وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی میں اولیاء کرام کے مزارات پر پابندی ختم کی جائے، ضلع کرم میں بڑھتی بدامنی پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
بادشاہ انور غگ کمیٹی کے زیر اہتمام کرم پریس کلب پاراچنار میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں اولیاء کرام کے مقدس مزارات پر تعمیراتی پابندی کو ختم کیا جائے اور ان مزارات کو زائرین کے لیے فوری طور پر کھولا جائے۔ یہ مزارات نہ صرف روحانی مراکز ہیں بلکہ علاقے کی ثقافتی اور تاریخی پہچان کا حصہ بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم بالخصوص سنٹرل کرم اور لوئر کرم میں حالیہ دنوں میں دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے علاقے میں بدامنی اور عوامی اضطراب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایم این اے حمید حسین طوری نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگرد عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام کو امن و تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ علاقے میں عوام سے تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اُن سے اسلحہ واپسی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جو موجودہ حالات میں غیر منطقی اور عوامی تحفظ کے تقاضوں کے منافی ہے۔
آخر میں ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قبائلی اضلاع کے مسائل کو سنجیدگی سے لے، اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے۔