملتان کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے زیرہ اہتمام جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں جلالپور،پیروالا،علی پور،ڈیرہ غازیخان،بھکر،اور راجن پور میں بھی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اور علامہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کے لیے علامی بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے گئے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے گزشتہ چھ روز سے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جارہا ہے جن کا موقف ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(شہدادکوٹ) شہداد کوٹ میں منعقدہ عوامی اجتماع اور ایم ڈبلیوایم کی بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملہ سنگین جرم اور نا قابل معافی عمل ہے۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختیار ریاست ہے ،اسے شیطان بزرگ امریکہ کی کالونی نہ سمجھا جائے۔ امریکہ اپنے انسان دشمن رویے کے باعث اقوام عالم کی نظر میں منفور ہوچکا ہے۔ہم امریکہ اور اسرائیل کو تمام دہشت گرد تنظیموں کا بانی اور سر پرست سمجھتے ہیں،اور امریکہ، اسرائیل اور ان کے پالتو دہشت گرد تنظیموں سے نفرت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جو جدوجہد کی ہے وہ لائق صد تحسین ہے۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انتہائی جرائت اور بہادری سے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی ہے، ان کی بھوک ہڑتال کو گیارہ دن گذر چکے ہیں۔ قائد وحدت نے حکم دیا تو سندہ سے ہزاروں عاشقان اہل بیت ؑ ان سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد مارچ کریں گے۔ نواز حکومت دھشت گردوں کی ہمدرد بننے کی بجائے امن پسند قوتوں کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے وارثان شہداء پوچھتے ہیں کہ آخر ہمارے قاتلوں اور دھشت گردوں کو کب سزا ہوگی، اور آخر اس ملک سے دھشت گردی کا خاتمہ کیوں نہیں ہورہا۔ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود کالعدم دھشت گرد جماعتوں کی سرگرمیاں کیوں جاری ہیں؟۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) عوامی مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک نازک ترین صورتحال سے گزر رہا ہے۔امت مسلمہ باہمی خلفشار اورعدم استحکام کا شکار ہے ۔عالمی طاقتیں پاکستان میں ایسے ہی حالات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔مذہبی ہم آہنگی اور وحدت و اخوت سے ان سازشوں کو شکست دینا ہو گی۔ملک اس وقت معاشی واقتصادی مسائل میں جھکڑاہوا ہے۔بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ اکنامک کوریڈور کے حوالے سے اہم پیٖغام ہے۔ اگلے چار ماہ انتہائی اہم ہوں گے۔ عید کے بعد ایک نیا سیاسی میدان سجے گا۔علامہ ناصر عباس قوم کی ایک مدبر قیادت اور اعلی فہم و فراست کی مالک شخصیت ہیں ۔میری ان سے درخواست ہے کہ ظلم و کرپشن کے خلاف اور وطن عزیز کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔علامہ ناصر عباس جعفری نے شیخ رشید کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا رخ دہشت گرد قوتوں سے ہٹا کر پرامن شہریوں کی طرف موڑ نا ضرب عضب کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی کوشش ہے۔ملک کے ہر مظلوم طبقے کو یہ امید تھی کہ نیشنل ایکشن پلان عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کرے گا لیکن اسے انتقامی کاروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔میری جدوجہد مظلوم کی حمایت میں ہے چاہے وہ مظلوم سکھ ہو ،کافر ہو ،عیسائی ہو یا کسی بھی مکتبہ فکر سے اس کا تعلق ہو۔انہوں نے کہا کہ خرم ذکی ایک جرات مند محب وطن تھا ۔اس سے تکفیری قوتوں نے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ہم اس کی قانونی جنگ لڑیں گے اور اس کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔علامہ ناصر عباس نے شیخ رشید سے کہا کہ ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے۔

وحدت نیوز(جھل مگسی) ضلع جھل مگسی گنداواہ میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کے شرکاء سے MWM رہنمائوں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر کی طرح آج گنداواہ میں بھی ریلی نکال کر اہل بلوچستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر مرحلے پر قائد وحدت کے ساتھ ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree