Print this page

سانحہ پشاور کےزخمیوں کے علاج معالجے میں ہسپتال انتظامیہ کی غفلت قابل مذمت ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

08 مارچ 2022

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے سانحہ پشاور کے زخمیوں کے علاج معالجے میں ہسپتال کے عملے کی غفلت کی پُرزور انداز میں مذمت کی ہے۔

 اپنے ایک بیان میں علامہ اسدی کا کہنا ہے کہ پشاور مسجد دھماکے میں زخمی ہونیوالے شہریوں کو طبی امداد کی فراہمی میں ہسپتال کا عملہ غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے، کبھی ادویات نہیں تو کبھی ٹیسٹوں کیلئے معاملات کو تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد اب تک 5 سے زائد زخمی شہید ہو چکے ہیں، اگر انہیں بروقت طبی امداد اور بہتر طبی سہولتیں مل جاتیں تو وہ بچ سکتے تھے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ، وزیر صحت کے پی اور گورنر کے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی مسجد کے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور وزیرصحت خود موقع پر جا کر زخمیوں کے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

 انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جو زخمی بعد میں شہید ہوئے ہیں، ان کی بھی انکوائری کروائی جائے کہ انہیں بروقت طبی امداد کیوں فراہم نہیں کی گئی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree